۱۵۔ سورۃ الحجر
تفسیر صغیر
(مَیں) اللہ کا نام لے کر جو بے حد کرم کرنے والا (اور) باربار رحم کرنے والا ہے (پڑھتا ہوں)۔
میں[1] اللہ دیکھنے والا ہوں۔ یہ (ایک) کامل کتاب اور اپنے (مطالب کو) واضح کر دینے والے قرآن کی آیات ہیں۔
[1] الٓرٰ کے معنے ہیں ’’میں اللہ دیکھنے والا ہوں‘‘۔ تفصیل کے لئے دیکھئے سورۃ بقرہ نوٹ نمبر۱ آیت۲۔
جن لوگوں نے (اس[2] کا) انکار کیا ہے، وہ بسا اوقات آرزو کیا کرتے ہیں کہ کاش وہ (بھی اس کی) فرمانبرداری اختیار کرنے والے ہوتے۔
[2] یعنی کتاب کا۔
تو ان کو کھانے پینے اور وقتی سامانوں سے نفع اٹھانے میں مشغول چھوڑ دے اور (انہیں چھوڑے دے کہ ان کی جھوٹی) امیدیں انہیں غافل کرتی رہیں کیونکہ وہ جلد (ہی حقیقت) معلوم کر لیں گے۔
اور ہم نے کبھی کسی بستی کو بغیر اس کے کہ اس کے متعلق (پہلے سے) ایک معلوم فیصلہ ہو چکا ہو ہلاک نہیں کیا۔
کوئی قوم بھی اپنی (ہلاکت کی) میعاد سے بھاگ (کر بچ) نہیں سکتی اور نہ ہی پیچھے رہ (کر اس سے بچ) سکتی ہے۔
اور انہوں نے (بڑے زور سے) کہا (کہ) اے وہ شخص جس پر یہ ذکر اتارا گیا ہے، تو یقیناً دیوانہ ہے۔
اگر تو سچا ہے تو کیوں ملائکہ کو ہمارے پاس نہیں لاتا۔
(کیا انہیں معلوم نہیں کہ) ہم (جب بھی) فرشتوں کو (اتارے ہیں تو) حق کے مطابق اتارتے ہیں اور (جب انہیں کافروں کے لئے اتارتے ہیں تو) اس وقت انہیں (یعنی کفار کو ذرہ بھی) مہلت نہیں دی جاتی۔
اس ذکر (یعنی قرآن) کو ہم نے ہی اتارا ہے اور ہم یقیناً اس کی حفاظت کریں گے۔
اور ہم نے اگلے (زمانہ کے) لوگوں کی جماعتوں میں (بھی) تجھ سے پہلے رسول بھیجے تھے۔
اور جو رسول بھی ان کے پاس آتا تھا، وہ اس کی ہنسی اڑاتے تھے۔