۱۰۔ سورۃ يونس
تفسیر صغیر, حصہ 2
اور جب انسان کو تکلیف پہنچتی ہے تو وہ اپنے پہلو کے بل (لیٹا ہوا) یا بیٹھا ہوا یا کھڑا ہوا ہمیں پکارتا ہے۔ پھر جب ہم اس کی تکلیف کو اس سے دور کر دیتے ہیں تو وہ (اس طرح سے کتراکر) گذر جاتا ہے (کہ) گویا اس نے کسی تکلیف (کے دور کرنے) کے لئے جو اسے پہنچی تھی ہمیں پکارا ہی نہیں تھا۔ اسی طرح تمام حد سے بڑھ جانے والوں کو جو کچھ وہ کیا کرتے ہیں خوبصورت کرکے دکھلایا گیا ہے۔
اور ہم یقینی طور پر تم سے پہلے (بھی) قوموں کے بعد قوموں کو جبکہ انہوں نے باوجود اس کے کہ ان کے پاس ان کے رسول کھلے نشان لے کر آئے تھے ظلم کیا تھا اور ایمان نہ لائے تھے ہلاک کر چکے ہیں ہم مجرم لوگوں کو اسی طرح بدلہ دیا کرتے ہیں۔
پھر ان کے بعد ہم نے تمہیں زمین میں (ان کا) جانشین بنایا، تا کہ ہم دیکھیں کہ تم کیسے عمل کرتے ہو۔
اور جب انہیں ہماری روشن آیات پڑھ کر سنائی جاتی ہیں تو جو لوگ ہمارے ملنے کی امید نہیں رکھتے وہ کہہ دیتے ہیں کہ (اے محمد)! تو اس کے سوا کوئی اور قرآن لے آ۔ یا اس میں (ہی کچھ) تغیر (وتبدل) کر دے۔ تو (انہیں) کہہ (کہ یہ) میرا کام نہیں کہ میں اس میں اپنی طرف سے (کوئی) تغیر (وتبدل) کردوں۔ میں (تو) جو (کچھ) مجھ پر وحی (سے حکم نازل) کیا جاتا ہے، اسی کی پیروی کرتا ہوں اور اگر میں اپنے رب کی نافرمانی کروں تو میں ایک بڑے (ہولناک) دن کے عذاب سے ڈرتا ہوں (کہ مجھے نہ آپکڑے)۔
(اور) تو (انہیں) کہہ کہ اگر اللہ کی (یہی) مشیت ہوتی (کہ اس کی جگہ کوئی اور تعلیم دی جائے) تو مَیں اسے [1]تمہارے سامنے پڑھ کر نہ سناتا اور نہ وہ (ہی) تمہیں اس (تعلیم) سے آگاہ کرتا۔ چنانچہ اس سے پہلے میں ایک عرصہ دراز تم میں گزار چکا[2] ہوں کیا پھر (بھی) تم عقل سے کام نہیں لیتے۔
[1] یعنی موجودہ قرآن کی تعلیم کو۔
[2] یعنی کیا تم میری گذشتہ زندگی کو نہیں دیکھتے کہ خداتعالیٰ تو الگ رہا، میں انسان کے متعلق بھی کوئی جھوٹی بات نہیں کہتا تھا۔
پھر (تم ہی بتاؤ کہ) جو اللہ پر بہتان باندھے یا اس کے نشانات کو جھٹلائے اس سے بڑھ کر کون ظالم ہوگا (غرض) یہ یقینی بات ہے کہ مجرم لوگ کامیاب نہیں ہوتے۔
اور یہ (لوگ) اللہ کو چھوڑ کر ایسی چیز کی پرستش کرتے ہیں جو نہ انہیں نقصان دیتی ہے اور نہ نفع پہنچاتی ہے اور کہتے ہیں (کہ) یہ (ہمارے معبود) اللہ کے حضور میں ہمارے شفیع ہیں۔ تو (انہیں) کہہ (کہ) کیا تم اللہ کو وہ (بات) بتاتے ہو جس[3] کے متعلق نہ آسمانوں میں (پائے جانے کا) اسے علم ہے اور نہ (ہی) زمین میں (کہیں اس کے وجود کا کوئی پتا ہے) وہ پاک ہے اور ان کے شریک ٹھہرانے سے وہ بالاتر ہے۔
[3] یعنی جس کا خدا کو علم نہیں وہ بات ہو ہی کس طرح سکتی ہے۔
