۱۱۔ سورۃ هود
تفسیر صغیر, حصہ 2
پس شاید[1] (کفار تجھ سے یہ توقع رکھتے ہیں کہ) تو اس (کلام) کا جو تجھ پر وحی کیا جاتا ہے کچھ حصہ (لوگوں کو پہنچانے کی بجائے) چھوڑ دینے پر تیار ہو جائے (مگر ایسا کبھی نہیں ہو سکتا) اور (وہ یہ بھی توقع کر رہے ہیں کہ) ان کے اس اعتراض کی وجہ سے کہ اس پر کیوں کوئی خزانہ نہیں اترا یا اس پر کوئی فرشتہ نہیں آیا تیرا دل تنگ ہو جائے تو صرف (ہوشیار اور) آگاہ کرنے والا ہے اور اللہ ہر بات کا کارساز ہے۔
[1] قرآن مجید میں لَعَلَّ کا لفظ ہے اور لغت نے لَعَلَّ کے یہ معنے دئے ہیں کہ متکلم اپنے مقابل کے متعلق دلی خواہش کے اظہار کے لئے کبھی یہ لفظ استعمال کرتا ہے۔ اس لئے ہم نے یہ ترجمہ کیا ہے کہ شاید کفار تجھ سے اب یہ توقع رکھتے ہیں کہ تو قرآن کا کچھ حصہ چُھپا دے جو توقع صرف ان کا وہم ہے عملاً ناممکن ہے۔
کیا وہ کہتے ہیں (کہ) اس نے اس کتاب کو اپنے پاس سے بنا لیا ہے تو (انہیں) کہہ اگر تم (اس بیان میں) سچے ہو تو تم بھی اس جیسی دس[2] سورتیں اپنے پاس سے بنا لاؤ اور اللہ کے سوا جس (کو بھی اپنی مدد کے لئے لانے) کی تمہیں طاقت ہو اسے بلالو۔
[2] اس کی تشریح کے لئے دیکھئے تفسیر کبیر جلد۳ صفحہ ۱۵۵ تا ۱۶۱
پس اگر وہ تمہاری (یہ) بات قبول نہ کریں۔ تو جان لو کہ جو (کلام) تم پر اتار گیا ہے اللہ کے (خاص) علم پر مشتمل ہے اور یہ کہ اس کے سوا کوئی (ہستی) بھی پرستش کے لائق نہیں پس کیا تم کامل فرمانبردار بنو گے (یا نہیں)؟
جو (لوگ اس) ورلی زندگی (کے سامان) اور اس کی زینت کو (اپنا) مقصود بنائیں گے انہیں ہم ان کے اعمال (کے پھل) اسی (زندگی) میں پورے پورے دے دیں گے اور انہیں اس میں سے کم نہیں دیا جائے گا۔
یہی وہ (لوگ) ہیں جن کے لئے آخرت میں (دوزخ) کی آگ کے سوا (اور) کچھ نہیں ہوگا اور جو کچھ انہوں نے اس (ورلی زندگی) کی خاطر کیا ہوگا وہ اس[1] میں بالکل بے سود ہو جائے گا۔ اور جو کچھ وہ کرتے رہے ہوں گے وہ تباہ ہو جائے گا۔
[1] یعنی آخرت کی زندگی میں۔
پس کیا وہ (شخص) جو اپنے رب کی طرف سے ایک روشن دلیل پر (قائم) ہے اور جس کے پیچھے[2] بھی اس[3] کی طرف سے ایک گواہ [4]آئے گا (جو اس کا فرمانبردار ہوگا) اور اس سے پہلے بھی موسیٰ کی کتاب (آچکی) ہے (جو اس کی تائید کر رہی تھی اور) جو (اس کے کلام سے پہلے) لوگوں کے لئے امام اور رحمت تھی (ایک جھوٹے مدعی جیسا ہو سکتا ہے) وہ (یعنی موسیٰ کے سچے پیرو) اس پر (ایک دن ضرور) ایمان لے آئیں گے۔ اور ان مخالف گروہوں میں سے جو کوئی انکار کرتا رہے گا، دوزخ اس کا موعودہ ٹھکانا ہے۔ پس (اے مخاطب) تو اس کے متعلق کسی (قسم کے) شک میں نہ پڑ۔ وہ یقیناً حق ہے (اور) تیرے رب کی طرف سے (ہے) لیکن اکثر لوگ ایمان نہیں لاتے۔
[2] یعنی محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم۔
[3] یعنی خدا تعالیٰ کی طرف سے۔
[4] یعنی اس کی امت میں سے بھی ایک مامور پیدا ہوگا جو اپنے الہامات کے ذریعہ سے اس کی تصدیق کرے گا۔ گویا محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو تین گواہ حاصل ہیں۔ ایک تو خود دلائل رکھتا ہے۔ دوسرے اس کی امت میں سے اولیاء اللہ پیدا ہوتے رہیں گے۔ جو اس کی سچائی کی گواہی دیں گے۔ تیسرے اس سے پہلے بھی حضرت موسیٰ علیہ السلام کی کتاب اس کی سچائی پر گواہی دے رہی ہے۔ اتنی گواہیاں کسی اور نبی کو میّسر نہیں۔
اور اس سے زیادہ کون ظالم (ہوسکتا) ہے جو اللہ پر جھوٹ باندھے ایسے لوگ اپنے رب کے سامنے پیش کئے جائیں گے اور تمام گواہ کہیں گے (کہ) یہ وہ لوگ ہیں جنہوں نے اپنے رب پر جھوٹ باندھا۔ سنو! ان ظالموں پر اللہ کی لعنت ہے۔
(یہ وہ لوگ ہیں) جو اللہ (کی طرف پہنچنے) کی راہ سے (لوگوں کو) روکتے ہیں اور اس میں کجی پیدا کرنا چاہتے ہیں اور یہی لوگ پیچھے آنے والی (گھڑی) کے (سب سے بڑے) منکر ہیں۔
یہ (لوگ) ملک میں (الٰہی سلسلوں کو) کمزور نہیں کر سکتے اور نہ (ہی) اللہ کو چھوڑ کر ان کا کوئی دوست[1] ہوتا ہے۔ ان کو دوہرا عذاب دیا جاتا ہے (دنیا میں بھی اور آخرت میں بھی) نہ وہ (کچھ) سن سکتے ہیں۔ اور نہ (کچھ) دیکھ سکتے ہیں۔
[1] عربی میں دوست کا لفظ جمع ہے مگر اردو میں ایسے موقع پر مفرد استعمال کرتے ہیں۔ اس لئے ہم نے ’’دوست ہوتا ہے‘‘ استعمال کیا ہے۔
یہی (لوگ) ہیں جنہوں نے اپنی جانوں کو گھاٹے میں ڈالا اور جس (مدعا) کے لئے وہ (اللہ پر) جھوٹ باندھتے تھے وہ ان (کے ہاتھ) سے جاتا رہے گا۔
یہ قطعی (بات) ہے کہ آخرت میں وہی (سب سے) زیادہ گھاٹا پانے والے ہوں گے۔
جو لوگ ایمان لائے اور انہوں نے نیک (اور مناسب حال) عمل کیے، اور اپنے رب کی طرف جھک گئے وہ لازما بہشت (میں رہنے) والے ہیں۔ وہ اس میں رہتے چلے جائیں گے۔