۱۲۔ سورۃ يوسف
تفسیر صغیر
(مَیں) اللہ کا نام لے کر جو بے حد کرم کرنے والا (اور) باربار رحم کرنے والا ہے (پڑھتا ہوں)۔
میں[1] اللہ دیکھنے والا ہوں۔ یہ (حقائق کو) روشن کرنے والی کتاب کی آیات ہیں۔
[1] تفصیل کے لئے دیکھیں سورۃ یونس آیت۲ نوٹ نمبر۱۔
اپنے مطالب کو خوب واضح کرنے والے قرآن کو ہم نے اتارا ہے تا کہ تم (اس میں) عقل (اور تدبر) سے کام لو۔
ہم تیرے پاس (ہر امر کو) بہترین طور پر بیان کرتے ہیں، کیونکہ ہم نے اس قرآن کو تیری طرف (حقائق پر مشتمل) وحی (کے ذریعہ سے نازل) کیا ہے اور اس سے پہلے تو (ان حقائق سے) بے خبر لوگوں میں شامل تھا۔
(تو اس وقت کو یاد کر) جب یوسف نے اپنے باپ سے کہا (تھا) کہ اے میرے باپ! (یقین مانیئے) میں نے گیارہ ستاروں کو اور سورج اور چاند کو (بھی رؤیا میں) دیکھا ہے (اور مزید تعجب اس پر ہے کہ) میں نے ان کو اپنے سامنے سجدہ کرتے دیکھا ہے۔
اس نے کہا، اے میرے پیارے بیٹے! اپنی (یہ) رؤیا اپنے بھائیوں کے پاس نہ بیان کیجیئو۔ ورنہ وہ تیرے متعلق (ضرور) کوئی (مخالفانہ) تدبیر کریں گے۔ شیطان انسان کا یقیناً کھلا دشمن ہے۔
اور (جیسا کہ تو نے دیکھا ہے) اسی طرح تیرا رب تجھے برگزیدہ کرے گا اور (الٰہی) باتوں کا علم تجھے بخشے گا اور تجھ پر اور یعقوب کی تمام (حقیقی) آل پر (اسی طرح) اپنے انعام کو پورا کرے گا جیسا کہ اس نے اس سے پہلے تیرے دو بزرگوں ابراہیم اور اسحاق پر پورا کیا تھا۔ تیرا رب یقیناً بہت جاننے والا (اور) حکمت والا ہے۔
یوسف اور اس کے بھائیوں (کے واقعات) میں (حق کے) طالبوں کے لئے یقیناً کئی نشان (پائے جاتے) ہیں۔
(یعنی اس وقت کے واقعات میں) جب انہوں نے (یعنی یوسف کے بھائیوں نے) (ایک دوسرے سے) کہا (کہ) یوسف اور اس کا بھائی یقیناً ہماری نسبت ہمارے باپ کو زیادہ پیارے ہیں حالانکہ ہم ایک منضبط جماعت ہیں (اس معاملہ میں) ہمارا باپ (کھلی) کھلی غلطی میں (پھنسا ہوا) ہے۔
(اس لئے یا تو) یوسف کو قتل کر دو یا اسے کسی اور ملک میں (دور) پھینک دو (ایسا کرو گے تو) تمہارے باپ کی توجہ تمہارے لئے فارغ ہو جائے گی اور (اس فعل سے ڈرنے کی کوئی وجہ نہیں کیونکہ) اس کے بعد (توبہ کرکے) تم (پھر) ایک نیک گروہ بن سکو گے۔
(اس پر) ان میں سے ایک بولنے والے نے کہا (کہ) تم یوسف کو قتل نہ کرو اور اگر تم نے (کچھ) کرنا (ہی) ہے تو اسے (کسی) باؤلی کی تہ میں ڈال دو۔ کسی قافلہ کا کوئی شخص اسے (دیکھ کر) اٹھالے گا (اور بغیر جان لینے کے تمہارا مقصد پورا ہو جائے گا)
(چنانچہ) انہوں نے (باپ سے جاکر) کہا، اے ہمارے باپ! آپ کو (ہمارے متعلق) کیا (خدشہ) ہے کہ یوسف کے متعلق آپ ہم پر اعتماد نہیں کرتے حالانکہ ہم اس سے (دلی) خلوص رکھتے ہیں۔