۱۴۔ سورۃ ابراهيم

تفسیر صغیر, حصہ 4

اے میرے رب! انہوں نے یقیناً بہت سے لوگوں کو گمراہ کر رکھا ہے۔ پس جس نے میری پیروی کی وہ (تو) مجھ سے (تعلق رکھتا) ہے اور جس نے میری نافرمانی کی (اس کے متعلق بھی میری یہی عرض ہے کہ اس کو بخش دینا کیونکہ) تو یقیناً بڑا ہی بخشنے والا (اور) باربار رحم کرنے والا ہے۔

اے ہمارے رب! میں نے اپنی اولاد میں سے بعض کو تیرے معزز گھر کے پاس ایک ایسی وادی میں جس میں کوئی کھیتی نہیں ہوتی لا بسایا ہے اے میرے رب! (میں نے ایسا اس لئے کیا ہے) تا وہ عمدگی سے نماز ادا کریں۔ پس تو لوگوں کے دل ان کی طرف جھکا دے اور انہیں مختلف پھلوں سے رزق دیتا رہ تا کہ وہ (ہمیشہ تیرا) شکر کرتے رہیں۔

اے ہمارے رب! جو کچھ ہم چھپاتے ہیں اور جو کچھ ہم ظاہر کرتے ہیں تو یقیناً سب کچھ ہی جانتا ہے اور اللہ سے کوئی چیز نہ زمین میں چھپی رہ سکتی ہے اور نہ آسمان میں۔

ہر (قسم کی) تعریف کا اللہ ہی مستحق ہے۔ جس نے (میرے) بڑھاپے کے باوجود مجھے (دو بیٹے) اسماعیل اور اسحاق عطا کیے ہیں۔ میرا رب (بہت ہی) دعائیں سننے والا ہے۔

(اے) میرے رب! مجھے اور میری اولاد (میں سے ہر ایک) کو عمدگی سے نماز ادا کرنے والا بنا۔ (اے) ہمارے رب! (ہم پر فضل کر) اور میری دعا قبول فرما۔

(اے) ہمارے رب! جس دن حساب ہونے لگے اس دن مجھے اور میرے والدین کو اور تمام مومنوں کو بخش دیجیئو۔

اور (اے مخاطب) یہ ظالم (مکہ والے) جو کچھ کر رہے ہیں اس سے تو اللہ کو ہرگز بے خبر نہ سمجھ۔ وہ انہیں صرف اس دن تک ڈھیل دے رہا ہے جس دن (ان کی) آنکھیں (حیرت سے) پھٹی کی پھٹی رہ جائیں گی۔

(وہ) اپنے سروں کو اوپر اٹھائے ہوئے خوف زدہ ہو کر دوڑ رہے ہوں گے (اور) ان کی نظریں (لوٹ کر) واپس نہیں آئیں گی اور ان کے دل (امیدوں سے) خالی ہوں گے۔

اور تو ان لوگوں کو اس دن سے ڈرا جب ان پر وہ عذاب آئے گا (جس کا وعدہ کیا گیا ہے) جن لوگوں نے ظلم (کا شیوہ اختیار) کیا ہوگا (اس وقت) کہیں گے (کہ اے) ہمارے رب! ہمارے معاملہ کو کسی (اور) قریب میعاد تک (کے لئے) پیچھے ڈال دے کہ ہم تیری طرف سے آئی ہوئی دعوت کو قبول کریں گے اور (تیرے) رسولوں کی پیروی کریں گے (جس پر انہیں جواب ملے گا کہ کیا ابھی اتمام حجت میں کوئی کسر باقی ہے؟) اور کیا تم نے پہلے قسم (پر قسم) نہیں کھائی تھی کہ تم پر کسی طرح کا زوال نہیں (آئے گا)۔

حالانکہ تم نے ان لوگوں کے گھروں کو اپنا گھر بنایا ہوا ہے جنہوں نے (تم سے پہلے) اپنی جانوں پر ظلم کیا تھا اور تم پر یہ بات خوب روشن ہو چکی تھی کہ ان کے ساتھ ہم نے کیسا معاملہ کیا تھا اور ہم تمام باتیں تمہارے لئے کھول کر بیان کر چکے ہیں۔

اور یہ (لوگ) اپنی (ہر ایک) تدبیر عمل میں لا چکے ہیں۔ اور ان کی (ہر) تدبیر اللہ کے ہاں (محفوظ[1]) ہے اور خواہ ان کی تدبیر ایسی ہو کہ اس کے نتیجہ میں پہاڑ (بھی اپنی جگہ سے) ٹل جائیں (یہ تیرا کوئی نقصان نہیں کر سکتے)۔

[1] یعنی بھلائی نہیں گئی بلکہ خداتعالیٰ کو خوب یاد ہے۔

پس (اے مخاطب) تو اللہ کو اپنے رسولوں سے اپنے وعدہ کے خلاف (معاملہ) کرنے والا ہرگز نہ سمجھ۔ اللہ یقیناً غالب (اور برے کاموں کی) سزا دینے والا ہے۔

·

آج 10 میں سے 10 باقی