اور (تمام) لوگ ایک ہی گروہ [1](بنے ہوئے) تھے۔ پھر انہوں نے آپس میں اختلاف (پیدا) کر لیا اور جو بات تیرے رب کی طرف سے پہلے (بصورت وعدہ) آچکی [2]ہے اگر وہ (مانع) نہ ہوتی تو جس (امر) میں وہ اختلاف کر رہے ہیں اس کے متعلق ان کے درمیان (کبھی کا) فیصلہ (صادر) کیا جا چکا ہوتا۔
[1] یعنی کفر و ضلالت پر متحد تھے۔ جیسے رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا اَلْـکُفْرُ مِلَّۃٌ وَّاحِدَۃٌ یعنی کافر شرارتوں میں دوسرے سب کافروں سے مل کر ایک ہی قوم بن جاتے ہیں۔ نیز دیکھو نوٹ سورۂ بقرہ آیت ۲۱۴۔
[2] یہ رَحْمَتِیْ وَسِعَتْ کُلَّ شَیْ ءٍ کی طرف اشارہ ہے۔
اور وہ کہتے ہیں کہ اس (رسول) پر اس کے رب کی طرف سے کوئی نشان کیوں نہیں اتارا گیا تو (انہیں) کہہ (کہ) ہر غیب (کی بات کا علم) اللہ ہی کو حاصل ہے اس لئے تم (اس کا) انتظار کرو، میں (بھی) تمہارے ساتھ انتظار کرنے والوں میں سے ہوں۔
اور جب لوگوں کو کسی تکلیف کے بعد جو انہیں پہنچی ہو ہم (کسی قدر اپنی) رحمت (کا مزہ) چکھاتے ہیں تو جھٹ ہمارے نشانوں کے متعلق ان کی طرف سے کوئی (نہ کوئی مخالفانہ) تدبیر ہونے لگتی ہے۔ تو (انہیں) کہہ (کہ اس کے مقابل پر) اللہ کی تدبیر تو بہت ہی جلد (کارگر) ہوا کرتی ہے (اور) تم جو تدابیر (بھی) کرتے ہو ہمارے فرستادے انہیں لکھتے رہتے ہیں۔
وہ (خدائے کریم) ہی ہے جو تمہیں (توفیق دیکر) خشکی اور تری میں چلاتا ہے۔ یہاں تک کہ جب تم لوگ کشتیوں میں (سوار) ہوتے ہو اور وہ عمدہ ہوا کے ذریعہ سے ان[1] (لوگوں) کو بھی لیکر چل رہی ہوتی ہیں اور وہ ان[2] پر اِترا رہے ہوتے ہیں تو ان پر ایک (تندو) تیز ہوا آجاتی ہے اور ہر طرف سے موج (پر موج) ان پر (چڑھ) آتی ہے اور[3] وہ سمجھنے لگتے ہیں کہ (اب) وہ ہلاکت (کے منہ) میں آگئے ہیں تو (ایسے وقت میں) وہ (اپنی) اطاعت کو خدا کے لئے خالص کرتے ہوئے اس کو پکارتے ہیں (اور کہتے ہیں کہ اے اللہ)! اگر تو نے ہمیں اس (مصیبت) سے نجات دی تو ہم ضرور ہی (تیرے) شکر گذاروں (کے زمرہ) میں (داخل) ہو جائیں گے۔
[1] اس جگہ مومن و کافر کا اکٹھا ذکر کیا ہے کیونکہ دونوں ایک ہی کشتی میں سوار ہوتے ہیں۔
[2] یعنی کشتیوں کے شاندار چلنے پر۔
[3] اس جگہ اب خالص کافروں کا ذکر ہے جو خداتعالیٰ کی نُصرت پر یقین نہیں رکھتے۔
پھر جب وہ انہیں (اس عذاب سے) نجات دیکر خشکی پر پہنچاتا ہے تو وہ جھٹ زمین میں ناحق سرکشی کرنے لگتے ہیں (اے لوگو)! تمہارا صرف ورلی زندگی کو چاہنا تمہارے نفسوں پر (وبال بن کر) پڑے گا۔ پھر ہماری طرف تمہاری واپسی ہوگی۔ تب جو (کچھ کہ) تم کرتے رہے ہوگے، ہم اس سے تمہیں آگاہ کریں گے۔