۱۶۔ سورۃ النحل

تفسیر صغیر

(مَیں) اللہ کا نام لے کر جو بے حد کرم کرنے والا (اور) باربار رحم کرنے والا ہے (پڑھتا ہوں)۔

(اے منکرو)! اللہ کا حکم آیا ہی چاہتا ہے، اس لئے (اب) تم اس کے جلد آنے کا مطالبہ نہ کرو۔ وہ پاک (ذات) ہے اور جو (باتیں) وہ (کافر) شرک کے متعلق کہتے ہیں وہ ان سے بہت بالا ہے۔

وہ فرشتوں کو اپنے بندوں پر جنہیں وہ پسند کرتا ہے اپنے امر سے کلام دے کر اتارتا ہے (اور رسولوں کو کہتا ہے) کہ (لوگوں کو) آگاہ کر دو کہ بات یہی درست ہے کہ میرے سوا کوئی بھی (سچا) معبود نہیں۔ اس لئے تم (مصائب سے) اپنے بچاؤ کا ذریعہ مجھے ہی بناؤ۔

اس نے آسمانوں اور زمین کو حق (اور حکمت) کے ساتھ پیدا کیا ہے (اور) ان کے مشرکانہ خیالات سے وہ بہت بالا ہے۔

اس نے انسان کو ایک (حقیر) نطفہ سے پیدا کیا ہے پھر وہ (اپنے آپ کو اتنا بڑا سمجھنے لگتا ہے کہ ہمارے بارے میں) کھلم کھلا جھگڑنے والا بن جاتا ہے۔

نیز چارپایوں کو (اللہ نے پیدا کیا ہے اور انہیں) ایسا بنایا ہے کہ ان میں تمہارے لئے گرمی کا سامان ہے اور (اور بھی) کئی نفعے ہیں اور تم ان (کے گوشت) کا کچھ حصہ کھاتے ہو۔

اور (اس کے علاوہ) جب تم انہیں چرا کر شام کو (ان کے تھانوں کی طرف) واپس لاتے ہو تو اس میں ایک قسم کا زینت کا سامان ہوتا ہے اسی طرح اس وقت جب تم انہیں (صبح کو) چرنے کے لئے (آزاد) چھوڑتے ہو (تو اس میں بھی تمہارے لئے زینت اور بڑائی کا سامان ہوتا ہے)

اور وہ تمہارے بوجھ اٹھا کر اس (دور کے) شہر تک بھی لے جاتے ہیں۔ جہاں تک تم اپنی جانوں کو مشقت میں ڈالے بغیر نہیں لے جا سکتے۔ تمہارا رب یقیناً (تم پر) نہایت شفقت کرنے والا (اور) باربار رحم کرنے والا ہے۔

اور اس نے گھوڑوں، خچروں اور گدھوں کو (بھی) تمہاری سواری کے لئے اور (نیز) زینت (وشان) کے لئے (پیدا کیا ہے) اور (آئندہ بھی) وہ (تمہارے لئے سواری کا مزید سامان[1]) جسے تم (ابھی) نہیں جانتے پیدا کرے گا۔

[1] اس میں صاف طور پر ریل، دخانی جہاز، ہوائی جہاز اور موٹر وغیرہ کی پیشگوئی ہے۔

اور (تمہیں) دین کی سیدھی راہ (کا بتانا بھی) اللہ ہی کے ذمے ہے اور (اس کی ضرورت اس لئے ہے کہ) ان (یعنی دین کے راستوں) میں سے بعض ٹیڑھے (ہوتے) ہیں۔ لیکن اگر وہ (اللہ) اپنی مشیت نافذ کرتا تو تم سب کو ہدایت (ہی) دیتا۔

(اللہ) وہی تو ہے جس نے بادلوں سے پانی اتارا ہے۔ اسی میں سے تمہارے پینے کا (پانی مہیا ہوتا) ہے اور اسی سے وہ درخت (بھی تیار) ہوتے ہیں جن میں تم (مویشیوں کو) چراتے ہو۔

وہ اس کے ذریعہ سے تمہارے لئے کھیتی، زیتون اور کھجور کے درخت اور انگور اور (دوسرے) ہر قسم کے پھل پیدا کرتا ہے ان لوگوں کے لئے جو غوروفکر سے کام لیتے ہیں۔ اس میں یقیناً ایک (واضح) نشان (پایا جاتا) ہے۔

آج 10 میں سے 10 باقی