۱۴۔ سورۃ ابراهيم
تفسیر صغیر
(مَیں) اللہ کا نام لے کر جو بے حد کرم کرنے والا (اور) باربار رحم کرنے والا ہے (پڑھتا ہوں)۔
میں[1] اللہ دیکھنے والا ہوں۔ (یہ) ایک کتاب ہے جسے ہم نے تجھ پر اس لئے اتارا ہے کہ تو تمام لوگوں کو ان کے رب کے حکم سے ظلمات سے نکال کر نور کی طرف لے آئے۔ یعنی غالب اور تعریفوں والے خدا کے راستہ کی طرف۔
[1] الٓـٰر کے معنے ہیں اَنَا اللّٰہُ اَرَیٰ میں اللہ دیکھنے والا ہوں۔ تفصیل کے لئے دیکھئے سورۃ بقرہ آیت۲ نوٹ نمبر۱۔
(وہ غالب اور تعریفوں والا خدا) اللہ (ہی ہے) (اور) جو کچھ آسمانوں میں ہے اور جو زمین میں ہے سب اس کا ہے اور (اس کا) انکار کرنے والوں کے لئے ایک سخت عذاب (مقدر ہے)۔
جو (انکار کرنے والے) آخرت کے مقابلہ میں اس ورلی زندگی کو ترجیح دیتے ہیں اور (دوسرے لوگوں کو بھی) اللہ کے راستہ سے روکتے ہیں اور اسے کجی اختیار کرکے (حاصل کرنا) چاہتے ہیں۔ یہ لوگ دور کی گمراہی میں (پڑے ہوئے) ہیں۔
اور ہر ایک رسول کو ہم نے اس کی قوم کی زبان میں ہی (وحی دے کر) بھیجا ہے تا کہ وہ انہیں (ہماری باتیں) کھول کر بتائے۔ پھر (اس تدبیر کے بعد) اللہ جسے (ہلاک کرنا) چاہتا ہے ہلاک کرتا ہے اور جسے (کامیاب کرنا) چاہتا ہے اسے منزل مقصود پر پہنچا دیتا ہے اور وہ کامل طور پر غالب (اور) صاحب حکمت ہے۔
اور (تجھ سے پہلے) ہم نے موسیٰ کو (بھی) اپنے نشانات کے ساتھ یہ (حکم دے کر) بھیجا تھا کہ اپنی قوم کو ظلمات سے نکال کر نور کی طرف لا۔ اور انہیں اللہ کے انعام اور اس کے عذاب یاد دلا۔ (کیونکہ) بلاشبہ اس میں ہر ایک پورے صابر (اور) پورے شکر گذار کے لئے کئی نشان (پائے جاتے) ہیں۔
اور (اے مخاطب تو اس وقت کو بھی یاد کر) جب موسیٰ نے اپنی قوم سے کہا تھا (کہ اے میری قوم)! تم اپنے آپ پر اللہ کا (اس وقت کا) انعام یاد کرو جب اس نے تمہیں فرعون کے ساتھیوں سے اس حالت میں بچایا تھا کہ وہ تمہیں سخت عذاب دیتے تھے تمہارے بیٹوں کو مار دیتے تھے اور تمہاری عورتوں کو زندہ رکھتے تھے اور اس میں تمہارے رب کی طرف سے (تمہارے لئے) بڑا (بھاری) امتحان تھا۔
اور (اس وقت کو بھی یاد کرو) جب تمہارے رب نے (انبیاء کے ذریعہ سے) اعلان کیا تھا کہ (اے لوگو)! اگر تم شکر گذار بنے تو میں تمہیں اور بھی زیادہ دوں گا اور اگر تم نے ناشکری کی تو (یاد رکھو) میرا عذاب یقیناً سخت (ہوا کرتا) ہے۔
اور موسیٰ نے (اپنی قوم سے یہ بھی) کہا تھا (کہ) اگر تم اور جو (دوسرے لوگ) زمین میں بستے ہیں سب (کے سب) کفر اختیار کر لو۔ تو (اس میں خدا کا کوئی نقصان نہیں ہو سکتا کیونکہ) اللہ یقیناً بے نیاز (اور) بہت ہی تعریفوں والا ہے۔
کیا جو لوگ تم سے پہلے تھے یعنی نوح کی قوم اور عاد اور ثمود اور جو ان کے بعد ہوئے ان کی نسبت دلوں کو ہلا دینے والی خبر تمہیں نہیں پہنچی (وہ ایسے نابود ہوئے اور مٹائے گئے کہ) اللہ کے سوا (اب) انہیں کوئی (بھی) نہیں جانتا۔ (جب) ان کے پاس ان کے رسول (ہمارے) روشن نشان لیکر آئے، تو انہوں نے ان کی بات نہ مانی اور کہا (کہ) جس (تعلیم) کے ساتھ تمہیں بھیجا گیا ہے اس کا (تو) ہم انکار کر چکے ہیں اور جس بات کی طرف تم ہمیں بلاتے ہو اس کے متعلق ہم ایک بے چین کر دینے والے شک میں (پڑے ہوئے) ہیں۔
ان کے پیغمبروں نے (انہیں) کہا (کہ) کیا تمہیں اللہ کے متعلق کوئی شک ہے جو آسمانوں اور زمین کو پیدا کرنے والا ہے وہ تمہیں اس لئے بلا رہا ہے تا کہ وہ تمہارے گناہوں میں سے بعض[1] بخش دے اور ایک مقررہ میعاد تک تمہیں تاخیر دے انہوں نے کہا (کہ) تم (تو) ہماری ہی طرح کے انسان ہو۔ تم چاہتے ہو کہ جس چیز کی ہمارے باپ دادا پرستش کرتے چلے آئے ہیں اس سے ہمیں ہٹا دو۔ پس (اگر اس معاملہ میں تم حق پر ہو تو) ہمارے پاس کوئی روشن نشان لاؤ۔
[1] بعض سے یہ مرادنہیں کہ اللہ تعالیٰ صرف چند گناہوں کو بخشتا ہے۔ باقیوں کو نہیں بخشتا۔ بلکہ مطلب یہ ہے کہ بعض گناہ جو انسانوں سے تعلق رکھنے والے ہوتے ہیں جب تک لوگ ان گناہوں کی معافی دوسرے لوگوں سے نہ مانگ لیں اس وقت تک وہ معاف نہیں ہوتے۔ ہاں جب قصور کرنے والے معافی مانگ لیں اور نادم ہو جائیں تو اللہ تعالیٰ خود اپنے بندوں کے دلوں میں تحریک کرتا ہے کہ وہ اپنے ظلم کرنے والے لوگوں کو بخش کر اللہ تعالیٰ کے مزید انعامات کے وارث ہو جائیں اور یہ اتنا سستا سودا ہے کہ وہ اسے ضرور قبول کر لیتے ہیں۔
ان کے پیغمبروں نے انہیں کہا (کہ یہ سچ ہے کہ) ہم تمہاری (ہی) طرح کے بشر ہیں لیکن (ساتھ ہی یہ بھی سچ ہے کہ) اللہ اپنے بندوں میں سے جس پر چاہتا ہے (خاص) احسان کرتا ہے اور یہ بات ہمارے اختیار میں نہیں ہے کہ اللہ کے حکم کے سوا تمہارے پاس کوئی نشان لائیں اور مومنوں کو اللہ پر ہی توکل رکھنا چاہیئے۔