۱۴۔ سورۃ ابراهيم

تفسیر صغیر, حصہ 2

اور ہمیں (ہوا) کیا ہے کہ ہم اللہ پر توکل نہ کریں، حالانکہ اس نے ہمارے (مناسب حال) راستے ہمیں دکھائے ہیں اور جو دکھ تم نے ہمیں دے رکھا ہے اس پر ہم یقیناً صبر کرتے چلے جائیں گے اور بھروسا کرنے والوں کو تو اللہ پر ہی بھروسہ کرنا چاہیے۔

اور جن لوگوں نے کفر اختیار کیا۔ انہوں نے اپنے (اپنے زمانہ کے) پیغمبروں سے کہا کہ ہم تمہیں ضرور اپنے ملک سے نکال دیں گے یا تم (مجبور ہو کر) ہمارے مذہب میں واپس آجاؤ گے (تو ان تکلیفوں سے بچ سکو گے) جس پر ان کے رب نے ان پر وحی نازل کی (کہ) ہم ان ظالموں کو یقیناً ہلاک کر دیں گے۔

اور ان (کی ہلاکت) کے بعد اس ملک میں ضرور تمہیں آباد کر دیں گے۔ یہ (وعدہ) اس کے حق میں ہے جو میرے مقام سے ڈرے اور نیز میری انذاری پیشگوئیوں سے ڈرے۔

اور انہوں نے (اپنی) فتح کے لئے دعا کی اور (نتیجہ یہ ہوا کہ) ہر ایک سرکش (اور) حق کا دشمن ناکام رہا۔

اس (دنیوی عذاب) کے بعد (اس کے لئے) جہنم (کا عذاب بھی مقدر) ہے اور (وہاں) اسے تیز گرم پانی پلایا جائے گا۔

وہ اسے تھوڑا تھوڑا کرکے پیئے گا اور اسے آسانی سے نگل نہیں سکے گا اور ہر جگہ (اور ہر طرف سے) اس پر موت آئے گی اور وہ مرے گا نہیں اور اس کے علاوہ بھی (اس کے لئے) ایک سخت عذاب (مقرر) ہے۔

ان لوگوں کی مثال جنہوں نے اپنے رب (کے احکام) کا انکار کیا ہے (یہ ہے کہ) انکے اعمال اس راکھ کی طرح ہیں جسے ایک تیز آندھی والے دن ہوا تیزی سے (اڑا) لے گئی ہو جو کچھ انہوں نے (اپنے مستقبل کے لئے) کمایا ہے۔ اس میں سے کوئی حصہ (بھی) ان کے ہاتھ نہیں آئے گا۔ یہی پرلے درجہ کی تباہی ہے۔

(اے مخاطب)! کیا تو نے دیکھا نہیں کہ اللہ نے آسمانوں اور زمین کو حق و حکمت کے ساتھ پیدا کیا ہے اگر وہ چاہے تو تمہیں ہلاک کر دے اور (تمہاری جگہ پر) کوئی اور نئی مخلوق لے آئے۔

اور یہ بات اللہ کے لئے کوئی مشکل نہیں ہے۔

اور وہ سب اللہ کے حضور آکھڑے ہوں گے، تب (ان میں سے) کمزور (سمجھے جانے والے) تکبر کرنے والوں کو کہیں گے (کہ) ہم تو تمہارے پیچھے چلنے والے تھے۔ پس کیا تم اللہ کے عذاب میں سے (اس وقت) کچھ ہم سے دور کر سکتے ہو۔ وہ (جواب میں) کہیں گے کہ اگر اللہ ہمیں ہدایت دیتا تو ہم (بھی) تمہیں ہدایت دیتے (لیکن اب کیا ہو سکتا ہے) ہمارا بے صبری دکھانا یا ہمارا صبر کرنا (اس وقت) ہمارے لئے یکساں ہے، (اور) ہمارے لئے بچاؤ کی کوئی صورت نہیں ہے۔

اور جب تمام معاملہ کا فیصلہ کیا جا چکے گا تو شیطان (لوگوں سے) کہے گا (کہ) اللہ نے یقیناً تم سے اٹل وعدہ کیا تھا اور میں نے (بھی) تم سے (ایک) وعدہ کیا تھا مگر میں نے وہ (وعدہ) تم سے پورا نہ کیا اور میرا تم پر کوئی تسلط نہ تھا ہاں میں نے تمہیں اپنی طرف بلایا اور تم نے میرا کہنا مان لیا اس لئے (اب) مجھے ملامت نہ کرو بلکہ اپنے آپ کو ملامت کرو۔ (اس وقت) نہ میں تمہاری فریاد سن سکتا ہوں اور نہ تم میری فریاد سن سکتے ہو۔ تم نے جو مجھے اللہ کا شریک بنا رکھا تھا۔ میں تمہاری اس بات کا پہلے سے انکار کر چکا ہوں (اس پر خدا فرماتا ہے اس قسم کا شرک کرنے والے) ظالموں کے لئے یقیناً دردناک عذاب (مقدر) ہے۔

اور جو لوگ ایمان لائے ہوں گے اور انہوں نے (نیک اور) مناسب حال عمل کیے ہونگے انہیں ان کے رب کے حکم سے ایسے باغوں میں جن کے (سایوں کے) نیچے نہریں بہتی ہوں گی داخل کیا جائے گا (اور) وہ ان (جنتوں) میں بستے چلے جائیں گے اور وہاں ان کی (ایک دوسرے کے لئے یہ) دعا ہوگی (کہ تم پر) سلامتی (ہو)۔

·

آج 10 میں سے 10 باقی