۱۳۔ سورۃ الرعد
تفسیر صغیر, حصہ 3
(اور کہیں گے) تمہارے لئے سلامتی ہے کیونکہ تم ثابت قدم رہے پس (اب دیکھو کہ تمہارے لئے) اس گھر کا کیا ہی اچھا انجام ہے۔
اور جو اللہ کے (ساتھ کیے ہوئے) پختہ عہد کو پکے اقرار کے بعد توڑتے ہیں اور جس تعلق کے قائم کرنے کا اللہ نے حکم دیا تھا اسے پارہ پارہ کرتے ہیں اور زمین میں فساد کرتے ہیں ان کے لئے (اللہ کی طرف سے) لعنت مقدر ہے اور ان کے لئے ایک برا گھر (بھی) مقرر ہے۔
اللہ جس کے لئے پسند کرتا ہے (اس کے لئے) رزق کو فراخ کر دیتا ہے اور (جس کے لئے چاہتا ہے اس کے لئے) تنگ کر دیتا ہے اور یہ (لوگ) اس ورلی زندگی پر (ہی) خوش ہوگئے ہیں۔ حالانکہ یہ ورلی زندگی آخرت کے مقابلہ میں محض ایک وقتی سامان ہے۔
اور جن لوگوں نے (تمہارا) انکار کیا ہے وہ کہتے ہیں کہ اس پر اس کے رب کی طرف سے کوئی نشان کیوں نہیں اتارا گیا۔ تو کہہ اللہ جسے چاہتا ہے ہلاک کر دیتا ہے اور جو (اس کی طرف) مائل ہو اس کی اپنی طرف رہنمائی کرتا ہے۔
یعنی جو ایمان لائے ہوں اور ان کے دل اللہ کی یاد سے اطمینان پاتے ہوں (ان کو ہدایت دیتا ہے) پس سمجھ لو کہ اللہ کی یاد ہی سے دل اطمینان پاتے ہیں۔
جو لوگ ایمان لائے ہیں اور انہوں نے نیک (اور مناسب حال) عمل کئے ہیں ان کے لئے (بڑی) قابل رشک حالت اور بہترین واپسی کی جگہ (مقدر) ہے۔
اسی (قسم کا انجام پانے کے) لئے ہم نے تجھے ایک ایسی قوم میں جس سے پہلے کئی قومیں (آنے والے کی راہ دیکھتی) گذر چکی تھیں بھیجا ہے تا کہ جو (کلام) ہم نے تیری طرف وحی کیا ہے تو وہ انہیں پڑھ کر سنائے کیونکہ وہ رحمن (کے فیضان) کا انکار کر رہے ہیں تو کہہ یہ میرا رب ہے اس کے سوا کوئی معبود نہیں اسی پر میں نے بھروسا کیا ہے اور اسی کی طرف ہر آن میرا رجوع ہے۔
اور اگر کوئی ایسا قرآن ہو جس کے ذریعہ سے (نشان کے طور پر) پہاڑوں کو (ان کی جگہ سے ہٹا کر) چلایا گیا ہو یا اس کے ذریعہ سے زمین کو ٹکڑے (ٹکڑے) کیا گیا ہو یا اس کے ذریعہ سے مردوں سے باتیں کی گئی ہوں (تو کیا یہ لوگ اس پر ایمان لے آئیں گے؟ ہرگز نہیں) بلکہ (ایمان لانے کا) فیصلہ پورے طور پر اللہ کے ہاتھ میں ہے۔ کیا جو (لوگ) ایمان لائے ہیں انہیں (اب تک) معلوم[1] نہیں ہوا کہ اگر اللہ چاہتا تو سب لوگوں کو ہدایت دے دیتا اور (اے رسول)! جن لوگوں نے تمہارا انکار کیا ہے ان کے اس عمل کی وجہ سے ہمیشہ کوئی (نہ کوئی) سخت آفت ان پر آتی رہے گی[2]۔ یا ان کے گھر کے قریب نازل ہوتی رہے گی یہاں تک کہ اللہ کا (آخری) وعدہ (یعنی فتح مکہ[3]) آجائے گا۔ اللہ اس وعدہ کے خلاف ہرگز نہیں کرے گا۔
[1] قرآن مجید میں یَایْئَسُ کا لفظ ہے جس کے عام معنے مایوس ہونے کے ہوتے ہیں۔ لیکن ایک معنے جاننے کے بھی ہیں (دیکھئے اقرب) یہی غیر معروف معنے اس جگہ لگتے ہیں۔
[2] یعنی باربار تیرا لشکر مکہ کی طرف بڑھے گا اور اس کے قرب تک بڑھتا رہے گا۔
[3] یعنی کفار پر عذاب پر عذاب آئیں گے اور لشکر کے بعد لشکر چڑھائی کرے گا۔ اور آخری لشکر ان کے گھروں کے پاس جاکر اترے گا۔ یعنی مکہ پر حملہ ہوگا۔
اور تجھ سے پہلے رسولوں سے (بھی) استہزا کیا گیا تھا جس پر میں نے ان لوگوں کو جنہوں نے انکار کیا تھا (کچھ عرصہ تک کے لئے) ڈھیل دی پھر میں نے ان کو تباہ کر دیا۔ اب دیکھو میری سزا کیسی (سخت) تھی۔
تو کیا وہ (خدا) جو ہر ایک شخص کے اعمال پر نگران ہے (ان سے نہ پوچھے گا) اور انہوں نے تو اللہ کے کئی ایک شریک (بھی) بنائے (ہوئے) ہیں (ان سے) کہو۔ تم ان (بناوٹی خداؤں) کے نام (تو) بتاؤ۔ یا کیا تم (لوگ) اس (خدا) کو کوئی ایسی بات بتاؤ گے جو زمین پر موجود تو ہے لیکن وہ (اسے) نہیں جانتا۔ یا تم صرف منہ سے یہ باتیں کرتے ہو بلکہ جن لوگوں نے انکار کیا ہے ان کو ان کی (اپنی ہی) فریب کاری خوبصورت (شکل میں) دکھائی گئی ہے اور انہیں درست راستہ سے ہٹا دیا گیا ہے اور جسے اللہ ہلاک کرے اسے راہ دکھانے والا کوئی نہیں (مل سکتا)۔
ان کے لئے ایک عذاب (تو) اس ورلی زندگی میں (ہی مقدر) ہے۔ اور آخرت کا عذاب یقیناً اور (بھی) سخت ہوگا۔ اور انہیں اللہ (کے عذاب) سے کوئی بھی بچانے والا نہیں ہوگا۔
اس جنت کا مثالی بیان جس کا پرہیز گاروں کو وعدہ دیا گیا ہے (یہ ہے کہ) اس کے (درختوں کے سایہ) تلے نہریں بہتی ہوں گی اس کا پھل بھی ہمیشہ رہنے والا ہوگا اور اس کا سایہ (بھی) یہ ان (لوگوں) کا انجام ہوگا جنہوں نے تقویٰ اختیار کیا اور انکار کرنے والوں کا انجام (دوزخ کی) آگ ہے۔