۱۸۔ سورۃ الكهف
تفسیر صغیر, حصہ 2
پھر ہم نے انہیں اٹھایا، تا کہ ہم جان لیں کہ جتنی مدت وہ (وہاں) ٹھہرے رہے تھے اسے (مسیح کے متبع) دونوں گروہوں میں سے زیادہ محفوظ رکھنے والا کونسا گروہ ہے۔
(اب) ہم ان کی اہم خبر بالکل صحیح طور پر تیرے پاس بیان کرتے ہیں وہ چند نوجوان تھے جو اپنے رب پر (حقیقی) ایمان لائے تھے اور انہیں ہم نے ہدایت میں (اور بھی) بڑھایا تھا۔
اور جب وہ (اپنے وطن سے نکلنے کے لئے) اٹھے تو ہم نے ان کے دلوں کو مضبوط کر دیا۔ تب انہوں نے (ایک دوسرے سے) کہا (کہ) ہمارا رب (وہ ہے جو) آسمانوں اور زمین کا (بھی) رب ہے ہم اس کے سوا کسی اور معبود کو ہرگز (کبھی) نہیں پکاریں گے ورنہ ہم ایک حق سے دور بات کہنے والے ہوں گے۔
ان لوگوں یعنی ہماری قوم نے اس (معبود برحق) کو چھوڑ کر (اپنے لئے) اور معبود بنا لیے ہیں۔ وہ ان کے ثبوت میں کیوں کوئی روشن دلیل نہیں لاتے۔ پھر (وہ کیوں نہیں سمجھتے) کہ جو شخص اللہ پر جھوٹ باندھے اس سے بڑھ کر ظالم[1] (اور) کون (ہوسکتا) ہے۔
[1] قرآن مجید میں مثبت کے الفاظ ہیں۔ مگر اردو میں صحیح ترجمہ ’’کوئی نہیں‘‘ کے ساتھ ہو سکتا ہے۔ ہم نے الفاظ قرآنی کو قائم رکھنے کے لئے مثبت ترجمہ ہی قائم رکھا ہے۔ کیونکہ اس سے مطلب سمجھ میں آجاتا ہے۔
اور (اس وقت) جب (کہ) تم نے ان سے اور (نیز) اللہ کے سوا جس چیز کی (بھی) وہ پرستش کرتے ہیں (اس سے) کنارہ کشی کرلی ہے تو (اب) تم اس وسیع پہاڑی پناہ گاہ میں بیٹھے رہو (ایسا کرو گے تو) تمہارا رب اپنی رحمت (کی کوئی راہ) تمہارے لئے کھول دے گا اور تمہارے لئے تمہارے اس معاملہ میں کوئی سہولت کا سامان مہیا کر دے گا۔
اور (اے مخاطب) تو سورج کو دیکھتا ہے کہ جب وہ چڑھتا ہے تو ان کی وسیع جائے پناہ سے[2] دائیں طرف کو ہٹ کر گزرتا ہے اور جب وہ ڈوبتا ہے تو ان سے بائیں طرف کو ہٹ کر گذرتا ہے اور وہ اس غار کے اندر ایک فراخ جگہ میں (رہتے) تھے یہ بات اللہ (کی نصرت) کے نشانوں میں سے (ایک نشان) ہے جسے اللہ (ہدایت کا) راستہ دکھائے وہی ہدایت پر ہوتا ہے اور جسے وہ گمراہ کرے اس کا تو (کبھی) کوئی دوست (اور) راہنما نہیں پائے گا۔
[2] یعنی کہف کا مقام اور اس کا محل وقوع اس طرح تھے کہ صبح کو سورج دائیں طرف سے گذرتا تھا اور شام کو بائیں طرف سے گذرتا تھا (تفصیل کے لئے دیکھئے تفسیر کبیر جلد چہارم صفحہ ۴۳۰)
اور (اے مخاطب) تو انہیں بیدار سمجھتا ہے حالانکہ وہ سوتے ہیں اور ہم [3]انہیں دائیں طرف (بھی) پھرائیں گے اور بائیں طرف (بھی) اور ان[4] کا کتا (بھی ان کے ساتھ ساتھ) صحن میں ہاتھ پھیلائے (موجود) رہے گا۔ اگر تو ان کے حالات سے آگاہ ہو جائے تو تو ان سے بھاگنے [5]کے لئے پیٹھ پھیر لے اور ان کی وجہ سے رعب سے بھر جائے۔
[3] یعنی اَصحابُ الکہف دنیا کی ہر جہت میں پھیل جائیں گے اور یہ پھیلنے والی قوم یورپ کے مسیحی ہیں پس انہی کی طرف اصحاب کہف سے اشارہ ہے۔
[4] پالتو ُکتّے جب گھر کی حفاظت کے لئے باہر بیٹھتے ہیں تو ہاتھ پھیلا کر زمین پر بیٹھتے ہیں اور یورپین لوگ کثرت سے کُتّے رکھتے ہیں۔ اسی کی طرف یہاں اشارہ ہے۔
[5] یعنی مغربی یا شمالی لوگ مشرقیوں یا جنوبیوں سے اس طرح بچ کر رہیں گے کہ ان کے گھروں میں بے اطلاع جانا مشرقیوں کے لئے ناممکن ہوگا۔
