۱۰۔ سورۃ يونس

تفسیر صغیر

(مَیں) اللہ کا نام لے کر جو بے حد کرم کرنے والا (اور) باربار رحم کرنے والا ہے (پڑھتا ہوں)۔

میں[1] اللہ دیکھنے والا ہوں۔ یہ (یعنی اس سورۃ کی آیتیں) کامل (اور) پرحکمت کتاب کی آیتیں ہیں۔

[1] الٓـرٰ۔ یہ حروف قائم مقام ہیں اَ نَا اللّٰہُ اَرٰی کے۔ یعنی میں اللہ دیکھنے والا ہوں۔ کس اصول کے ماتحت یہ الفاظ نکالے گئے ہیں۔ اس کے لئے دیکھئے سورۃ بقرۃ آیت۲ نوٹ نمبر۱۔

کیا لوگوں کے نزدیک ہمارا ان میں سے ایک شخص پر (یہ) وحی کرنا کہ لوگوں کو ہوشیار کر اور جو لوگ ایمان لائے ہیں انہیں بشارت دے کہ ان کے لئے ان کے رب کے حضور میں ایک ظاہر و باطن طور پر کامل درجہ ہے (ایسا) عجیب (امر) تھا (کہ) ان کافروں نے کہہ دیا کہ یہ (شخص) ضرور ہی کھلا کھلا دھوکہ باز ہے۔

تمہارا رب یقیناً اللہ ہے جس نے آسمانوں اور زمین کو چھ وقتوں میں پیدا کیا۔ پھر وہ عرش پر قرار فرما ہوا وہ ہر امر کا انتظام کرتا ہے (اس کے حضور میں) کوئی بھی (کسی کا) شفیع نہیں (ہوسکتا) سوائے اس کی اجازت کے (سنو)! یہ اللہ (مذکورہ بالا صفات والا ہے) (اور وہی) تمہارا رب ہے۔ اس لئے تم اسی کی عبادت کرو۔ کیا تم (باوجود ان باتوں کے) پھر بھی نصیحت حاصل نہیں کرو گے۔

اسی کی طرف تم سب کو لوٹ کر جانا ہے (یہ) اللہ کا وعدہ ہے (جو) پورا ہو کر رہنے والا (ہے) وہ یقیناً مخلوق کو پیدا کرتا ہے۔ پھر اسے لوٹاتا ہے تا کہ جو لوگ ایمان لائے اور انہوں نے نیک (اور مناسب حال) کام کئے انہیں اجر میں کامل حصہ دے اور جن لوگوں نے کفر (اختیار) کیا ان کے لئے کھولتا ہوا پانی پینے کے لئے ہوگا اور ایک دردناک عذاب ہوگا کیونکہ وہ کفر کرتے (چلے جاتے) تھے۔

وہی ہے جس نے سورج کو ذاتی روشنی (والا) اور چاند کو نور (والا) بنایا ہے اور ایک اندازہ کے مطابق اس کی منزلیں بنائی ہیں تا کہ تمہیں سالوں کی گنتی اور حساب معلوم ہو۔ اس (سلسلہ) کو اللہ نے حق (وحکمت) کے ساتھ ہی پیدا کیا ہے وہ ان آیات کو علم والے لوگوں کے لئے تفصیل کے ساتھ بیان کرتا ہے۔

رات اور دن کے آگے پیچھے آنے اور جو کچھ اللہ نے آسمانوں اور زمین میں پیدا کیا ہے (اس میں) متقی لوگوں کے لئے یقینی طور پر بہت سے نشان ہیں۔

جو لوگ ہم سے ملنے کی امید نہیں رکھتے اور اس ورلی زندگی پر راضی ہو گئے ہیں اور اس پر انہوں نے اطمینان پکڑ لیا ہے اور (پھر) جو لوگ ہمارے نشانوں (کی طرف) سے غافل ہو گئے ہیں۔

ان (سب) کا ٹھکانا ان کی (اپنی) کمائی کی وجہ سے یقیناً (دوزخ کی) آگ ہے۔

جو لوگ ایمان لائے اور انہوں نے نیک (اور مناسب حال) عمل کئے انہیں ان کا رب ان کے ایمان کی وجہ سے (کامیابی کے راستہ کی طرف) ہدایت دے گا (اور) آسائش والی جنتوں میں انہی کے (تصرف کے) نیچے نہریں بہتی ہوں گی۔

ان (جنتوں) میں (خدا کے حضور) ان کی پکار (یہ) ہوگی اے اللہ! تو پاک ہے اور ان کی (ایک دوسرے کے لئے) دعا یہ ہوگی (کہ تم پر ہمیشہ کے لئے) سلامتی ہو اور سب سے آخر میں وہ بلند آواز سے یہ کہہ دیں گے کہ اللہ ہی سب تعریفوں کا مستحق [1]ہے جو تمام جہانوں کا رب ہے۔

[1] جنت کی رہائش کے بعد سوائے اَلْحَمْدُ لِلّٰہِ کے ان کے منہ سے کچھ نہ نکلے گا کیونکہ وہ اپنے بدلہ پر پوری طرح مطمئن ہوں گے۔ یہ بھی مراد ہے کہ مومنوں کا انجام ایسا اچھا ہوتا ہے کہ آخری نتیجہ کے وقت وہ اللہ تعالیٰ کی تعریف اور حمد ہی کرتے ہیں۔ یعنی ہمیشہ کامیاب ہوتے ہیں۔

اور اگر اللہ لوگوں پر (ان کے اعمال کی) بدی (کا نتیجہ) ان کے مال کو جلد چاہنے کی طرح جلد وارد کرتا تو ان کی (زندگی کے اختتام کی) میعاد ان پر لائی جا چکی ہوتی۔ (مگر چونکہ ہم نے ایسا پسند نہیں کیا) اس لئے ہم ان لوگوں کو جو ہماری ملاقات کی امید نہیں رکھتے اس حالت میں چھوڑ رہے ہیں کہ وہ اپنی سرکشی میں سرگرداں پھر رہے ہیں۔

10 von 10 heute frei