۱۵۔ سورۃ الحجر

تفسیر صغیر, حصہ 2

اسی طرح ہم اس (عادت استہزا) کو مجرموں کے دلوں میں راسخ [1]کرتے ہیں۔

[1] قرآن مجید میں نَسْلُکُہٗ کے الفاظ ہیں جس کے معنے لغت میں یہ لکھے ہیں کہ جس طرح ہاتھ جیب میں چلا جاتا ہے اسی طرح کسی چیز کو دوسری چیز میں داخل کرنا سلوک کہلاتا ہے (اقرب) لیکن چونکہ اس کا اصل مفہوم یہی ہے کہ اس طرح داخل کرتے ہیں کہ وہ آسانی سے اندر چلا جاتا ہے اور اپنی جگہ بنا لیتا ہے ہم نے ترجمہ میں ’’راسخ کرتے ہیں‘‘ لکھا ہے۔ کیونکہ اس لفظ کے بھی یہی معنے ہیں۔

یہ (لوگ) اس (قرآن) پر ایمان نہیں لاتے حالانکہ پہلوں (کے متعلق اللہ) کی سنت گذر چکی ہے۔

اور اگر (بالفرض) ہم ان پر (شناخت کی) کوئی آسمانی راہ کھول (بھی) دیتے اور وہ اس سے (فائدہ اٹھا کر) حقیقت کو سمجھنے بھی لگتے۔

تو (بھی) وہ (یہی) کہتے (کہ) محض ہماری نظروں پر پردہ ڈالا گیا ہے (ورنہ حقیقت کچھ نہیں) بلکہ ہم (لوگوں) پر (کوئی) جادو کر دیا گیا ہے۔

اور یقیناً ہم نے آسمان میں (ستاروں کی) کئی منزلیں بنائی ہیں اور ہم نے اسے دیکھنے والوں کے لئے خوبصورت بنایا ہے۔

اور (نیز) ہم نے اسے ہر ایک سرکش (اور) دھتکارے ہوئے (وجود کی رسائی) سے محفوظ کر دیا ہے۔

مگر جو شخص چوری سے (وحی الٰہی کی) کوئی بات سن لے۔ (اور اُسے بگاڑ کر پھیلائے) تو اس کے پیچھے ایک روشن شعلہ[1] لگا دیا جاتا ہے۔

[1] یعنی جو قرآن کریم نازل ہو چکا ہے بے شرم مخالف اس میں سے کچھ حصہ لے کر لوگوں میں اس طرح پھیلاتے ہیں کہ مخالفت کا جوش بڑھ جائے۔ لیکن اللہ تعالیٰ ان کی شرارتوں کو دیکھتا ہے جب کوئی ایسا کرتا ہے تو وہ شرارت کو ظاہر کرنے کے لئے معجزانہ طور پر ایسی روشنی پیدا کر دیتا ہے جس سے فریب کھل جاتا ہے اور شرارتی کافر ہلاک ہو جاتا ہے۔

اور ہم نے زمین کو پھیلایا ہے اور اس میں ہم نے محکم پہاڑ قائم کیے ہیں اور (نیز) ہم نے اس میں ہر قسم کی موزون چیزوں کو (پیدا کیا اور) بڑھایا ہے۔

اور اس میں ہم نے تمہارے لئے اور (ہر) اس (مخلوق) کے لئے جسے تم رزق نہیں دیتے معیشت کے سامان پیدا کیے ہیں۔

اور کوئی چیز ایسی نہیں جس کے (غیر محدود) خزانے ہمارے پاس نہ ہوں۔ لیکن ہم اسے ایک معین اندازے سے ہی اتارا کرتے ہیں۔

اور ہم نے (بخارات کو) اٹھانے والی ہوائیں (بھی) چھوڑ رکھی ہیں اور (ان کے ذریعہ سے) ہم نے بادلوں سے پانی اتارا ہے۔ پھر وہ تمہیں پلایا ہے اور تم خود اسے محفوظ نہیں[2] رکھ سکتے تھے (لیکن اس ذریعہ سے ہم نے اسے محفوظ کر دیا ہے)

[2] یعنی بادلوں کے طریق سے میٹھا پانی محفوظ ہوتا ہے۔ اگر یہ طریق نہ ہوتا تو نہ دریا اور نہریں ہوتیں نہ کنوؤں کا پانی محفوظ ہوتا اور لوگ پیاسے مر جاتے اور کھیت سوکھ جاتے۔

اور یقیناً ہم ہی زندہ کرتے اور مارتے ہیں اور ہم ہی (سب کے) وارث ہیں۔

·

آج 10 میں سے 10 باقی