۱۳۔ سورۃ الرعد

تفسیر صغیر, حصہ 2

وہی ہے جو تمہیں بجلی (کی چمک) دکھاتا ہے۔ خوف کے لئے (بھی) اور طمع کے لئے (بھی) اور بھاری بادل اٹھاتا ہے۔

اور کڑک[3] اس کی تعریف کے ساتھ (ساتھ) اس کی پاکیزگی کا اظہار بھی کرتی ہے اور فرشتے بھی اس کے خوف کے سبب سے (ایسا ہی کرتے ہیں) اور گرنے والی بجلیاں بھی بھیجتا ہے پھر جن پر چاہتا ہے انہیں گراتا ہے اور وہ اللہ کے بارہ میں جھگڑ رہے ہیں۔ حالانکہ وہ سخت عذاب دینے والا ہے۔

[3] مفسرین کہتے ہیں کہ رَعدؔ ایک فرشتہ کا نام ہے لیکن یہ غلط ہے۔ خود بجلی بھی زبان حال سے خداتعالیٰ کی تسبیح اور حمد کرتی ہے پس خواہ مخواہ فرشتوں کو بیچ میں گھسیٹنے کی ضرورت نہ تھی۔

نہ ٹلنے والا بلاوا اسی کا ہے۔ اور جنہیں وہ اس کے سوا پکارتے ہیں۔ وہ ان (کی دعا) کا کوئی جواب نہیں دیتے۔ (ہاں) مگر[1] (ان کا فعل) اس (شخص) کی طرح ہے جو اپنے دونوں ہاتھ پانی کی طرف پھیلا رہا ہو۔ تا وہ اس کے منہ تک پہنچ جائے، لیکن وہ (پانی) اس تک کبھی نہیں پہنچے گا اور کافروں کی (چیخ اور) پکار ضائع ہو جائے گی۔

[1] یہاں استثناء منقطع ہے جس کے مطابق ترجمہ کیا گیا ہے۔

اور جو (وجود) آسمانوں میں ہیں یا زمین میں ہیں اور ان کے سائے بھی خوشی سے یا کراہت سے (ہر) صبح اور شام[2] اللہ ہی کو سجدہ[3] کرتے ہیں۔

[2] عربی کے لفظ کا ترجمہ ’’شاموں‘‘ ہے مگر اردو میں مفرد ہی ترجمہ ہو سکتا ہے۔ اس لئے ترجمہ مفرد ہی کیا گیا ہے۔

[3] یہ مطلب نہیں کہ انسان کی طرح سجدہ کرتے ہیں۔ بلکہ سجدہ کے معنے فرمانبرداری کے ہوتے ہیں۔ اور آیت کا یہ مطلب ہے کہ صبح و شام تمام کائنات قانون قدرت کی فرمانبرداری میں لگی ہوئی ہے۔

تو ان سے کہہ (کہ بتاؤ) آسمانوں اور زمین کا رب کون ہے؟ (اس کا جواب وہ تو کیا دیں گے) تو (خود ہی) کہہ دے (کہ) اللہ، (اور پھر تو ان سے) کہہ، کیا پھر (بھی) تم نے اس کے سوا (اپنے) ایسے مددگار تجویز کر رکھے ہیں جو خود اپنے لئے (بھی) کسی نفع (کو حاصل کرنے) کی قدرت نہیں رکھتے۔ اور نہ کسی نقصان کو روکنے کی (اور ان سے) کہہ (کہ) کیا اندھا اور دیکھنے والا برابر (ہوسکتا) ہے؟ یا کیا تاریکی اور روشنی برابر (ہوسکتی) ہے؟ کیا انہوں نے اللہ کے ایسے شریک تجویز کئے ہیں جنہوں نے اس کی طرح (کچھ) مخلوق پیدا کی ہے۔ جس کی وجہ سے (اس کی اور دوسروں کی) مخلوق ان کے لئے مشتبہ ہو گئی ہے تو ان سے کہہ (کہ) اللہ (ہی) ہر ایک چیز کا خالق ہے اور وہ کامل طور پر یکتا (اور ہر ایک چیز پر) کامل اقتدار رکھنے والا ہے۔

