۱۱۔ سورۃ هود
تفسیر صغیر
(مَیں) اللہ کا نام لے کر جو بے حد کرم کرنے والا (اور) باربار رحم کرنے والا ہے (پڑھتا ہوں)۔
میں[1] اللہ دیکھنے والا ہوں۔ (یہ) ایسی کتاب ہے کہ اس کی آیات کو محکم کیا گیا ہے اور نیز انہیں کھول کر بیان کیا گیا ہے (اور یہ) حکیم اور خبیر (ہستی) کی طرف سے ہے۔
[1] تفصیل کے لئے دیکھئے سورہ یونس آیت نمبر۲ نوٹ نمبر۱۔
[1](اور) اس تعلیم پر مشتمل ہے کہ تم اللہ کے سوا (کسی) کی عبادت نہ کرو۔۔۔۔۔ کیونکہ میں خدا کی طرف سے بلاشک و شبہ تمہارے لئے ہوشیار کرنے والا اور اہم خبریں[2] دینے والا (بنا کر بھیجا گیا) ہوں۔
[1] اگلی آیت کے ساتھ ملا کر ترجمہ: (اور) اس تعلیم پر مشتمل ہے کہ تم اللہ کے سوا (کسی) کی عبادت نہ کرو۔ اور یہ کہ تم اپنے رب سے بخشش مانگو (اور) اس کی طرف (سچا) رجوع کرو (تب) وہ تمہیں ایک مقررہ میعاد تک اچھی طرح سے سامان عطا کرے گا۔ اور نیز ہر ایک فضیلت والے (شخص) کو اپنا فضل عطا کرے گا اور اگر تم پھر جاؤ گے تو میں یقیناً تم پر ایک بڑے (ہولناک) دن کے عذاب (کے آنے) سے ڈرتا ہوں۔ کیونکہ میں خدا کی طرف سے بلاشک و شبہ تمہارے لئے ہوشیار کرنے والا اور اہم خبریں دینے والا (بنا کر بھیجا گیا) ہوں۔
[2] بشارت کے معنی اردو زبان میں خوشخبری کے ہوتے ہیں لیکن عربی زبان میں اس کے معنی اہم خبر کے ہوتے ہیں۔ خواہ وہ انذار کے متعلق ہو۔
اور یہ کہ تم اپنے رب سے بخشش مانگو (اور) اس کی طرف (سچا) رجوع کرو (تب) وہ تمہیں ایک مقررہ میعاد تک اچھی طرح سے سامان عطا کرے گا۔ اور نیز ہر ایک فضیلت والے (شخص) کو اپنا فضل عطا کرے گا اور اگر تم پھر جاؤ گے تو میں یقیناً تم پر ایک بڑے (ہولناک) دن کے عذاب (کے آنے) سے ڈرتا ہوں۔
اللہ کی طرف تم (سب) کو واپس لوٹنا ہے اور وہ ہر چیز پر کامل طور پر قدرت رکھنے والا ہے۔
سنو! وہ یقیناً اپنے سینوں کو اس لئے موڑتے رہتے ہیں کہ اس[3] سے چھپے رہیں۔ سنو! جس وقت وہ اپنے کپڑے اوڑھتے ہیں (تو اس وقت بھی) جو کچھ وہ چھپاتے ہیں اور جو کچھ وہ ظاہر کرتے ہیں اسے وہ جانتا (ہوتا) ہے۔ وہ یقیناً سینوں کی باتوں کو (بھی) خوب جانتا ہے۔
[3] یعنی اللہ تعالیٰ سے۔
اور زمین میں ایسا کوئی بھی جاندار نہیں ہے جس کا رزق اللہ کے ذمہ نہ ہو۔ وہ[1] اس کی عارضی [2]رہائش کی جگہ کو اور اس کی مستقل رہائش کی جگہ کو جانتا[3] ہے (یہ) سب (کچھ) ایک واضح کر دینے والی کتاب میں (موجود) ہے۔
[1] یعنی ہر جاندار کی۔
[2] مستقر اور مستودع کی تشریح کے لئے دیکھیں سورۃ انعام آیت۹۹ نوٹ نمبر۱۔
[3] عربی میں یَعْلَمُ کا لفظ ہے جس کے معنے ہیں ’’جانتا ہے‘‘ لیکن اردو میں اس قسم کی عبارت اس طرح ہوتی ہے کہ ’’جانتا نہ ہو‘‘ اس لئے گو ترجمہ ہم نے جانتا ہے لکھا ہے مگر اردو کے لحاظ سے یوں سمجھنا چاہیے کہ جانتا نہ ہو۔
اور وہی ہے جس نے آسمانوں اور زمین کو چھ وقتوں میں پیدا کیا ہے تا کہ وہ تمہارا امتحان کرے (کہ) تم میں سے کس کے عمل زیادہ اچھے ہیں۔ اور اس کا عرش[4] پانی پر ہے۔ اور یہ یقینی امر ہے کہ اگر تو (ان سے) کہے (کہ) تم مرنے کے بعد ضرور اٹھائے جاؤ گے تو جن لوگوں نے انکار کیا ہے (قسمیں کھا کھا کر) کہیں گے (کہ) یہ (دعویٰ) صرف ایک دھوکا ہے۔
[4] عرش سے مراد حکومت یا اس کا اصول ہوتا ہے اور پانی کا لفظ قرآن کریم میں وحی کے لئے بولا جاتا ہے۔ پس آیت کا مطلب یہ ہوا کہ خداتعالیٰ کا اصول حکومت وحی کے ذریعہ اپنے احکام جاری کرنا ہے۔ نہ یہ کہ مادی پانی پر اس کا کوئی مادی عرش یا تخت رکھا ہوا ہے۔ اس کی نسبت تو آتا ہے کہ لَیْسَ کَمِثْلِہٖ شَیْئٌ یعنی کوئی چیز بھی اس کے مشابہ نہیں۔ پس مادیات پر اس کا قیاس کرنا درست نہیں۔
اور یہ (بھی) قطعی امر ہے کہ اگر ہم اس عذاب کو ایک اندازہ کی ہوئی مدت تک ان سے پیچھے ہٹائے رکھیں تو وہ ضرور کہیں گے (کہ) کونسی بات اسے روک رہی ہے سنو! جس وقت وہ ان پر آئے گا تو ان سے ہٹایا نہیں جائے گا اور جس عذاب پر وہ ہنسی کرتے تھے وہ انہیں گھیر لے گا۔
اور اگر ہم انسان کو اپنی طرف سے (کسی قسم کی) رحمت کا (مزا) چکھائیں (اور) پھر ہم اس سے اسے ہٹالیں تو وہ بہت ہی ناامید (اور) منکر احسان ہو جاتا ہے۔
اور اگر ہم کسی مصیبت کے بعد جو اسے پہنچی ہو اسے کسی (بڑی) نعمت (کا مزہ) چکھائیں تووہ کہنے لگتا ہے کہ (اب) میری سب تکلیفیں مجھ سے دور ہو گئی ہیں۔ یقیناً وہ بہت ہی اترانے والا (اور) بہت ہی فخر کرنے والا ہے۔
سوائے ان لوگوں کے جو صبر اختیار کریں اور نیک اعمال کریں۔ یہی (صابر لوگ) ہیں جن کے لئے بخشش اور (بہت) بڑا اجر (مقدر) ہے۔