۱۹۔ سورۃ مريم
تفسیر صغیر
(مَیں) اللہ کا نام لے کر جو بے حد کرم کرنے والا (اور) باربار رحم کرنے والا ہے (پڑھتا ہوں)۔
اے[1] عالم اور صادق خدا تو کافی اور ہادی ہے۔
[1] کٓھٰـیٰٰـعٓـصٓ حروف مقطعات میں سے ہے۔ ک سے مراد کَافٍ اور ھـ سے مراد ھَادٍ ہے۔ یا حرف ندا ہے اور ع سے مراد عَالِمٌ اور ص سے مراد صَادِقٌ ہے۔ گویا کٓھٰـیٰٰـعٓـصٓ میں یہ مفہوم ادا کیا گیا ہے کہ اَنْتَ کَافٍ، اَنْتَ ھَادٍ (یَا عَلِیْمُ) یَا عَالِمُ یَا صَادِقُ۔ یعنی ’’اے عالم اور صادق خدا تو کافی اور ہادی ہے‘‘ ان حروف کے ذریعہ درحقیقت عیسائی عقائد کی تردید کی گئی ہے۔ فتح البیان میں یہ معنی حضرت اُ مّ ہانی ؓ سے جو رسول کریم صلی اللہ علیہ و سلم کی چچا زاد بہن تھیں روایت کیے گئے ہیں۔ تفصیل کے لئے دیکھئے تفسیر کبیر جلد پنجم صفحہ ۷ تا ۲۲ تفسیر سورۂ مریم۔
(اس سورۃ میں) تیرے رب کی (اس) رحمت کا ذکر (ہے) جو اس نے اپنے بندے زکریا پر (اس وقت) کی،
جب اس نے اپنے رب کو آہستہ آواز سے پکارا۔
(اور) کہا، اے میرے رب! (میری حالت تو یقیناً ایسی ہے کہ) میری تمام ہڈیاں تک کمزور ہو گئی ہیں اور (میرا) سر بڑھاپے کی وجہ سے بھڑک اٹھا ہے اور اے میرے رب! میں کبھی بھی تجھ سے دعائیں مانگنے کی وجہ سے ناکام (ونامراد) نہیں رہا۔
اور میں یقیناً اپنے رشتہ داروں سے اپنے (مرنے کے) بعد (کے سلوک سے) ڈرتا ہوں اور میری بیوی بانجھ ہے، پس تو مجھے اپنے پاس سے ایک دوست (یعنی بیٹا) عطا فرما۔
جو میرا بھی وارث ہو اور آل یعقوب (سے جو دین و تقویٰ ہم کو ورثہ میں ملا ہے اس) کا بھی وارث ہو۔ اور اے میرے رب اس کو (اپنا) پسندیدہ (وجود) بنائیو۔
(اس پر اللہ نے فرمایا) اے زکریا! ہم تجھے ایک لڑکے کی خبر دیتے ہیں (جو جوانی کی عمر تک پہنچے گا اور) اس کا نام (خدا کی طرف سے) یحییٰ ہوگا۔ ہم نے اس سے پہلے کسی کو اس نام سے یاد نہیں کیا۔
(زکریا نے) کہا۔ اے میرے رب! میرے ہاں لڑکا کیسے ہو سکتا ہے، حالانکہ میری بیوی بانجھ ہے اور میں بڑھاپے کی انتہائی حد کو پہنچ چکا ہوں۔
(الہام لانے والے فرشتہ نے) کہا (کہ جس طرح تو کہتا ہے واقعہ) اسی طرح (ہے) (مگر) تیرا رب کہتا ہے کہ یہ (بات) مجھ پر آسان ہے اور (دیکھ کہ) میں تجھے اس سے پہلے پیدا کر چکا ہوں حالانکہ تو کچھ بھی نہیں تھا۔
(زکریا نے) کہا، اے میرے رب! میرے لئے کوئی حکم بخش۔ فرمایا تیرے لئے یہ حکم ہے کہ تو لوگوں سے تین راتیں متواتر کلام نہ کر۔
اس کے بعد (زکریا) محراب سے نکل کر اپنی قوم کے پاس گئے اور انہیں آہستہ آواز میں کہا کہ صبح و شام خدا کی تسبیح کرتے رہو۔