۱۲۔ سورۃ يوسف
تفسیر صغیر, حصہ 10
تو کہہ (کہ) یہ میرا طریق[2] ہے میں (تو) اللہ کی طرف بلاتا ہوں اور جنہوں نے (سچے طور پر) میری پیروی اختیار کی ہے (میں اور وہ سب) بصیرت[3] پر قائم ہیں اور اللہ (سب قسم کے نقائص سے) پاک ہے اور میں مشرکوں میں سے نہیں ہوں۔
[2] یعنی میرا طریق اللہ تعالیٰ کی طرف بلانا ہے نہ کہ جبر کرنا۔
[3] یعنی ہر بات کو دلیل سے مانتے ہیں خیالی ڈھکونسلوں سے ایمان نہیں لاتے۔
اور تجھ سے پہلے (بھی) ہم (لوگوں کی رہنمائی کے لئے ہمیشہ) انہی (دنیا کی) بستیوں کے رہنے والے مردوں ہی کو جن پر ہم (اپنی) وحی نازل کرتے تھے رسالت دے کر بھیجتے رہے ہیں تو کیا یہ (لوگ) زمین میں نہیں پھرے تا دیکھتے (کہ) جو (لوگ) ان سے پہلے (انبیاء کے منکر) تھے ان کا انجام کیسا ہوا تھا؟ اور آخرت کا گھر ان لوگوں کے لئے جنہوں نے تقویٰ اختیار کیا یقیناً زیادہ بہتر ہے پھر کیا تم عقل سے کام نہیں لیتے۔
اور جب[1] (ایک طرف تو) رسول (ان کی جانب سے) ناامید[2] ہو گئے اور (دوسری طرف) ان (منکروں) کا (یہ) پختہ خیال ہو گیا کہ ان سے (وحی کے نام سے) جھوٹی باتیں کہی جا رہی ہیں تو (اس وقت) ان (رسولوں) کے پاس ہماری مدد آگئی۔ اور جنہیں ہم بچانا چاہتے تھے (انہیں) بچا لیا گیا۔ اور مجرم لوگوں سے ہمارا عذاب (ہرگز) نہیں ہٹایا جاتا۔
[1] یہ حتّٰی ابتدائیہ ہے جس کے معنے ’’اور‘‘ کے ہوتے ہیں اور وہی معنے ہم نے کیے ہیں۔
[2] بعض مفسر لکھتے ہیں کہ جب رسول خدائی عذابوں کے آنے سے مایوس ہو گئے۔ لیکن ہم نے یہ ترجمہ کیا ہے کہ جب رسول لوگوں کے ایمان لانے سے مایوس ہو گئے اور کفار نے بھی یقین کر لیا کہ ان سے جھوٹ بولا جا رہا ہے۔ یعنی جو سنایا جا رہا ہے وحی الٰہی نہیں ہے بلکہ رسول کی خود ساختہ باتیں ہیں۔
ان (لوگوں) کے ذکر میں عقل مندوں کے لئے ایک عبرت (کا نمونہ موجود) ہے۔ یہ ایسی بات (ہرگز) نہیں ہے جو (اپنے پاس سے) گھڑی گئی ہو۔ بلکہ (یہ) اپنے سے پہلے (کلام الٰہی کی پیشگوئیوں) کو کامل طور پر پورا کرنے والی ہے اور ہر بات کی پوری تفصیل بیان کرنے والی ہے اور جو لوگ ایمان لاتے ہیں ان کے لئے ہدایت اور رحمت ہے۔