۱۳۔ سورۃ الرعد

تفسیر صغیر, حصہ 4

اور جن لوگوں کو ہم نے کتاب دی ہے وہ اس (کلام الٰہی) سے جو تجھ پر نازل کیا گیا ہے خوش ہوتے ہیں اور ان (مختلف) گروہوں میں سے (بعض) ایسے (بھی) ہیں جو اس کے بعض (حصہ) کا انکار کرتے ہیں۔ تم کہو، مجھے (تو) یہی حکم دیا گیا ہے کہ میں اللہ کی عبادت کروں اور (کسی کو) اس کا شریک نہ ٹھہراؤں۔ میں اس کی طرف (تم) کو بلاتا ہوں اور اسی طرف میں (بھی) رجوع کرتا ہوں۔

اور اسی طرح ہم نے اسے ایک مفصل حکم کی صورت میں اتارا ہے اور (اے مخاطب) اگر تو نے اس علم کے بعد جو تجھے حاصل ہو چکا ہے ان (کفار) کی خواہشات کی پیروی کی، تو اللہ کے مقابلہ میں نہ (تو) تیرا کوئی دوست ہوگا اور نہ کوئی بچانے والا (ہوگا)۔

اور ہم نے تجھ سے پہلے (بھی) یقیناً کئی رسول بھیجے تھے اور انہیں بیویاں اور بچے بھی دئیے تھے اور کسی رسول کے لئے ممکن نہ تھا کہ وہ اللہ کے اذن کے سوا (اپنی قوم کے پاس) کوئی نشان لاتا۔ ہر ایک پروگرام کے لئے ایک میعاد مقرر ہے۔

جس چیز کو اللہ چاہتا ہے مٹاتا ہے اور (جسے چاہتا ہے) قائم کرتا ہے اور اسی کے پاس (تمام) احکام کی اصل (اور جڑ) ہے۔

اور جس (عذاب کے بھیجنے) کا ہم ان سے وعدہ کرتے ہیں اگر ہم اس کا کوئی حصہ تیرے سامنے بھیج کر تجھے دکھا دیں (تو تو بھی ان کا انجام دیکھ لے گا) اور (اگر) ہم (اس گھڑی سے پہلے) تجھے وفات دے دیں (تو تجھے مابعدالموت اس کی حقیقت معلوم ہو جائے گی کیونکہ) تیرے ذمہ (ہمارے حکم اور پیغام کا) صرف پہنچا دینا ہے اور ان کا حساب لینا ہمارے ذمہ ہے۔

اور کیا انہوں نے دیکھا نہیں کہ ہم ملک کو اس کی تمام اطراف سے کم کرتے چلے آرہے ہیں[1]۔ اور فیصلہ (تو) اللہ کرتا ہے۔ کوئی اس کے فیصلہ کو تبدیل کرنے والا نہیں۔ اور وہ جلد حساب لینے والا ہے۔

[1] یعنی ایک طرف تو ملک کے کنارے مسلمانوں کے ہاتھ آرہے ہیں۔ دوسری طرف صاحب اقتدار خاندانوں کے نوجوان اسلام لا رہے ہیں۔ جیسے عمرو بن عاصؓ، خالد بن ولیدؓ، حضرت عمرؓ، اور حضرت علیؓ وغیرہ۔

اور جو لوگ ان سے پہلے تھے، انہوں نے (بھی انبیاء کے خلاف) تدبیریں کی تھیں (مگر ان کی کوئی پیش نہ گئی) پس تدبیر کرنا تو کلی طور پر اللہ ہی کے اختیار میں ہے۔ ہر شخص جو کچھ (بھی) کرتا ہے وہ (اللہ) اسے جانتا ہے اور ان کافروں کو جلد ہی معلوم ہو جائے گا کہ اس آنے والے گھر کا (اچھا) انجام کس کے لئے ہے۔

اور جن لوگوں نے تیرا انکار کیا ہے وہ کہتے ہیں کہ تو خدا کا بھیجا ہوا نہیں ہے تو انہیں کہہ (کہ) اللہ میرے درمیان اور تمہارے درمیان کافی گواہ ہے۔ اور (اسی طرح پر) وہ (شخص بھی گواہ) ہے جس کے پاس اس (مقدس) کتاب کا علم (آچکا) ہے۔

آج 10 میں سے 10 باقی