۱۸۔ سورۃ الكهف

تفسیر صغیر, حصہ 9

تم مجھے لوہے[2] کے ٹکڑے دو (چنانچہ وہ روک تیار ہونے لگی) یہاں تک کہ جب اس نے (پہاڑی کی) ان (دونوں) چوٹیوں[3] کے درمیان برابری[4] پیدا کر دی۔ تو اس نے (ان سے) کہا (کہ اب اس پر آگ) دھونکو۔ حتیٰ کہ جب اس نے اسے (بالکل) آگ (کی طرح) کر دیا تو (ان سے) کہا (کہ اب) مجھے (گلا ہوا) تانبا (لا) دو، تا کہ میں (اسے) اس پر ڈال دوں۔

[2] یعنی دیوار دھات کی بننی ہے، تم علاقہ کے لوگ ہو، دھات مہیا کرو۔ باقی انجینئرنگ کا کام میرے آدمی کریں گے۔

[3] جہاں ذوالقرنین نے دیوار بنائی وہاں ایک طرف بحیرہ اخضر ہے اور دوسری طرف کوہ قاف۔ اور یہ دونوں چیزیں دونوں طرف سے سَدّ یعنی روک کا کام دے رہی تھیں۔ صرف درمیانی درّہ غیر محفوظ تھا۔

[4] ایک طرف سمندر تھا اور ایک طرف پہاڑ۔ ان دونوں میں برابری کے کیا معنے؟ سو یاد رکھنا چاہیے کہ یہاں برابری سے مراد یہ ہے کہ درمیانی کھلے میدان کو دیوار سے بند کر دیا تو دشمن نہ پہاڑ سے آسکا اور نہ سمندر سے۔ اس طرح روک کے لحاظ سے برابری ہوگئی۔

پس (جب وہ دیوار تیار ہو گئی تو) وہ (یعنی یاجوج ماجوج) اس پر چڑھ نہ سکے، اور نہ اس میں کوئی سوراخ کرسکے۔

(اس پر) اس نے کہا (کہ) یہ (کام محض) میرے رب کے خاص احسان سے (ہوا) ہے پھر جب (عالمگیر عذاب کے متعلق) میرے رب کا وعدہ (پورا ہونے پر) آئے گا تو وہ اس (روک) کو (توڑ کر) زمین سے پیوست شدہ ایک ٹیلہ بنا دے گا۔ اور میرے رب کا وعدہ (ضرور) پورا ہو کر رہنے والا ہے۔

اور (جب اس کے پورا ہونے کا وقت آئے گا تو) اُس وقت ہم انہیں ایک دوسرے کے خلاف[1] جوش سے حملہ آور ہوتے ہوئے چھوڑ دیں گے اور بگل بجایا جائے گا تب ہم ان (سب) کو اکٹھا کر دیں گے۔

[1] یعنی آخری زمانہ میں یاجوج اور ماجوج آپس میں لڑ پڑیں گے۔ جیسا کہ آج کل ہو رہا ہے کہ روس جس کو بائبل میں یاجوج قرار دیا گیا ہے اور انگلستان جسے بائبل میں ماجوج قرار دیا گیا ہے (دیکھئے حزقیل باب۳۹) یہ دونوں آج کل قرآنی آیت کے مطابق باہم جنگ کی تیاریاں کر رہے ہیں۔

اور ہم اس دن جہنم کو کافروں کے بالکل سامنے لے آئیں گے۔

(وہ کافر) جن کی آنکھیں میرے ذکر (یعنی قرآن کریم) کی طرف سے (غفلت کے) پردہ میں تھیں۔ اور وہ سننے کی طاقت (بھی) نہیں رکھتے تھے۔

(تو) کیا (یہ سب کچھ دیکھ کر) پھر (بھی) وہ لوگ جنہوں نے کفر (کا طریق) اختیار کیا ہے (یہ) سمجھتے ہیں کہ وہ مجھے چھوڑ کر میرے بندوں کو مددگار بنا سکیں گے۔ ہم نے کافروں کے انعام[2] (یعنی بدلہ) کے طور پر جہنم کو تیار کر رکھا ہے۔

[2] نُزُلًا کے معنے ضیافت کے بھی ہوتے ہیں اور عطیہ کے بھی۔ (اقرب)

ُتو (اُنہیں) کہہ (کہ) کیا ہم تمہیں ان لوگوں سے آگاہ کریں جو اعمال کے لحاظ سے سب سے زیادہ گھاٹا پانے والے ہیں۔

(یہ وہ لوگ ہیں) جن کی (تمام تر) کوشش اس ورلی زندگی میں ہی غائب ہو گئی ہے اور (اس کے ساتھ) وہ (یہ بھی) سمجھتے ہیں کہ وہ اچھا کام کر رہے ہیں۔

یہ وہ لوگ ہیں جنہوں نے اپنے رب کے نشانوں کا اور اس سے ملنے کا انکار کر دیا ہے اور اس لئے ان کے (تمام) اعمال گر کر (اسی دنیا میں) رہ گئے ہیں، چنانچہ قیامت کے دن ہم انہیں کچھ بھی وقعت نہیں دیں گے۔

یہ ان کا بدلہ (یعنی) جہنم اس وجہ سے ہوگا کہ انہوں نے کفر (کا طریق) اختیار کیا۔ اور میرے نشانوں اور میرے رسولوں کو (اپنی) ہنسی کا نشانہ بنالیا۔

جو لوگ ایمان لائے ہیں اور انہوں نے نیک (اور مناسب حال) عمل کیے ہیں ان کا ٹھکانا یقیناً فردوس نامی بہشت ہوں گے۔

·

آج 10 میں سے 10 باقی