۱۶۔ سورۃ النحل
تفسیر صغیر, حصہ 10
یہ وہ لوگ ہیں جن (کے کفر کی وجہ سے ان) کے دلوں اور اُن کے کانوں اور ان کی آنکھوں پر اللہ نے مہر لگا دی ہے اور یہ لوگ ہی ہیں جو پکے غافل ہیں۔
(اور) اس میں کوئی شک نہیں کہ وہ آخرت میں (سب سے) زیادہ نقصان اٹھانے والے ہوں گے۔
اور تیرا رب یقیناً ان لوگوں کے لئے جو دکھ میں ڈالے جانے کے بعد ہجرت کرگئے پھر انہوں نے جہاد کیا اور (اپنے عہد پر) ثابت قدم رہے (ہاں) تیرا رب یقیناً اس (شرط کو پورا کرنے) کے بعد (ان کے لئے) بہت بخشنے والا (اور) باربار رحم کرنے والا (ثابت) ہوگا۔
(اس جزا کا ظہور خصوصیت سے اس دن ہوگا) جس دن ہر شخص اپنی جان کے متعلق جھگڑتا ہوا آئے گا اور ہر شخص نے جو کچھ کیا ہو گا (اس کا اجر) اسے پورا پورا دیا جائے گا۔ اور اُن پر (کسی رنگ میں بھی) ظلم نہ کیا جائے گا۔
اور اللہ (تمہیں سمجھانے کے لئے) ایک بستی[1] کا حال بیان کرتا ہے۔ جسے (ہر طرح سے) امن حاصل ہے (اور) اطمینان نصیب ہے ہر طرف سے اس کا رزق اسے بافراغت پہنچ رہا ہے۔ پھر (بھی) اس نے اللہ کی نعمتوں کی ناشکری کی ہے اس (کی اس ناشکری) پر اللہ نے اس (کے باشندوں) پر ان کے اپنے (گھناؤنے) عمل کی وجہ سے بھوک اور خوف کا لباس[2] نازل کیا ہے اور اس کا مزہ چکھایا ہے۔
[1] اس جگہ بستی سے مراد مکہ مکرمہ ہے۔ قرآن کریم میں ماضی کا لفظ ہے۔ مگر بعض دفعہ یقین پر دلالت کرنے کے لئے ماضی کا لفظ حال کی جگہ استعمال کر دیا جاتا ہے۔ اسی طرح یہاں ہوا ہے۔
[2] قرآن مجید میں لفظ اَذَاقَ کا ہے جس کے معنے چکھانے کے ہیں۔ مگر عربی کے محاورہ میں لباس کے لئے بھی بعض دفعہ کھانے کا لفظ آجاتا ہے چنانچہ مشہور شعر ہے۔قَالُوا اقْتَرِحْ شَیْئًا نجِدْ لَـکَ طَبْخَہٗ۔ قُلْتُ اطْبَخُوْا لِیْ جُبَّۃً وَّ قَمِیْصًاانہوں نے کہا کہ کسی چیز کی خواہش کرو جس کو ہم پکار کر پیش کریں۔ میں نے کہا کہ ُجبّہ اور قمیص مجھے پکا کر دو۔ اِسی محاورہ کے مطابق ہم نے ترجمہ کیا ہے تا چکھانے کا مفہوم بھی نکل آئے اور لباس کا لفظ بھی قائم رہے۔ (تفصیل کے لئے دیکھئے تفسیر کبیر جلد۴ صفحہ ۲۵۸)
اور یقیناً ان کے پاس انہی میں سے (ہمارا) ایک رسول آچکا ہے مگر انہوں نے اسے جھٹلایا۔ جس پر اس حالت میں کہ وہ ظلم کر رہے تھے (ہمارے) عذاب نے انہیں آپکڑا۔
پس جو حلال (اور) طیب (مال) اللہ نے تمہیں دیا ہے تم اس میں سے کھاؤ اور اللہ کی نعمت کا اگر تم اسی کی عبادت کرتے ہو شکر کرو۔
اس نے تم پر صرف مردار کو اور خون کو اور سؤر کے گوشت کو اور (ہر) اس چیز کو حرام کیا ہے جس پر اللہ کے سوا کسی اور کا نام لیا گیا ہو اور جو شخص (ان میں سے کسی چیز کے کھانے پر) مجبور کیا جائے بحالیکہ وہ (شریعت کا) مقابلہ کرنے والا نہ ہو اور نہ حد سے بڑھنے والا ہو تو (یاد رہے کہ) اللہ بہت ہی بخشنے والا (اور) باربار رحم کرنے والا ہے۔
اور اپنی زبانوں کے جھوٹے بیانوں کے سبب سے (یہ) مت کہو کہ یہ حلال ہے اور یہ حرام ہے (تا ایسا نہ ہو) کہ تم اللہ پر جھوٹ باندھنے والے بن جاؤ۔ جو لوگ اللہ پر جھوٹ باندھتے ہیں وہ ہرگز کامیاب نہیں ہوتے۔
(یہ دنیا) تھوڑا سا عارضی سامان ہے اور (اس جھوٹ کے نتیجہ میں) ان کے لئے دردناک عذاب (مقدر) ہے (پس اس سے بچنا چاہیئے)
اور جن لوگوں نے یہودی مذہب اختیار کیا تھا ان پر (بھی) ہم نے اس سے پہلے وہ (تمام) چیزیں حرام کی تھیں جن کا ذکر ہم نے تجھ سے کیا ہے اور ہم نے ان پر (یہ احکام دیکر) ظلم نہیں کیا تھا بلکہ وہ (ان احکام کو توڑ کر) اپنی جانوں پر ظلم کیا کرتے تھے۔
پھر (یاد رکھو کہ) جن لوگوں نے بے خبری کی حالت میں (کوئی) برائی کی ہو (اور) پھر اس کے بعد (وہ اس سے) توبہ کر لیں۔ اور (اپنی غلطی کی) اصلاح (بھی) کریں، ان کے حق میں تیرا رب ان (شرائط کے پورا کرنے) کے بعد بہت ہی بخشنے والا (اور) باربار رحم کرنے والا (ثابت) ہوگا۔