۱۷۔ سورۃ الإسراء

تفسیر صغیر, حصہ 2

اور ہم نے رات اور دن دو نشان بنائے ہیں۔ اس طرح پر کہ رات والے نشان کے اثر کو تو ہم نے مٹا دیا[2] اور دن والے نشان کو ہم نے بینائی بخشنے والا بنا دیا تا کہ تم خدا کے فضل کو تلاش کرو اور (آسانی سے) سالوں کی گنتی اور حساب معلوم کر سکو، اور ہم نے ہر ایک چیز کو خوب کھول کھول کر بیان کر دیا ہے۔

[2] یعنی اندھیرا بنایا ہے۔

اور ہم نے ہر انسان کی گردن میں اس کے [3]عمل کو باندھ دیا ہے اور ہم قیامت کے دن اس (کے اعمال) کی ایک کتاب[4] نکال کر اس کے سامنے رکھ دیں گے، جسے وہ (بالکل) کھلی ہوئی پائے گا۔

[3] اس آیت میں یہ لفظ ہیں کہ ہر انسان کی گردن میں اس کا پرندہ باندھ چھوڑا ہے۔ لیکن چونکہ لغت میں لکھا ہے کہ پرندہ کے معنے اس عمل کے بھی ہوتے ہیں جس کا انسان عادی ہو جائے (دیکھو اقرب) اس لئے ہم نے ترجمہ میں طَائِر کی جگہ عمل لکھا ہے۔ گردن میں عمل باندھنے کے یہ معنے ہیں کہ وہ اس کی جزا سے بچ نہیں سکتا۔

[4] اس لفظ نے واضح کر دیا ہے کہ قرآن مجیدنے اس جگہ طَائِر کے معنے عمل ہی کے لئے تھے۔

(اور اسے کہا جائے گا) اپنی کتاب (خود ہی) پڑھ (کر دیکھ لے) آج تیرا نفس ہی تیرا حساب لینے کے لئے کافی ہے۔

(پس یاد رکھو کہ) جو ہدایت کو قبول کرے گا اس کا ہدایت پانا اسی کی ذات کے فائدہ کے لئے ہے جو (اس ہدایت کو رد کرکے) گمراہ ہوگا۔ اس کا گمراہ ہونا اسی کے (نفس کے) خلاف پڑے گا اور کوئی بوجھ اٹھانے والی جان[1] کسی دوسری (جان) کا بوجھ نہیں اٹھائے گی اور ہم (کسی قوم پر) ہرگز عذاب نہیں بھیجتے جب تک (ان کی طرف) کوئی رسول نہ بھیج لیں۔

[1] یعنی کوئی شخص جس پر جواب دہی لازمی ہو دوسرے کی جگہ جواب دہی نہیں کر سکے گا۔ نیز دیکھئے نوٹ سورۃ انعام آیت۱۶۵

اور جب ہم کسی بستی کو ہلاک کرنے کا ارادہ کریں تو (پہلے) ہم اس کے آسودہ حال لوگوں کو (نیکی کا[2]) حکم دیتے ہیں جس پر وہ (الٹا) اس (بستی) میں نافرمانی (کی راہ) اختیار کر لیتے ہیں۔ تب اس بستی کے متعلق ہمارا کلام پورا ہو جاتا ہے اور ہم اسے پوری طرح تباہ کر دیتے ہیں۔

[2] اس آیت کے بہت غلط معنے کیے جاتے ہیں لیکن حضرت ابن عباسؓ نے اس کا صحیح مفہوم نکالا ہے جس سے سب اعتراض دور ہو جاتے ہیں۔ (دیکھئے بحر محیط جلد۶ ص۱۷) ہم نے اسی کے مطابق ترجمہ کیا ہے۔

اور (اسی قانون کے مطابق) ہم نے نوح (کی قوم کو اور اس) کے بعد (یکے بعد دیگرے) بہت سی نسلوں کو ہلاک کیا اور تیرا رب اپنے بندوں کے گناہوں پر (اچھی طرح) آگاہی رکھنے والا (ہے اور انہیں) خوب دیکھتا ہے۔

جو شخص (صرف) دنیا کا خواہاں ہو۔ ہم اس قسم کے لوگوں میں سے جس کو چاہتے ہیں، اس دنیا میں کچھ جلدی والا (دنیوی) فائدہ دے دیتے ہیں۔ اس کے بعد اس کے لئے جہنم (کا عذاب) مقرر کر دیتے ہیں جس میں وہ الزام لگوا کر اور دھتکارا جاکر داخل ہو جاتا ہے۔

اور[3] جن لوگوں نے ایمان کی حالت میں آخرت کی خواہش کی اور اس کے لئے اس کے مطابق کوشش (بھی) کی تو (یاد رکھو) ایسے ہی لوگ ہیں جن کی کوشش کی قدر کی جائے گی۔

[3] مَنْ کا لفظ مفرد اور جمع دونوں معنے رکھتا ہے۔ ہم نے جمع کے معنے کیے ہیں۔

ہم سبھی کو مدد دیتے ہیں ان کو بھی (یعنی دین والوں کو بھی) اور ان کو بھی (یعنی دنیا والوں کو بھی) (اور یہ مدد) تیرے رب کی عطا میں سے ہے اور تیرے رب کی عطا (کسی خاص گروہ سے) روکی نہیں جاتی۔

دیکھ کس طرح ہم نے (دنیوی سامانوں کی رو سے بھی) ان میں سے بعض کو بعض پر فضیلت دی (ہوئی) ہے اور آخرت کی (زندگی) تو یقیناً (اور بھی) بڑے درجات والی اور زیادہ فضیلت والی (زندگی) ہوگی۔

پس (اے مخاطب) اللہ کے ساتھ کوئی دوسرا معبود نہ بنا، ورنہ تو الزام لگوا کر (اور) نصرت (الٰہی) سے محروم ہو کر بیٹھ جائے گا۔

تیرے رب نے (اس بات کا) تا کیدی حکم دیا ہے کہ تم اس کے سوا کسی کی عبادت نہ کرو اور (نیز یہ کہ اپنے) ماں باپ سے اچھا سلوک کرو۔ اگر ان میں سے کسی ایک پر یا ان دونوں پر تیری زندگی میں بڑھاپا آجائے، تو انہیں (ان کی کسی بات پر ناپسندیدگی کا اظہار کرتے ہوئے) اُف[1] تک نہ کہہ اور نہ انہیں جھڑک اور ان سے (ہمیشہ) نرمی سے بات کر۔

[1] اس آیت سے ثابت ہے کہ قرآن کریم میں کئی جگہ خطاب محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے ہوتا ہے مگر مراد آپ کی امت ہوتی ہے کیونکہ یہ حکم ماں باپ سے سلوک کا ہے اور آپ کے والد آپ کی پیدائش سے پہلے اور آپ کی والدہ آپ کے بلوغ سے پہلے فوت ہو گئی تھیں۔

·

آج 10 میں سے 10 باقی