۲۰۔ سورۃ طه
تفسیر صغیر, حصہ 2
میں تیرا رب ہوں، پس تو اپنی دونوں جوتیاں[4] اتاردے، کیونکہ تو اس پاک وادی طویٰ میں ہے۔
[4] جوتیوں سے مراد دنیوی تعلقات ہیں۔ نَعْلَیْن کا لفظ اس لئے کہا کہ دنیوی تعلقات رشتہ داری کی وجہ سے بھی ہوتے ہیں اور قوم کی وجہ سے بھی ہوتے ہیں۔ پس تعلقات دو قسم کے ہیں جن کو نَعْلَیْن کی تثنیہ سے ادا کیا۔
اور میں نے تجھے (اپنے لئے) چن لیا ہے۔ پس تیری طرف جو وحی کی جاتی ہے اس کو تو سن (اور اس پر عمل کر)۔
میں یقیناً اللہ ہوں، میرے سوا کوئی معبود نہیں۔ پس تو میری ہی عبادت کر، اور میرے ذکر کے لئے نماز قائم کر۔
قیامت یقیناً آنے والی ہے۔ قریب ہے کہ میں اسے ظاہر کردوں، تا کہ ہر نفس کو اپنے اعمال کے مطابق جزا دی جائے۔
پس جو (شخص) قیامت[1] پر ایمان نہیں رکھتا اور اپنی خواہشات کے پیچھے چلتا ہے تجھے قیامت[2] پر ایمان لانے سے روک نہ دے، جس کے نتیجہ میں تو ہلاک ہو جائے۔
[1] اس جگہ ضمیر کی بجائے ظاہر اسم استعمال کیا گیا ہے۔
[2] اس جگہ ضمیر کی بجائے ظاہر اسم استعمال کیا گیا ہے۔
اور (ہم نے اس وقت موسیٰ سے کہا کہ) اے موسیٰ یہ تیرے دائیں ہاتھ میں کیا ہے؟
(اس نے) کہا یہ میرا سونٹا ہے، میں اس پر سہارا لیتا ہوں اور اس کے ذریعہ سے اپنی بکریوں پر (درختوں کے) پتے جھاڑتا ہوں اور اس کے سوا بھی اس میں میرے لئے اور کئی فائدے (پوشیدہ) ہیں۔
اس پر اس (خدا) نے فرمایا، اے موسیٰ! اس عصا کو زمین پر پھینک دے۔
سو اس نے اسے زمین پر پھینک دیا۔ جس کے بعد اس نے اچانک دیکھا کہ وہ سانپ ہے جو دوڑ رہا[3] ہے۔
[3] تفصیل کے لئے دیکھئے تفسیر کبیر جلد پنجم صفحہ ۴۱۴۔ سورۂ طہ و سورہ اعراف آیت۱۱۸ اور سورہ نمل آیت۱۱۔
اس پر (اللہ) نے فرمایا، اس کو پکڑ لے اور ڈر نہیں۔ ہم اس کو پھر اس کی پہلی حالت کی طرف لوٹا دیں گے۔
اور اپنے ہاتھ کو بغل میں دبالے۔ جب تو اسے نکالے گا تو وہ سفید ہوگا مگر بغیر کسی بیماری[4] کے، یہ ایک اور نشان ہوگا۔
[4] موسٰیؑ کی کتاب تورات ہے، مگر اس نے یہ ظلم کیا ہے کہ ہاتھ کی سفیدی کو کوڑھ کی طرف منسوب کیا ہے (دیکھئے خروج باب۴ آیت۶) لیکن قرآن مجید جو تورات کی مدِّمقابل کتاب ہے اور بنو اسماعیل کے ایک فرد پر نازل ہوئی ہے وہ موسٰیؑ پر سے یہ الزام دور کرتی ہے اور کہتی ہے کہ ہاتھ سفید تو نکلا مگر اس کی سفیدی بیماری کی وجہ سے نہ تھی۔ یہود اور نصاریٰ کو یہ فرق دیکھ کر اور اپنی گندہ د ہنی کو دیکھ کر شرمانا چاہیے۔
(اور ہم یہ اس لیے کریں گے) تا کہ اس کے نتیجہ میں ہم تجھ کو اپنے بڑے بڑے نشانات دکھائیں۔