۲۰۔ سورۃ طه
تفسیر صغیر, حصہ 4
(اللہ نے) فرمایا، اے موسیٰ! جو تو نے مانگا، تجھے دیا گیا۔
اور ہم (اس سے پہلے) ایک بار اور بھی تجھ پر احسان کر چکے ہیں۔
جب ہم نے تیری ماں پر وحی کے ذریعہ وہ سب کچھ نازل[1] کر دیا جو (ایسے موقعہ پر) نازل کرنا ضروری تھا۔
[1] یورپین مستشرق اعتراض کرتے ہیں کہ بائیبل کے تفصیلی حالات محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے مدینہ میں جاکر یہودیوں سے سن کر قرآن میں لکھے ہیں۔ حالانکہ حضرت عیسیٰ علیہ السلام کے تفصیلی واقعات سورۃ مریم میں آتے ہیں اور حضرت موسٰی علیہ السلام کے تفصیلی واقعات سورۃ طٰہٰ میں آتے ہیں اور یہ دونوں سورتیں ابتدائی زمانہ کی ہیں (بخاری کتاب التفسیر) پس یہ اعتراض غلط ہے کہ مدینہ کے یہودیوں سے سن کر آپ نے یہ حالات بیان کئے۔ بلکہ یہودیوں کے ساتھ ملنے سے بہت پہلے اللہ تعالیٰ نے آپ کو ان تمام حالات سے باخبر کر دیا تھا۔
(جس کی تفصیل یہ ہے) کہ اس (موسیٰ) کو تابوت میں رکھ دے پھر اس (تابوت) کو دریا میں رکھ دے۔ پھر (اس کے بعد یوں ہو کہ) دریا ہمارے حکم سے اس (تابوت) کو ساحل تک پہنچا دے (تا کہ) اس کو وہ شخص لے جائے جو میرا بھی اور اس (موسیٰ) کا بھی دشمن [1]ہے اور تجھ پر میں نے اپنی طرف سے محبت نازل کی (یعنی تیرے لئے لوگوں کے دلوں میں محبت پیدا کی) اور اس کا نتیجہ یہ ہوا کہ تو ہماری آنکھوں کے سامنے پالا گیا[2]۔
[1] قرآن کریم میں عَدُوٌّ کا لفظ دو جگہ آیا ہے۔ اردو میں ایک کافی ہوتا ہے اس لئے ہم نے پہلی جگہ اس کا ترجمہ نہیں کیا، دوسری جگہ کر دیا ہے۔
[2] یعنی ہماری نگہداشت میں (دیکھئے اقرب زیر لفظ عَین)
(یہ اس وقت ہوا) جب تیری بہن (ساتھ ساتھ) چلتی جاتی تھی اور کہتی جاتی تھی کہ اے لوگو! کیا میں تمہیں اس عورت کا پتہ بتاؤں جو اس کو پال لے گی اور اس طرح ہم نے تجھ کو تیری ماں کی طرف لوٹا دیا، تا کہ اس کی آنکھیں ٹھنڈی ہو جائیں اور وہ غم نہ کرے۔ اور (اے موسیٰ)! تو نے ایک شخص کو قتل کر دیا تھا۔ پھر ہم نے تجھ کو اس غم سے نجات بخشی اور ہم نے تجھ کو اور کئی امتحانوں میں ڈال کر اچھی طرح آزمایا جس کے بعد تو کئی سال مدین کے لوگوں میں رہا۔ پھر اے موسیٰ (ہوتے ہوتے) تو اس عمر کو پہنچ گیا جو ہمارے کام کے قابل ہوتی ہے۔
اور میں نے تجھ کو اپنی ذات کے لئے (روحانی ترقی دیتے دیتے) تیار کیا۔
(پس جب تو اس عمر کو پہنچ گیا تو میں نے تجھے کہا کہ) تو اور تیرا بھائی میرے نشان لیکر جاؤ اور میرے ذکر میں کوئی کوتاہی نہ کرو۔
تم دونوں ہی فرعون کے پاس جاؤ، کیونکہ اس نے سرکشی اختیار کر رکھی ہے۔
اور[1] تم دونوں اس سے نرم نرم کلام کرو، شاید کہ وہ سمجھ جائے یا (ہم سے) ڈرنے لگے۔
[1] ہم کئی جگہ لکھ آئے ہیں کہ فَاء عربی زبان میں خالی عطف کے لئے بھی آتا ہے۔
دونوں نے عرض کیا، اے ہمارے رب! ہم ڈرتے ہیں کہ وہ ہم پر زیادتی نہ کرے یا ہم پر حد سے زیادہ سختی نہ کرے۔
(اللہ نے) فرمایا تم دونوں بالکل نہ ڈرو، میں تمہارے ساتھ ہوں (تمہاری دعائیں بھی) سنتا ہوں اور (تمہاری حالت بھی) دیکھتا ہوں۔
پس دونوں اس کے پاس چلے جاؤ اور اسے کہو ہم دونوں تیرے رب کے رسول ہیں۔ پس ہمارے ساتھ بنی اسرائیل کو بھیج دے اور ان کو تکلیفیں مت دے۔ ہم تیرے پاس تیرے رب کی طرف سے ایک بڑا نشان لے کر آئے ہیں اور (تجھے بتاتے ہیں کہ) جو (شخص ہماری لائی ہوئی) ہدایت کے پیچھے چلے گا (خدا کی طرف سے) اس پر سلامتی نازل ہوگی۔