۱۷۔ سورۃ الإسراء
تفسیر صغیر
(مَیں) اللہ کا نام لے کر جو بے حد کرم کرنے والا (اور) باربار رحم کرنے والا ہے (پڑھتا ہوں)۔
(میں) اُس (خدا) کی پاکیزگی (بیان کرتا ہوں) جو رات کے وقت اپنے بندے کو (اس) حرمت والی مسجد سے (اُس) دُور والی مسجد تک جس کے اردگرد کو (بھی) ہم نے برکت دی ہے (اس لئے) لے گیا کہ تاہم اسے اپنے بعض نشان دکھلائیں یقیناً وہی (خدا) ہے جو (اپنے بندوں کی پکار کو) خوب سننے والا (اور ان کی حالتوں کو) خوب دیکھنے والا ہے۔
اور ہم نے موسیٰ کو کتاب (یعنی تورات) دی تھی اور اس کو ہم نے بنی اسرائیل کے لئے ہدایت (کا ذریعہ) بنایا تھا (اور اس میں انہیں حکم دیا تھا) کہ تم میرے سوا کسی کو (اپنا) کارساز نہ ٹھہراؤ۔
(اور یہ بھی کہا تھا کہ اے) ان لوگوں کی نسل! جنہیں ہم نے نوح کے ساتھ (کشتی پر) سوار کیا تھا (یاد رکھو کہ) وہ یقیناً (ہمارا) نہایت شکر گذار بندہ تھا (پس تم بھی شکر گذار بنو)۔
اور ہم نے اس کتاب میں بنی اسرائیل کو یہ بات (کھول کر) پہنچا دی تھی کہ تم یقیناً اس ملک میں دو بار فساد کرو گے اور یقیناً تم بہت بڑی سرکشی (اختیار) کرو گے۔
اور جب ان دو (بار کے فسادوں) میں سے پہلی (بار) کا وعدہ (پورا ہونے کا وقت) آیا تو ہم نے بعض اپنے ایسے بندوں کو (تمہاری سرکوبی کے لئے) تم پر (مستولی کرکے) کھڑا کر دیا جو[1] سخت جنگجو تھے۔ اور وہ تمہارے گھروں کے اندر جا گھسے اور یہ وعدہ (بہرحال) پورا ہو کر رہنے والا تھا۔
[1] یہ بنو کدنضر بادشاہِ بابل کے حملہ کا ذکر ہے جس نے فلسطین پر حملہ کرکے صد قیاہ کو شکست دی تھی اور اس کی آنکھیں نکال دی تھیں۔(دیکھو ۲سلاطین باب۲۵)
(اس کے بعد) پھر[2]ہم نے تمہیں (دشمن پر) حملہ کی طاقت عطا کی اورہم نے مالوں اور بیٹوں کے ذریعہ سے تمہاری مدد کی اورہم نے تمہیں جتھے کے لحاظ سے بھی (پہلے سے) زیادہ کردیا۔
[2] اس میں مید اور فارس کے بادشاہ کا ذکر ہے جس نے بابل پر حملہ کرکے بنو کدنضر کے خاندان کو تباہ کر دیا اور بنو اسرائیل سے خفیہ معاہدہ کر لیا۔ اور بعد میں اس وعدہ کے مطابق نحمیاہ نبی کے ذریعہ دوبارہ بیت المقدس آباد کروایا۔ (دیکھو کتاب نحمیاہ باب۱۔ و باب۲)
(سنو)! اگر تم نیکو کار بنو گے تو نیکو کار بن کر اپنی جانوں کو ہی فائدہ پہنچاؤ گے، اور اگر تم بُرے اعمال کرو گے تو (بھی) ان (یعنی اپنی جانوں) کے لئے (بُرا کرو گے) پھر جب دوسری بار[3] والا وعدہ (پورا ہونے کا وقت) آگیا، تا کہ وہ (یعنی تمہارے دشمن) تمہارے معزز لوگوں سے ناپسندیدہ معاملہ کریں اور (اسی طرح) مسجد میں داخل ہوں جس طرح وہ اس میں پہلی بار داخل ہوئے تھے اور جس چیز پر غلبہ پائیں اُسے بالکل تباہ (اور برباد) کرکے رکھ دیں (تو یہ بات بھی پوری ہوگئی)
[3] اس تباہی کے دوسرے وعدہ سے مراد روم کے شہزادہ ٹائٹس کا حملہ ہے جس نے اس لئے فلسطین پر حملہ کیا کہ اسے بتایا گیا تھا کہ یہودی رومی حکومت سے بغاوت کرنے والے ہیں۔ یہ واقعہ ۷۰ء بعد مسیح کا ہے۔ (دیکھو انسا ئیکلوپیڈیا برٹینیکا زیر لفظ جیوز اور ہسٹورینز ہسٹری آف دی ورلڈ) اس وقت ٹائٹس نے بیت المقدس کی سخت ہتک کی تھی اور مسجد میں سؤر کی قربانی کی تھی۔
(اب بھی) کچھ بعید نہیں (بلکہ عین ممکن ہے) کہ تمہارا[4] رب تم پر رحم کر دے اور اگر تم (پھر اپنے غلط رویہ کی طرف) لوٹے تو ہم بھی (اپنی سزا کی طرف) لوٹیں گے اور (یاد رکھو کہ) جہنم کو ہم نے کافروں کے لئے قید خانہ بنایا ہے۔
[4] یعنی یہود کا۔
یہ قرآن یقیناً اس (راہ کی) طرف راہنمائی کرتا ہے جوسب سے زیادہ درست ہے اور مومنوں کوجو مناسب حال کام کرتے ہیں بشارت دیتاہے کہ ان کے لئے (بہت) بڑا اجر (مقدر) ہے۔
اور (قرآن) یہ (بھی کہتا ہے) کہ جو لوگ آخرت پر ایمان نہیں لاتے ان کے لئے ہم نے دردناک عذاب تیار کیا ہے۔
اور انسان شر کو (اسی جوش سے) بلاتا ہے جس جوش سے اللہ[1] اس (بندہ) کو خیر کی طرف بلا رہا ہوتا ہے اور انسان بڑا ہی جلد باز (واقع ہوا) ہے۔
[1] ترجمہ میں ضمیر کی بجائے ظاہر اسم استعمال کیا گیا ہے تاکہ آیت کا مفہوم واضح ہو جائے۔