۱۶۔ سورۃ النحل

تفسیر صغیر, حصہ 2

اور اس نے رات اور دن کو اور سورج اور چاند کو تمہارے لئے خدمت پر لگا رکھا ہے اور (دوسرے) تمام (سیارے اور) ستارے (بھی) اس کے حکم سے (تمہاری) خدمت پر متعین ہیں جو لوگ عقل سے کام لیتے ہیں ان کے لئے اس میں یقیناً کئی نشان (پائے جاتے) ہیں۔

اور جو مختلف اقسام کی چیزیں اس نے تمہارے لئے زمین میں پیدا کی ہیں (وہ سب تمہارے کام آرہی ہیں) ان (چیزوں کی پیدائش) میں (بھی) ان لوگوں کے لئے جو نصیحت حاصل کرتے ہیں یقیناً ایک نشان (پایا جاتا) ہے۔

اسی نے سمندر کو (بھی تمہاری) خدمت پر لگا رکھا ہے تا کہ تم اس میں سے (مچھلی کا) تازہ گوشت کھاؤ۔ اور اس میں سے زیور (کا سامان بھی) نکالو جسے تم (لوگ) پہننے کے کام لاتے ہو اور (اے مخاطب) تو اس میں کشتیوں کو پانی پھاڑتے (اور زور سے چلتے) ہوئے دیکھتا ہے (جو اس لئے چلتی ہیں کہ تم سمندری سفر طے کرو) اور تا کہ تم اس کے بعض اور فضل (بھی) تلاش کرو۔ اور تا کہ تم (اس کا) شکر ادا کرو۔

اور اس نے زمین میں (محکم) پہاڑ بنائے ہیں اس وجہ سے کہ وہ (متحرک ہوتے ہوئے) تمہیں چکر میں نہ ڈالے اور (اس نے تمہارے لئے) کئی دریا (چلائے ہیں) اور کئی (خشکی کے) راستے (بھی بنائے) ہیں تا کہ تم (آسانی سے اپنی منزل مقصود تک) راہ پا سکو۔

اور (ان کے علاوہ اس نے) کئی (اور) علامات بھی (قائم کی ہیں) اور ستاروں کے ذریعہ سے (بھی) وہ (لوگ) راہ پاتے ہیں۔

پھر (بتاؤ تو سہی کہ) کیا جو پیدا کرتا ہے وہ اس جیسا ہو سکتا ہے جو (کچھ بھی) پیدا نہیں کرتا، کیا تم پھر (بھی) نہیں سمجھتے۔

اور اگر تم اللہ کے احسان شمار کرنے لگو تو (کبھی) تم ان کا احاطہ نہ کر سکو گے۔ اللہ یقیناً بہت (ہی) بخشنے والا (اور) باربار رحم کرنے والا ہے۔

اور جو کچھ تم چھپاتے ہو اور جو کچھ تم ظاہر کرتے ہو اللہ اس (سب) کو جانتا ہے۔

اور اللہ کے سوا جن (معبودان باطلہ) کو وہ پکارتے ہیں وہ کچھ (بھی) پیدا نہیں کرسکتے اور (اس سے بھی بڑھ کر یہ ہے کہ) وہ خود پیدا کیے جاتے ہیں۔

وہ (سب) مردے ہیں نہ کہ زندہ۔ اور وہ (یہ بھی) نہیں جانتے کہ کب (دوبارہ) اٹھائے جائیں گے۔

(پس اچھی طرح یاد رکھو کہ) تمہارا معبود ایک ہی معبود ہے اور جو لوگ آخرت پر ایمان نہیں لاتے ان کے دل (حق سے) نا آشنا ہیں اور وہ تکبر سے کام لے رہے ہیں۔

یہ یقینی بات ہے کہ جو کچھ وہ پوشیدہ (طور پر) کرتے ہیں (اسے بھی) اور جو کچھ وہ ظاہر (طور پر) کرتے ہیں (اسے بھی) اللہ جانتا ہے۔ وہ تکبر کرنے والوں کو ہرگز پسند نہیں کرتا۔

·

آج 10 میں سے 10 باقی