۹۔ سورۃ التوبة

تفسیر صغیر, حصہ 10

کیا وہ شخص جو اپنی عمارت کی بنیاد اللہ کے تقویٰ اور رضامندی پر رکھتا ہے زیادہ اچھا ہے یا وہ جو اپنی عمارت کی بنیاد ایک پھسلنے والے کنارے پر رکھتا ہے جو گر رہا ہوتا ہے پھر وہ کنارہ اس عمارت سمیت جہنم کی آگ میں گر جاتا ہے اور اللہ ظالم قوم کو (کامیابی کا) راستہ نہیں دکھاتا۔

وہ بنیاد جو انہوں نے بنائی تھی ہمیشہ ان کے دلوں میں خلش کا موجب رہے گی سوائے اس کے کہ ان کے دل ٹکڑے ٹکڑے ہو جائیں (اور وہ مر جائیں) اور اللہ بہت جاننے والا (اور) بڑی حکمت والا ہے۔

اللہ نے مومنوں سے ان کی جانوں اور ان کے مالوں کو (اس وعدہ کے ساتھ) خرید لیا ہے کہ ان کو جنت ملے گی (کیونکہ) وہ اللہ کے راستہ میں لڑتے ہیں۔ پس (یا تو وہ) اپنے دشمنوں کو مار لیتے ہیں یا خود مارے جاتے ہیں یہ ایک ایسا وعدہ ہے جو اس[1] پر لازم ہے (اور) تورات اور انجیل (میں بھی بیان کیا گیا ہے) اور قرآن میں (بھی) اور اللہ سے زیادہ اپنے وعدہ کو پورا کرنے والا کون ہے پس (اے مومنو)! اپنے اس سودے پر خوش ہو جاؤ جو تم نے کیا ہے اور یہی وہ بڑی کامیابی ہے (جس کا مومنوں کو وعدہ دیا گیا ہے۔)

[1] یعنی خداتعالیٰ پر۔

جو (لوگ) توبہ کرنے والے ہیں، عبادت کرنے والے ہیں (خدا کی) حمد کرنے والے ہیں (خدا کی راہ میں) سفر کرنے والے ہیں، رکوع کرنے والے ہیں، سجدہ کرنے والے ہیں نیک باتوں کا حکم دینے والے ہیں اور ُبری باتوں سے روکنے والے ہیں اور اللہ کی حدود کی حفاظت کرنے والے ہیں۔ ایسے مومنوں کو تو بشارت دے دے۔

نبی اور مومنوں کی شان کے خلاف تھا کہ مشرکوں کے لئے استغفار کرتے، خواہ وہ قریبی رشتہ دار کیوں نہ ہوں بعد اس کے کہ ان پر ظاہر ہو گیا کہ وہ دوزخی ہیں۔

اور ابراہیم کا استغفار اپنے باپ کے لئے صرف اس وجہ سے تھا کہ اس نے اس سے ایک وعدہ کیا تھا۔ مگر جب اس پر ظاہر ہو گیا کہ وہ اللہ کا دشمن ہے تو وہ اس وعدہ سے پوری طرح دست بردار ہو گیا۔ ابراہیم بہت ہی نرم دل اور عقل مند تھا۔

اور یہ اللہ کی شان کے خلاف ہے کہ کسی قوم کو ہدایت دینے کے بعد اسے گمراہ [2]قرار دے جب تک کہ وہ ان کے سامنے وہ (امور) نہ بیان کر دے جن سے ان کو بچنا چاہیے اللہ ہر ایک چیز کو جانتا ہے۔

[2] اَضَلَّ کے معنے گمراہ قرار دینے کے بھی ہوتے ہیں (مفردات)

آسمانوں اور زمین کی بادشاہت یقیناً اللہ کی ہے۔ وہ زندہ بھی کرتاہے اور مارتا بھی ہے اور اللہ کے سوا نہ کوئی تمہارا دوست ہے اور نہ مددگار۔

اللہ نے نبی اور مہاجرین اور انصار پر بڑا فضل کیا ہے (یعنی ان لوگوں پر) جنہوں نے اس (نبی) کی تکلیف کی گھڑی میں جبکہ ان میں سے ایک گروہ کے دل کسی قدر شک میں پڑ گئے تھے اتباع کی۔ پھر اس نے ان (کمزوروں) پر بھی فضل کر دیا۔ وہ ان (مومنوں) سے یقیناً محبت کرنے والا (اور) باربار رحم کرنے والا ہے۔

اسی طرح ان تینوں[1] پر بھی (اس نے فضل کیا) جو کہ پیچھے چھوڑے گئے تھے، یہاں تک کہ جب زمین باوجود فراخی کے ان پر تنگ ہو گئی اور ان کے اپنے نفس بھی ان پر بار بن گئے اور انہوں نے خیال کیا کہ اللہ کے غضب سے بچنے کے لئے سوائے اس کے اور کوئی پناہ نہیں تو ان کی حالت دیکھ کر اللہ نے ان پر فضل کیا تا کہ وہ بھی توبہ کریں۔ اللہ یقیناً باربار توبہ قبول کرنے والا (اور) باربار رحم کرنے والا ہے۔

[1] ان تین صحابہ ؓ کی طرف اشارہ ہے جو منافق نہ تھے، محض غلطی کی وجہ سے جنگِ تبوک میں رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے ساتھ جانے سے رہ گئے تھے پس چونکہ وہ مومن تھے، ان کو رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے اللہ تعالیٰ کے حکم سے سزا دی اور جو منافق تھے اُن کو چھوڑ دیا اور سزا نہ دی۔

اے مومنو! اللہ کا تقویٰ اختیار کرو اور صادقوں (کی جماعت) کے ساتھ شامل ہو جاؤ۔

اہل مدینہ اور جو ان کے ارد گرد دیہاتی (اورجنگلی) رہتے ہیں ان کو مناسب نہ تھا کہ اللہ کے رسول کو (اکیلا) چھوڑ کر آپ پیچھے رہ جاتے اور نہ (یہ کہ) اس کی جان سے بے پرواہ ہو کر اپنی جانوں کی فکر میں لگ جاتے۔ یہ (فیصلہ) اس لئے (کیا جاتا) ہے کہ کوئی پیاس یا تھکان یا بھوک کی گھڑی ان پر اللہ کے رستہ میں نہیں آتی اور نہ وہ کسی زمین پر قدم مارتے ہیں جو کفار کو غصہ دلاتا ہو اور نہ وہ دشمن پر کوئی فتح پاتے ہیں کہ ان کے لئے اس کے بدلہ میں نیک عمل نہ لکھا جاتا ہو۔ اللہ محسنوں کا اجر کبھی ضائع نہیں کرتا۔

·

آج 10 میں سے 10 باقی