اس نے آسمان سے کچھ پانی اتارا، پھر (اس سے) کئی وادیاں اپنی (اپنی) گنجائش کے مطابق بہ نکلیں، اور اس سیلاب نے اوپر آجانے والی جھاگ کو اٹھالیا اور جس (دھات) کو وہ کسی زیور یا اور کسی گھریلو استعمال کے سامان بنانے کے لئے آگ میں تپاتے ہیں اس میں (بھی) اس (سیلاب) جیسا ایک جھاگ (ہوتا) ہے اسی طرح اللہ حق اور باطل (کے فرق) کو بیان کرتا ہے۔ پھر جھاگ تو پھینکا جاکر تباہ ہو جاتا ہے، اور جو چیز لوگوں کو نفع دینے والی ہوتی ہے۔ وہ[1] زمین میں ٹھہری رہتی ہے۔ اللہ تمام باتوں کو اسی طرح (کھول کر) بیان کرتا[2] ہے۔

[1] یعنی اللہ تعالیٰ کے ابتلا آنے کے نتیجہ میں جو کارآمد وجود ہوں گے، وہ باقی رہ جائیں گے اور جو لوگ ناکارہ اور خبیث ہوں گے، اٹھا کر پھینک دئے جائیں گے یعنی تباہ کر دئے جائیں گے۔

[2] یعنی اللہ تعالیٰ حق اور باطل میں دلیل کے ساتھ بھی اور عمل کے ساتھ بھی فرق کرکے دکھاتا ہے۔

جنہوں نے اپنے رب کا کہا مانا ان کے لئے کامیابی ہے اور جنہوں نے اس کا کہا نہیں مانا (ان کی یہ حالت ہوگی کہ) جو کچھ بھی زمین میں ہے اگر (سب) ان کا ہوتا اور اس کے برابر اور بھی، تو وہ اس سب مال کو دیکر (اپنے آپ کو عذاب سے) چھڑانے کی کوشش کرتے ان کے لئے برے انجام والا حساب (مقدر) ہے اور ان کا ٹھکانا جہنم ہے اور وہ رہنے کے لحاظ سے بہت بری (جگہ) ہے۔

جو شخص جانتا ہے کہ جو (کلام) تمہارے رب کی طرف سے تمہاری طرف اتارا گیا ہے وہ بالکل حق ہے کیا وہ اس شخص جیسا (ہوسکتا) ہے جو اندھا ہے (نہیں، کیونکہ) عقل رکھنے والے ہی نصیحت پکڑتے ہیں۔

ایسے لوگ جو اللہ کے (ساتھ کئے ہوئے) عہد کو پورا کرتے ہیں اور اس پختہ عہد کو نہیں توڑتے۔

اور جو (لوگ) ان تعلقات کو ہمیشہ قائم رکھتے ہیں جن کے قائم رکھنے کا اللہ نے حکم دیا ہے اور اپنے رب سے ڈرتے ہیں اور برے (انجام والے) حساب سے خوف رکھتے ہیں۔

اور جنہوں نے اپنے رب کی رضا کی طلب میں ثابت قدمی سے کام لیا ہے اور نماز کو عمدگی سے ادا کیا ہے اور جو کچھ ہم نے انہیں دیا ہے اس میں سے چھپ کر (بھی) اور ظاہر (بھی ہماری راہ میں) خرچ کیا ہے اور (جو) بدی کو نیکی کے ذریعہ سے دور کرتے (رہتے) ہیں، انہی کے لئے اس گھر کا (بہترین) انجام (مقدر) ہے۔

یعنی مستقل رہائش کے باغات جن میں وہ (خود بھی) داخل ہوں گے اور ان کے بڑوں اور ان کی بیویوں اور ان کی نسلوں میں سے بھی۔ (وہ لوگ) جنہوں نے نیکی اختیار کی ہوگی (اس میں داخل ہوں گے) اور فرشتے ہر دروازہ سے ان کے پاس آئیں گے۔

·

آج 10 میں سے 10 باقی