۱۸۔ سورۃ الكهف
تفسیر صغیر, حصہ 8
ہم نے یقیناً اسے زمین میں حکومت بخشی تھی اور ہم نے اسے ہر ایک چیز (کے حصول) کا ذریعہ عطا کیا تھا۔
تب وہ ایک راستہ پر چل پڑا۔
یہاں تک کہ وہ سورج ڈوبنے کے مقام پر پہنچا تو اس نے ایسا پایا کہ (گویا) وہ ایک گدلے[2] چشمے میں ڈوب رہا ہے اور اس نے اس کے پاس کچھ لوگ (آباد) پائے[3] (اس پر) ہم نے (اسے) کہا (کہ) اے ذوالقرنین! تجھے اجازت ہے کہ ان کو عذاب دے یا ان کے بارہ میں حسن سلوک سے کام لے۔
[2] اس سے مراد بحیرہ اسود کا علاقہ ہے جہاں ذوالقرنین گیا تھا۔ اور جہاں پانی سیاہ ہونے کی وجہ سے گدلا نظر آتا ہے اس کو بحیرہ اسود کہتے ہیں۔
[3] اس جگہ جو قومیں آباد تھیں۔ انہوں نے مید اور فارس کی کامیابی کے بعد دوسری قوموں سے مل کر خورس یعنی ذوالقرنین پر حملہ کر دیا جس کے نتیجہ میں خورس نے بھی ان پر چڑھائی کی اور ان کو محکوم بنا لیا۔
اس نے کہا (ہاں میں ایسا ہی کروں گا اور) جو ظلم کرے گا اسے تو ہم ضرور سزا دیں گے۔ پھر وہ اپنے رب کی طرف لوٹایا جائے گا اور وہ اسے سخت سزا دے گا۔
اور جو ایمان لائے گا اور نیک (اور مناسب حال) عمل کرے گا اس کے لئے (خدا کے ہاں اس کے اعمال کے بدلہ میں) اچھا انجام (مقدر) ہے۔ اور ہم (بھی) ضرور اس کے لئے اپنے حکم سے آسانی والی بات کہیں گے۔
پھر وہ ایک راستہ پر چل پڑا۔
یہاں تک کہ جب وہ سورج کے نکلنے کے مقام پر پہنچا تو اس نے اسے ایسے لوگوں[4] پر چڑھتا پایا، جن کے لئے ہم نے (ان کے اور) اس (سورج) کے درمیان کوئی پردہ [5]نہیں بنایا تھا۔
[4] اس سے مراد بلوچستان اور افغانستان کا علاقہ ہے جو خورس نے فتح کیا تھا اور بحیرہ اسود سے مشرق کی طرف ہے۔
[5] یعنی چٹیل میدانوں کے لوگ تھے۔
(یہ واقعہ ٹھیک) اسی طرح ہے اور ہم نے اس کے تمام حالات کا خوب پتا رکھا ہوا ہے۔
پھر وہ ایک راستہ پر چل پڑا۔
یہاں تک کہ جب وہ دو پہاڑوں کے درمیان پہنچا، تو اس نے ان کے ورے کچھ ایسے لوگ پائے جو بمشکل اس کی بات سمجھتے تھے۔
انہوں نے کہا (کہ) اے ذوالقرنین! یاجوج و ماجوج یقیناً اس ملک میں فساد پھیلا رہے ہیں پس کیا ہم (لوگ) آپ کے لئے کچھ خراج اس شرط پر مقرر کر دیں کہ آپ ہمارے درمیان اور ان کے درمیان ایک روک بنا دیں۔
اس نے کہا (کہ) اس (قسم کے کاموں) کے متعلق میرے رب نے جو طاقت مجھے بخشی ہے وہ (دشمنوں کے سامانوں سے) بہت بہتر ہے اس لئے تم مجھے مقدور بھر مدد دو تا کہ میں تمہارے درمیان اور ان کے درمیان ایک روک بنادوں۔