۱۲۔ سورۃ يوسف

تفسیر صغیر, حصہ 9

پس جونہی کہ (یوسف کے مل جانے) کی بشارت دینے والا (شخص حضرت یعقوب کے پاس) آیا۔ اس نے اس (کرتے) کو اس کے سامنے رکھ دیا جس پر وہ ساری بات سمجھ گیا (اور ان سے) کہا کیا میں نے تم سے نہیں کہا تھا کہ میں اللہ کی طرف سے (علم پاکر یقیناً وہ کچھ) جانتا ہوں جو تم نہیں جانتے۔

(تب) انہوں نے (یعنی حضرت یوسف کے بھائیوں نے) کہا اے ہمارے باپ! آپ ہمارے حق میں (خدا سے) ہمارے گناہوں کی بخشش طلب کریں ہم یقیناً خطاکار ہیں۔

اس نے کہا، میں (ضرور) تمہارے لئے اپنے رب سے بخشش طلب کروں گا یقیناً وہی (ہے جو) بہت بخشنے والا (اور) باربار رحم کرنے والا ہے۔

پھر جب وہ (سب) یوسف کے پاس پہنچے تو اس نے اپنے ماں باپ کو اپنے[1] پاس جگہ دی اور (سب سے) کہا کہ اللہ کی مشیئت کے مطابق تم سب امن (اور سلامتی) کے ساتھ مصر میں داخل ہو جاؤ۔

[1] یعنی استقبال کے لئے باہر جاکر ان سے ملے اور ان کی عزت کی۔ الفاظ تو یہ ہیں کہ ماں باپ کو اپنے پاس جگہ دی۔ مگر مراد یہ ہے کہ باہر جاکر ان سے ملے۔ یہ ویسی ہی تقلیب نسبت ہے جیسے کہتے ہیں، پرنالہ چلتا ہے، حالانکہ پانی چلتا ہے۔ پرنالہ کھڑا رہتا ہے۔

اور اس نے اپنے ماں باپ کو اپنے تخت پر بٹھایا اور وہ (سب) اس کی وجہ سے (خدا کا شکر کرتے ہوئے) سجدہ میں گر گئے اور اس نے (یعنی یوسف نے) کہا اے میرے باپ! یہ میرے پہلے سے (خواب میں) دیکھی ہوئی بات کی تعبیر[2] ہے۔ اللہ نے اسے پورا کر دیا ہے اور اس نے مجھ پر (بہت بڑا) فضل کیا ہے کیونکہ اس نے (پہلے) مجھے قیدخانہ سے نکالا اور (مجھے اس عزت کے مقام پر پہنچا کر اس کے بعد) وہ تمہیں جنگل (علاقہ) سے (نکال کر اس وقت میرے پاس) لایا جب شیطان نے مجھ میں اور میرے بھائیوں میں بگاڑ پیدا کر دیا تھا۔ میرا رب جس سے چاہتا ہے لطف (واحسان) کا معاملہ کرتا ہے۔ یقینا وہی (ہے جو) خوب جاننے والا (اور) حکمت والا ہے۔

[2] یعنی جو خواب میں دیکھا تھا کہ چاند، سورج اور ستارے میری وجہ سے سجدہ کر رہے ہیں۔ وہ بات پوری ہوگئی۔ اور آج آپ لوگ میرے مل جانے کی خوشی میں اللہ تعالیٰ کو سجدہ کر رہے ہیں۔

اے میرے رب! تو نے مجھے حکومت کا ایک حصہ (بھی) عطا کیا ہے اور تعبیر الرؤیا کا بھی کچھ علم تو نے مجھے بخشا ہے۔ (اے) آسمانوں اور زمین کو پیدا کرنے والے تو (ہی) دنیا اور آخرت (دونوں) میں میرا مددگار ہے (جب بھی میری موت کا وقت آئے) مجھے اپنی کامل فرمانبرداری کی حالت میں وفات دے اور صالحین (کی جماعت) کے ساتھ ملا دے۔

(اے ہمارے رسول)! یہ (بیان[1]) غیب کی خبروں میں سے ہے ہم اسے تجھ پر وحی (کے ذریعہ سے ظاہر) کرتے ہیں اور جب انہوں نے (یعنی تیرے دشمنوں نے تیرے خلاف) تدبیریں کرتے ہوئے آخر آپس میں اتفاق کر لیا تو تو (اس وقت) ان کے پاس (موجود) نہیں تھا۔

[1] یعنی یہ قصہ نہیں پیشگوئی ہے۔ تجھ سے بھی ایسا ہی واقعہ پیش آنے والا ہے جیسا کہ ہوا۔

اور خواہ تو (کتنا ہی) چاہے (کہ سب لوگ ہدایت پا جائیں) اکثر لوگ ہرگز ایمان نہیں لائیں گے۔

اور تو اس (تبلیغ و تعلیم) کے متعلق ان سے کوئی اجر نہیں مانگتا۔ یہ تو تمام جہانوں (اور سب لوگوں) کے لئے سراسر شرف (کا موجب) ہے۔

اور آسمانوں اور زمین میں بہت سے نشان (موجود) ہیں جن کے پاس سے یہ لوگ ان سے اعراض کرتے ہوئے گذر جاتے ہیں۔

اور ان میں سے اکثر (لوگ) اللہ پر ایمان نہیں لاتے مگر اس حالت میں کہ وہ (ساتھ) ساتھ شرک بھی کرتے جاتے ہیں۔

تو کیا یہ (لوگ) اس بات سے (محفوظ اور) بے خوف ہو گئے ہیں کہ ان پر اللہ کے عذابوں میں سے کوئی سخت عذاب آجائے یا اچانک ان پر وہ گھڑی آجائے (جس کی پہلے سے خبر دی جا چکی ہے) اور انہیں پتہ بھی نہ لگے۔

·

آج 10 میں سے 10 باقی