اور اسی طرح ہم نے انہیں (بیکسی کی حالت سے) اٹھایا۔ اس پر وہ آپس میں (حیرت سے) ایک دوسرے سے سوال کرنے لگے (اور) ان میں سے ایک کہنے لگا (کہ) تم یہاں کتنی دیر ٹھہرے رہے ہو (جو اس کے مخاطب تھے) انہوں نے کہا (کہ) ہم ایک دن یا دن کا کچھ حصہ ٹھہرے ہیں (تب) انہوں نے (یعنی دوسروں نے) کہا (کہ) جو (عرصہ) تم (یہاں) ٹھہرے رہے ہو اسے تمہارا رب (ہی) بہتر جانتا ہے۔ پس (اس بحث کو چھوڑو اور[3]) اپنے یہ پرانے سکے دے کر اپنے میں سے کسی ایک کو اس شہر کی طرف بھیجو وہ (جاکر) دیکھے کہ اس (شہر) میں سے کس کا غلہ سب سے اچھا ہے پھر (جس کا غلہ سب سے اچھا ہو) اس سے کچھ کھانے کا سامان لے آئے اور وہ ہوشیاری سے (لوگوں کی) راز کی باتیں معلوم کرنے کی کوشش کرے اور تمہارے متعلق کسی کو ہرگز (کوئی) علم نہ ہونے دے۔
[3] یعنی جب اصحاب الکہف پر زمانہ کی تاریخ روشن ہوگئی اور انہوں نے نسبتاً کچھ امن پایا تو اپنے پرانے سکے دے کر انہوں نے اپنے میں سے بعض کو خوراک خریدنے کے لئے بھیجا۔
کیونکہ اگر وہ تم پر غلبہ پالیں تو یقیناً تمہیں سنگسار کر دیں گے یا (جبراً) تمہیں واپس اپنے مذہب میں داخل کر لیں گے اور اس صورت میں تم کبھی (بھی) کامیاب نہیں ہو سکو گے۔
اور اسی طرح ہم نے (لوگوں کو) ان (کے حالات) سے آگاہ کیا ہے تا انہیں معلوم ہو کہ اللہ کا وعدہ پورا ہو کر رہنے والا ہے اور (یہ بھی) کہ اس (موعودہ) گھڑی (کے آنے)میں کچھ بھی شک نہیں (اور اس وقت کو بھی یاد کرو) جب وہ اپنے کام کے متعلق آپس میں گفتگو کرنے لگے اور انہوں نے (ایک دوسرے سے) کہا (کہ) تم ان (کے رہنے کے مقام) پر کوئی عمارت بناؤ۔ ان کا رب ان (کے حال) کو سب سے بہتر جانتا تھا (آخر) جنہوں نے اپنے قول میں غلبہ حاصل کر لیا انہوں نے کہا (کہ) ہم (تو) ان (کے رہنے کے مقام) پر مسجد[1] (ہی) بنائیں گے۔
[1] یہاں مسجد کا لفظ ہے مگر مسیحیوں میں مسجد کی جگہ گرجا ہوتا ہے۔ چنانچہ اب بھی کیٹاکومبز (جن میں اصحاب کہف تھے) کے منہ پر گرجا بنا ہوا ہے۔
وہ (لوگ جو حقیقت حال سے بے خبر ہیں ضرور) غیب کے متعلق اٹکل پچو باتیں کرتے ہوئے (کبھی) کہیں گے (کہ وہ صرف) تین (آدمی) تھے۔ جن کے ساتھ چوتھا ان کا کتا تھا اور (کبھی یہ[2]) کہیں گے (کہ وہ) پانچ تھے جن کے ساتھ چھٹا ان کا[3] کتا تھا اور (ان میں سے بعض یوں بھی) کہیں گے (کہ وہ) سات تھے اور ان کے ساتھ آٹھواں ان کا کتا تھا۔ تو (انہیں) کہہ (کہ) ان کی صحیح گنتی کو اللہ (ہی) بہتر جانتا ہے۔ (اور) تھوڑے[4] لوگوں کے سوا انہیں کوئی نہیں جانتا۔ پس تو ان کے متعلق مضبوط بحث کے سوا کوئی بحث نہ کر۔ اور ان کے بارہ میں ان میں سے کسی سے حقیقت حال دریافت نہ کر۔
[2] یہ پرانی غاروں کے مختلف کمروں کی کیفیت ہے بعض کمروں کے کتبے بتاتے ہیں کہ وہاں تین نے پناہ لی، بعض کتبے بتاتے ہیں کہ وہاں سات نے پناہ لی۔ اسی طرح مختلف کمروں کے متعلق مختلف تعداد بتائی گئی ہے۔
[3] کیٹا کومبز (Catacombs) میں پناہ گزیں مسیحیوں کے ساتھ ہر جگہ کتا بھی دکھایا گیا ہے۔
[4] تعجب ہے کہ قرآن مجید تو کہتا ہے کہ اصحاب کہف کی تعداد صرف تھوڑے لوگ جانتے ہیں مگر تفسیریں دیکھو تو معلوم ہوتا ہے کہ ان کی تعداد بچہ بچہ کو معلوم ہے۔
اور[1] تو کسی بات کے متعلق (دعویٰ سے) ہرگز نہ کہہ (کہ) میں کل یہ (کام) ضرور کروں گا۔
[1] یعنی اس کہف کی قوم یعنی مسیحی قوم کا، مسلمان اپنی طاقت سے مقابلہ نہیں کر سکیں گے بلکہ خداتعالیٰ کی مدد سے کر سکیں گے۔ پس جب ان کا مقابلہ پیش آئے تو دعویٰ سے یہ نہ کہو کہ ہم یوں کر دیں گے، ووں کر دیں گے بلکہ یہ بھی کہو کہ اگر خدا نے بھی چاہا تو ہم اس اس طرح ان کا مقابلہ کریں گے۔ مفسرین نے اس جگہ عجیب غیر متعلق کہانیاں لکھ دی ہیں مگر ہماری تشریح سے ساری سورۃ کی صحیح ترتیب کا پتہ لگ جاتا ہے۔