۱۲۔ سورۃ يوسف
تفسیر صغیر, حصہ 2
کل اسے ہمارے ساتھ (سیر کے لئے باہر) بھیجئے وہ (وہاں) کھلا کھائے (پیئے) گا اور کھیلے گا اور ہم اس کی حفاظت کریں گے۔
اس نے (یعنی یعقوب نے) کہا، تمہارا اسے (اپنے ساتھ) لے جانا مجھے یقیناً فکر مند کرتا ہے اور میں (اس بات سے بھی) ڈرتا ہوں کہ کہیں ایسی حالت میں کہ تم اس سے غافل ہو اسے (کوئی) بھیڑیا (ہی آکر نہ) کھا جائے۔
انہوں نے کہا، اگر اس (بات) کے باوجود (بھی) کہ ہم ایک مضبوط جماعت ہیں اسے بھیڑیا کھا جائے تو (خدا کی قسم) اس صورت میں ہم یقیناً گھاٹے میں پڑنے والے ہوں گے۔
پھر جب وہ اسے لے گئے اور (جاکر) اسے (کسی) باؤلی کی تہ میں ڈالنے کا متفقہ فیصلہ کر لیا (تو ادھر انہوں نے اپنا ارادہ پورا کیا) اور (ادھر) ہم نے اس کی طرف وحی کے (ذریعہ سے یہ بشارت نازل) کی کہ تو (محفوظ رہے گا اور) انہیں ان کے اس کام سے آگاہ کرے گا اور وہ (اس بات کو) نہیں سمجھتے تھے۔
اور عشا کے وقت وہ روتے ہوئے اپنے باپ کے پاس آئے۔
(اور) کہا (کہ) اے ہمارے باپ! (یقین جانیئے) ہم جاکر (کھیلنے اور) ایک دوسرے سے بڑھ بڑھ کر دوڑنے لگے۔ اور یوسف کو ہم اپنے سامان کے پاس چھوڑ گئے تو (خدا کا کرنا ایسا ہوا کہ) اسے (ایک) بھیڑیا کھا گیا اور (یہ تو ہم جانتے ہیں کہ) آپ ہماری بات (کو درست) نہیں ماننے کے گو ہم (اس میں بالکل) سچے (ہی کیوں نہ) ہوں۔
اور (اسے یقین دلانے کے لئے) وہ اس کے کرتے پر جھوٹا خون لگا لائے (جسے دیکھ کر) اس نے کہا (یہ بات درست نہیں) بلکہ تمہارے نفسوں نے تمہارے لئے ایک (ایسی بری) بات کو خوبصورت کرکے دکھلایا ہے (جسے تم کر گذرے ہو) اب اچھی طرح صبر کرنا (ہی میرے لئے مناسب) ہے اور جو بات تم بیان کرتے ہو اس (کے تدارک) کے لئے اللہ ہی سے مدد مانگی جا سکتی ہے (اور اسی سے مانگی جائے گی)۔
اور (اتنے میں) ایک قافلہ آیا اور انہوں نے اپنے پانی لانے والے (آدمی) کو بھیجا۔ اور اس نے (اس باؤلی پر جاکر) اپنا ڈول ڈالا (اور جب اسے باؤلی میں ایک لڑکا نظر آیا) تو اس نے (قافلہ والوں سے) کہا، اے (قافلہ والو! لو) خوشخبری (سنو! اور دیکھو مجھے) یہ ایک لڑکا (ملا) ہے اور انہوں نے (یعنی قافلہ والوں نے) اسے ایک تجارتی مال سمجھتے ہوئے چھپا لیا اور جو کچھ وہ کرتے تھے اسے اللہ خوب جانتا تھا۔
اور (اس کے بعد جب برادران یوسف کو یوسف کے پکڑے جانے کا علم ہوا تو) انہوں نے اسے (اپنا غلام بتاکر) کچھ تھوڑی (سی) قیمت یعنی چند گنتی کے درہموں کے بدلے (اسی قافلہ والوں کے پاس اسے) بیچ دیا اور وہ اس (حقیر قیمت[1]) سے بالکل بے رغبت تھے۔
[1] یعنی اس کو اپنے ملک سے نکالنے کے لئے فروخت کیا۔ ورنہ روپیہ کی لالچ اس بارہ میں کوئی نہ تھی۔
اور مصر (کے باشندوں) میں سے جس شخص نے اسے خریدا اس نے اپنی بیوی سے کہا کہ اس کی رہائش کی جگہ باعزت بنا۔ امید ہے کہ یہ (لڑکا) ہمارے لئے نفع رساں (ثابت) ہوگا۔ یا ہم اسے (اپنا) بیٹا (ہی) بنا لیں گے۔ اور اس طرح سے ہم نے یوسف کو اس ملک میں (قدرو) منزلت بخشی اور (ہم نے اسے یہ عزت کا مقام) اس لئے (بھی دیا) تا کہ ہم تعبیر رؤیا کی حقیقت کا علم اسے دیں اور اللہ اپنی بات (کو پورا کرنے) پر (کامل) اقتدار رکھتا ہے لیکن اکثر لوگ (اس حقیقت کو) جانتے نہیں۔
اور جب وہ اپنی قوت (اور مضبوطی کی عمر) کو پہنچا تو ہم نے اسے فیصلہ (کرنے کی فراست) اور (خاص) علم بخشا۔ اور (حقیقی) نیکو کاروں کو ہم اسی طرح جزا دیا کرتے ہیں۔
اور جس (عورت) کے گھر میں وہ (رہتا) تھا اس نے اس سے اس کی مرضی کے خلاف (ایک) فعل کروانا چاہا۔ اور (اس مکان کے) تمام دروازے بند کر دئیے اور کہا (میری طرف) آجا۔ اس نے کہا (میں ایسا کرنے سے) اللہ کی پناہ (چاہتا ہوں) وہ یقیناً میرا رب ہے۔ اس نے (ہی) میری رہائش کی جگہ اچھی بنائی ہے۔ بات یہی ہے کہ ظالم کامیاب نہیں ہوا کرتے۔