۱۴۔ سورۃ ابراهيم
تفسیر صغیر, حصہ 5
(اور وہ دن ضرور آنے والا ہے) جس دن زمین و آسمان بدل کر دوسرے زمین و آسمان قائم کیے جائیں گے۔ اور یہ (لوگ) اللہ کے سامنے ہوں گے جو واحد (اور ہر ایک چیز پر) کامل غلبہ رکھنے والا ہے۔
اور اس دن تو ان مجرموں کو زنجیروں میں جکڑے ہوئے دیکھے گا۔
ان کے کرتے (گویا) تارکول کے بنے ہوئے (کالے سیاہ) ہوں گے اور (دوزخ کی) آگ ان کے مونہوں کو ڈھانپ رہی ہوگی۔
(یہ اس لئے ہوگا) تا اللہ ہر شخص کو جو کچھ اس نے (اپنے لئے) کیا ہوگا اس کا بدلہ دے۔ اللہ یقیناً جلد حساب لینے والا ہے۔
یہ (ذکر) لوگوں کے (نصیحت حاصل کرنے کے) لئے کافی ہے اور اس بات کے لئے (بھی) کہ انہیں (آنے والے عذاب سے پورے طور پر) ہوشیار کیا جائے اور اس لئے (بھی) کہ انہیں معلوم ہو جائے کہ اللہ ہی[2] صرف ایک حقیقی معبود ہے اور اس لئے (بھی) کہ عقل والے (لوگ) نصیحت حاصل کریں۔
[2] ترجمہ میں ھُوَ کی ضمیر کی بجائے ظاہر اسم کا استعمال کیا گیا ہے تا کہ مفہوم واضح ہو جائے۔