۱۶۔ سورۃ النحل
تفسیر صغیر, حصہ 11
ابراہیم یقیناً ہر (اِک) خیر کا جامع اللہ کے لئے تذلل اختیار کرنے والا (اور) ہمیشہ خدا کی کامل فرماں برداری کرنے والا تھا، اور وہ مشرکوں میں سے نہیں تھا۔
(وہ) اس [1]کے انعاموں کا شکر گذار تھا، اس (کے رب) نے اسے برگزیدہ کیا تھا اور ایک سیدھی راہ کی طرف اس کی راہنمائی کی تھی۔
[1] یعنی اللہ تعالیٰ کے۔
اور ہم نے اُسے اس دنیا میں (بھی بڑی) کامیابی بخشی تھی، اور وہ آخرت میں (بھی) یقیناً صالح لوگوں میں سے ہوگا۔
اور (اے رسول) ہم نے تجھے وحی کے ذریعہ سے حکم دیا ہے کہ (ہماری) کامل فرمانبرداری پر ہمیشہ قائم رہنے والے ابراہیم کے طریق کی پیروی کر۔ اور (اے مکہ والو جانتے ہوکہ) وہ مشرکوں میں سے نہیں تھا۔
سبت (کا وبال) انہی لوگوں پر ڈالا گیا تھا جنہوں نے اس میں اختلاف کیا تھا اور تیرا رب اس امر کے متعلق جس میں وہ اختلاف کرتے تھے یقیناً قیامت کے دن فیصلہ کرے گا۔
(اور اے رسول) تو (لوگوں کو) حکمت اور اچھی نصیحت کے ذریعہ سے اپنے رب کی طرف بلا۔ اور اس طریق سے جو سب سے اچھا ہو۔ ان سے (ان کے اختلافات کے متعلق) بحث کر۔ تیرا رب ان کو (بھی) جو اس کی راہ سے بھٹک گئے ہوں (سب سے) بہتر جانتا ہے اور ان کو بھی جو ہدایت پاتے ہیں۔
اگر تم (لوگ زیادتی کرنے والوں کو) سزا دو تو جتنی تم پر زیادتی کی گئی ہو تم اتنی (ہی) سزا دو۔ اور (ہمیں اپنی ذات کی قسم ہے کہ) اگر تم صبر کرو گے تو صبر کرنے والوں کے حق میں وہ (یعنی صبر کرنا) بہتر ہوگا۔
اور (اے رسول) تو صبر سے کام لے اور تیرا صبر کرنا اللہ (کی مدد) سے ہی (ہوسکتا) ہے اور تو ان (لوگوں کی حالت) پر غم نہ کھا۔ اور جو تدبیریں وہ کرتے ہیں ان کی وجہ سے تکلیف محسوس نہ کر۔
اور یاد رکھ کہ اللہ یقیناً ان لوگوں کے ساتھ ہوتا ہے جنہوں نے تقویٰ (کا طریق) اختیار کیا ہو اور جو نیکو کار ہوں۔