۲۰۔ سورۃ طه
تفسیر صغیر
(مَیں) اللہ کا نام لے کر جو بے حد کرم کرنے والا (اور) باربار رحم کرنے والا ہے (پڑھتا ہوں)۔
اے کامل قوتوں والے[1] مرد۔
[1] طٰہٰ حروف مقطّعات میں سے نہیں ہے۔ بلکہ عرب کے مختلف قبائل میں اس کے معنے یَا رَجُلُ کے ہیں یعنی اے مرد کامل القویٰ! (فتح البیان) کامل قوتوں والے مرد سے اس طرف اشارہ ہے کہ مردانگی کی صفات شجاعت، سخاوت اور بدی کا مقابلہ کامل طور پر محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم میں پائی جاتی ہیں۔ آپ کی بیوی حضرت خدیجہؓ نے جب آپ پر پہلا الہام نازل ہوا اور آپ کچھ گھبرا سے گئے تو الہام سن کر اور آپ کی یہ حالت دیکھ کر یہ شہادت دی کہ کَلَّا وَاللّٰہِ لَا یُخْزِیْکَ اللّٰہُ اَبَدًا یعنی آپ کے اندیشے غلط ہیں اللہ تعالیٰ آپ کو کبھی رسوا نہیں کرے گا۔ اِنَّکَ لَتَصِلُ الرَّحِمَ وَتَقْرِی الضَّیْفَ وَ تَکْسِبُ الْمَعْدُوْمَ وَ تُعِیْنُ عَلٰی نَوَائِبِ الْحَقِّ کیونکہ آپ ہمیشہ رشتہ داروں سے نیک سلوک کرتے ہیں اور لوگوں کے بوجھ ہلکا کرنے کی کوشش کرتے ہیں اور وہ اخلاق فاضلہ جو دنیا سے مٹ چکے ہیں اُن کو از سرِ نو قائم کررہے ہیں اور ہمیشہ مہمان نوازی کرتے ہیں اور اگر کوئی شخص بغیر کسی شرارت کے پھنس جاتا ہے تو آپ اس کی مدد کرتے ہیں (بخاری کتاب بدء الوحی) انسان کی سب سے بڑی گواہ اس کی بیوی ہی ہو سکتی ہے جو ہر وقت اس کے حالات کو دیکھتی ہے پس یہ گواہی سب سے معتبر گواہی ہے جس سے ثابت ہوتا ہے کہ رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم واقعہ میں طٰہٰ تھے یعنی ایک کامل مرد میں جو فضائل پائے جانے چاہئیں وہ سب کے سب آپ میں بدرجۂ اَتَم پائے جاتے تھے۔
ہم نے تجھ پر (یہ) قرآن اس لئے نازل نہیں کیا کہ تو دکھ میں پڑ جائے۔
(یہ تو) صرف (خدا سے) ڈرنے والے انسان کے لئے راہ نمائی اور ہدایت (کے لئے) ہے۔
(قرآن) اس کی طرف سے اتارا ہوا ہے جس نے زمین اور اونچے آسمانوں کو پیدا کیا ہے۔
(وہ) رحمن (ہے جو) عرش پر مستحکم طور پر قائم ہو گیا ہے۔
آسمانوں اور زمین میں جو کچھ ہے، اور وہ بھی جو ان دونوں کے درمیان ہے اسی کا ہے نیز (وہ بھی) جو گیلی مٹی کے نیچے ہے۔
اگر تو اونچی آواز سے بولے تو خدا اس کو بھی سنتا ہے اور اگر آہستہ آواز سے بولے تو اس کو بھی سنتا ہے کیونکہ وہ پوشیدہ بات کو بھی جانتا ہے اور جو بہت ہی پوشیدہ ہوتی ہے (اسے بھی جانتا ہے)
اللہ (وہ ذات ہے کہ اس) کے سوا کوئی معبود نہیں۔ اس کی بہت سی اچھی صفات ہیں۔
اور (اس کے ثبوت میں ہم کہتے ہیں کہ) کیا تیرے پاس موسیٰ کا واقعہ پہنچا ہے؟ (یا نہیں)
(یعنی) جب اس نے ایک آگ دیکھی تو اس نے اپنے اہل سے کہا (اپنی جگہ) ٹھہرے رہو۔ میں نے ایک[1] آگ دیکھی ہے ممکن ہے کہ میں وہاں جاکر اس آگ میں سے کوئی انگارہ[2] تمہارے لئے بھی لے آؤں یا آگ پر (اپنے لئے کوئی روحانی) ہدایت حاصل کروں۔
[1] لفظ ’’ایک آگ‘‘ سے معلوم ہوتا ہے کہ حضرت موسیٰ ؑ خود بھی اسے کشف سمجھتے تھے۔ کیونکہ اگر وہ عام آگ ہوتی تو وہ ’’ایک آگ‘‘ نہ کہتے، بلکہ آگ کہتے۔ اور حقیقت یہ ہے کہ ان کو ایک جلوہ نظر آیا تھا جو آگ کی شکل میں تھا۔ حضرت موسٰیؑ محسوس کرتے تھے کہ جو کچھ نظر آیا ہے وہ خداتعالیٰ کی ایک تجلی ہے۔ تبھی انہوں نے رشتہ داروں سے کہا کہ میں نے ایک آگ دیکھی ہے۔
[2] چونکہ نظارہ آگ کی صورت میں تھا اس لئے اس کی نسبت سے سب لفظ استعارۃ ً بولے گئے ہیں یعنی اگر تو یہ تجلی شخصی ہے تو میں اپنے لئے ہدایت حاصل کروں گا اور اگر تجلی قومی ہے تو تمہارے لئے وہاں سے روشنی اور ہدایت اور تعلیم کا سامان لاؤں گا جس سے تم فائدہ اٹھاؤ گے۔
پھر جب وہ اس (آگ) کے پاس پہنچا تو اسے آواز[3] دی گئی کہ اے موسیٰ!
[3] یہ مرادنہیں کہ آگ کے اندر خداتعالیٰ تھا، بلکہ یہ مراد ہے کہ یہ آگ کا نظارہ دکھانے والا خداتعالیٰ تھا۔