۱۳۔ سورۃ الرعد
تفسیر صغیر
(مَیں) اللہ کا نام لے کر جو بے حد کرم کرنے والا (اور) باربار رحم کرنے والا ہے (پڑھتا ہوں)۔
میں[1] اللہ جاننے والا اور دیکھنے والا ہوں۔ یہ کامل کتاب کی آیات ہیں۔ اور جو کلام تجھ پر تیرے رب کی طرف سے اتارا گیا ہے وہ بالکل حق ہے۔ لیکن اکثر لوگ ایمان نہیں لاتے۔
[1] تفصیل کے لئے دیکھیں سورۃ بقرہ آیت۲۔ نوٹ نمبر۱۔
اللہ وہ ہے جس نے آسمانوں کو بغیر ستونوں کے بلند کیا ہے۔ جیسا کہ تم دیکھ ہی رہے ہو (اور) پھر وہ عرش پر قائم ہوا ہے اور سورج اور چاند کو اس نے (تمہاری) خدمت پر لگا رکھا ہے (چنانچہ) ہر ایک (سیارہ) ایک معین میعاد تک (اپنی گردش کے مطابق) چل رہا ہے۔ وہ (اللہ) ہر امر کا انتظام کرتا ہے۔ (اور) اپنی آیات کو کھول کر بیان کرتا ہے تا کہ تم (لوگ) اپنے رب سے ملنے کا یقین رکھو۔
اور وہی ہے جس نے زمین کو پھیلایا ہے، اور اس میں استحکام کے ساتھ ٹھہرے رہنے والے پہاڑ اور (نیز) دریا بنائے ہیں اور اس میں تمام (اقسام) کے پھلوں سے دونوں قسمیں (یعنی نرومادہ) بنائی ہیں۔ وہ رات کو دن پر لا ڈالتا ہے۔ جو لوگ سوچتے ہیں ان کے لئے (بلاشک وشبہ) اس (بات) میں کئی نشان (پائے جاتے) ہیں۔
اور زمین میں ایک دوسرے کے پاس پاس کئی (اقسام کے) قطعات ہیں اور کئی طرح کے انگوروں کے باغات اور (کئی قسم کی) کھیتی اور (طرح طرح کے) کھجور کے درخت (جن میں سے بعض) ایک ایک جڑ سے کئی کئی نکلنے والے (ہوتے ہیں) اور (بعض) ایک ایک جڑ سے کئی کئی نکلنے والوں کے خلاف (ایک ہی تنے کے ہوتے) ہیں۔ جنہیں ایک ہی (طرح کے) پانی سے سیراب کیا جاتا ہے اور (باوجود اس کے) پھل کے لحاظ سے ہم ان میں سے بعض (درختوں) کو بعض پر فضیلت دیتے ہیں۔ اس میں بھی ان لوگوں کے لئے جو عقل سے کام لیتے ہیں کئی نشان (موجود) ہیں۔
اور (اے مخاطب) اگر تجھے (ان منکرین حق پر) تعجب آئے تو (وہ بجا ہے کیونکہ) ان کا (یہ) کہنا (کہ) کیا جب ہم مر کر مٹی ہو جائیں گے تو ہمیں واقعہ میں (پھر) کسی نئے جنم میں آنا ہوگا۔ تیری بات سے بھی زیادہ عجیب بات ہے یہ وہ لوگ ہیں جنہوں نے اپنے رب کا انکار کر دیا ہے اور یہ وہ لوگ ہیں جن کی گردنوں میں طوق (پڑے) ہوں گے۔ اور یہ (لوگ دوزخ کی) آگ (میں پڑنے) والے ہیں۔ وہ اس میں رہتے چلے جائیں گے۔
اور وہ سزا کو نیک جزا سے جلد تر لانے کا تجھ سے مطالبہ کر رہے ہیں۔ حالانکہ ان سے پہلے (ایسے لوگوں پر) تمام (قسم کے) عبرتناک عذاب آچکے ہیں اور تیرا رب لوگوں کو ان کے ظلم کے باوجود (بھی) بلاشک و شبہ (بہت ہی) بخشنے والا ہے اور (اسی طرح) تیرا رب یقیناً سخت سزا دینے والا (بھی ہے)۔
اور جن لوگوں نے انکار کیا ہے وہ کہتے ہیں (کہ) اس (شخص) پر اس کے رب کی طرف سے کوئی نشان کیوں نہیں اتارا گیا (حالانکہ) تو صرف آگاہ (اور ہوشیار) کرنے والا ہے اور ہر ایک قوم کے لئے (خدا کی طرف سے) ایک راہنما (بھیجا جاچکا) ہے۔
اللہ (خوب) جانتا ہے اسے (بھی) جو ہر مادہ اٹھاتی ہے اور جسے رحم ناقص کر (کے گرا) دیتے ہیں۔ اور (اسے بھی) جسے وہ بڑھاتے ہیں۔ اور ہر ایک چیز اس کے پاس ضرورت کے مطابق موجود ہے۔
وہ غائب اور حاضر (دونوں) کا جاننے والا ہے۔ بڑے مرتبہ والا (اور) بڑی شان والا ہے۔
جو تم میں سے بات چھپاتا ہے اور وہ بھی جو اسے ظاہر کرتا ہے (اس کے علم کے لحاظ سے دونوں) برابر ہیں۔ نیز وہ بھی جو رات کو چھپ رہتا ہے اور جو دن کو چلتا ہے۔
اس[1] کی طرف سے اس (رسول) کے آگے بھی اور اس کے پیچھے بھی (ایک دوسرے کے ساتھ ساتھ) آنے والی (ملائکہ کی) ایک جماعت (حفاظت کے لئے) مقرر ہے جو اللہ کے حکم سے اس کی حفاظت کر رہی ہے۔ اللہ کبھی بھی کسی قوم کی حالت کو نہیں بدلتا جب تک کہ وہ اپنی اندرونی حالت کو نہ بدلے[2] اور جب اللہ کسی قوم کے متعلق عذاب کا فیصلہ کر لیتا ہے تو اس (عذاب) کو ہٹانے والا کوئی نہیں ہوتا اور اس کے سوا ان کا اور کوئی (بھی) مددگار نہیں (ہوسکتا۔)
[1] یعنی خدا تعالیٰ کی طرف سے۔
[2] تشریح کے لئے دیکھو سورۃ الانفال نوٹ آیت نمبر۵۴۔