۱۸۔ سورۃ الكهف
تفسیر صغیر
(مَیں) اللہ کا نام لے کر جو بے حد کرم کرنے والا (اور) باربار رحم کرنے والا ہے (پڑھتا ہوں)۔
ہر تعریف کا اللہ ہی مستحق ہے جس نے (یہ) کتاب اپنے بندہ پر اتاری ہے، اور اس میں کوئی کجی نہیں رکھی۔
(اور اس نے اسے) سچ سے معمور اور صحیح راہنمائی کرنے والی بنا کر اتارا ہے تا کہ وہ (لوگوں کو) اس کی (یعنی اللہ کی) طرف سے (آنے والے) ایک سخت عذاب سے آ گاہ کرے اور ایمان لانے والوں کو جو نیک (اور ایمان کے مناسب حال) کام کرتے ہیں بشارت دے کہ ان کے لئے (خدا کی طرف سے) اچھا اجر (مقدر) ہے۔
وہ اس (اجر کے مقام) میں ہمیشہ رہیں گے۔
اور (نیز اُس نے اس لئے اسے اُتارا ہے کہ) تا وہ ان لوگوں کو (آنے والے عذاب سے) آ گاہ کرے جو یہ کہتے ہیں (کہ) اللہ نے (فلاں شخص کو) بیٹا بنا لیا ہے۔
اُنہیں اس بارہ میں کچھ بھی تو علم (حاصل) نہیں اور نہ ان کے بڑوں کو (اس بارہ میں کوئی علم تھا) یہ بہت بڑی (خطرناک) بات ہے جو ان کے مونہوں سے نکل رہی ہے (بلکہ) وہ محض جھوٹ بول رہے ہیں۔
(کیا) اگر وہ اس عظیم الشان کلام پر ایمان نہ لائیں تو تو ان کے غم میں شدت افسوس کی وجہ سے اپنی جان کو ہلاکت میں ڈال دے گا۔
جو کچھ (روئے) زمین پر (موجود) ہے اسے یقیناً ہم نے اس کی زینت (کا موجب) بنایا ہے تا کہ ہم ان [1]کا امتحان لیں (کہ) ان میں سے سب سے اچھا کام کرنے والا کون ہے۔
[1] یعنی زمین کے باشندوں کا۔
اور جو کچھ اس (زمین) پر (موجود) ہے اسے ہم یقیناً (ایک دن) مٹا کر ویران سطح بنا دیں گے۔
کیا تو سمجھتا ہے کہ کہف اور رقیم والے (لوگ) ہمارے نشانوں میں سے کوئی اچنبھا (نشان) تھے (جن کی نظیر پھر کبھی نہ پائی جا سکتی ہو)
جب وہ (چند) نوجوان وسیع غار میں پناہ گزیں ہوئے اور (دعا کرتے ہوئے) انہوں نے کہا (کہ) اے ہمارے رب ہمیں اپنے حضور سے (خاص) رحمت عطا کر اور ہمارے لئے ہمارے (اس) معاملہ میں رشد و ہدایت کا سامان مہیا کر۔
جس پر ہم نے اس وسیع غار میں چند گنتی کے سالوں کے لئے انہیں (بیرونی حالات کے) سننے سے محروم کر دیا۔