۱۹۔ سورۃ مريم
تفسیر صغیر, حصہ 2
(اس کے بعد یحییٰ پیدا ہو گیا اور ہم نے اسے کہا) اے یحییٰ تو (الٰہی) کتاب کو مضبوطی سے پکڑ لے اور ہم نے اسے چھوٹی عمر میں ہی (اپنے) حکم سے نوازا تھا۔
(اور یہ بات) ہماری طرف سے بطور مہربانی (اور شفقت کے تھی) اور ( اسے) پاک کرنے کے لئے (تھی) اور وہ بڑا متقی تھا۔
اور وہ اپنے والدین کے ساتھ نیک سلوک کرنے والا تھا اور ظالم اور نافرمان نہیں تھا۔
اور جب وہ [1]پیدا ہوا تب بھی اس پر سلامتی تھی، اور جب وہ مرے گا اور جب وہ زندہ کرکے اٹھایا جائے گا (تب بھی اس پر سلامتی ہوگی)۔
[1] اسی سورۃ کی آیت۳۴ میں مسیح علیہ السلام کی نسبت آتا ہے کہ جب میں پیدا ہوا، تب بھی مجھ پر سلامتی تھی اور جب میں مروں گا تب بھی مجھ پر سلامتی ہوگی۔ مسیحی اس سے مسیحؑ کی فضیلت نکالتے ہیں اور یہ نہیں دیکھتے کہ حضرت یحیٰیؑؑ کے متعلق یہی بات خداتعالیٰ نے حضرت زکریاؑ سے کہی تھی۔ پس اگر یہ فضیلت ہے تو اس سے یحیٰیؑ کی فضیلت مسیحؑ پر ثابت ہوتی ہے۔
اور تو (اس) کتاب میں مریم کا (جو) ذکر (آتا ہے اسے) بیان کر (خصوصاً اس بات کو کہ) جب وہ اپنے رشتہ داروں سے مشرقی (جانب ایک) جگہ چلی گئی۔
اور (اپنے اور) ان (یعنی رشتہ داروں) کے درمیان پردہ ڈال دیا۔ (یعنی ان سے قطع تعلق کرکے اپنے آپ کو چھپا دیا) اس وقت ہم نے اس کی طرف اپنا کلام لانے والا فرشتہ (یعنی جبرائیل) بھیجا اور وہ اس کے سامنے ایک تندرست بشر کی شکل میں ظاہر ہوا۔
(مریم نے اس سے) کہا، میں تجھ سے رحمان خدا کی پناہ مانگتی ہوں، اگر تیرے اندر کچھ بھی تقویٰ ہے۔
(اس پر اس فرشتہ نے) کہا۔ میں تو صرف تیرے رب کا بھیجا ہوا پیغامبر ہوں تا کہ میں تجھے (وحی کے مطابق) ایک پاک لڑکا دوں[2] (جو جوانی کی عمر تک پہنچے گا)۔
[2] یعنی اس کی بشارت دوں۔
(مریم نے) کہا۔ میرے ہاں لڑکا کہاں سے ہوگا۔ حالانکہ اب تک مجھے کسی مرد نے نہیں چھؤا۔ اور میں کبھی بدکاری میں مبتلا نہیں ہوئی۔
(فرشتہ نے) کہا (بات) اسی طرح ہے (جس طرح تو نے کہی، مگر) تیرے رب نے یہ کہا ہے کہ یہ (کام) مجھ پر آسان ہے اور (ہم[3] اس لیے یہ لڑکا پیدا کریں گے) تا کہ اسے لوگوں کے لئے ایک نشان بنائیں اور اپنی طرف سے رحمت (کا موجب بھی بنائیں) اور یہ (امر) ہماری تقدیر میں طے ہو چکا ہے۔
[3] یورپ کے متعدد ڈاکٹروں نے اب اس بات کا اعلان کیا ہے کہ کنواری کے بطن سے لڑکا پیدا ہونا ممکن ہی نہیں بلکہ اس کی کئی مثالیں یقینی طور پر طب سے ثابت ہو چکی ہیں۔ (تفصیل کے لئے دیکھئے تفسیر کبیر جلد پنجم صفحہ ۱۷۱ تا ۱۷۵ تفسیر سورۂ مریم)
اس پر مریم نے (اپنے پیٹ میں) اس (بچہ) کو اٹھا لیا اور پھر اس کو لے کر ایک دور مکان کی طرف چلی گئی۔
پس (جب وہ وہاں پہنچی تو) اسے درد زہ (اٹھی اور اسے) مجبور کرکے ایک کھجور کے تنے کی طرف لے گئی (جب مریم کو یقین ہو گیا کہ اس کے ہاں بچہ ہونے والا ہے تو اس نے دنیا کی انگشت نمائی کا خیال کرکے) کہا۔ اے کاش! میں اس سے پہلے مر جاتی اور میری یاد مٹا دی جاتی۔