۲۰۔ سورۃ طه

تفسیر صغیر, حصہ 5

ہم پر یہ وحی نازل کی گئی ہے کہ جو کوئی (خدا کے نشان کو) جھٹلائے گا اور پیٹھ پھیر لے گا، اس پر عذاب نازل ہوگا۔

(اس پر فرعون نے) کہا، اے موسیٰ! تم دونوں کا رب کون ہے؟

(موسیٰ نے) کہا، ہمارا رب وہ ہے جس نے ہر چیز کو (اس کی ضرورت کے مطابق) اعضا عطا کیے ہیں اور پھر ان (اعضا) سے کام لینے کا طریقہ سکھایا ہے۔

(فرعون نے) کہا۔ (اگر یہ بات ہے) تو پہلے لوگوں کا کیا حال تھا (یعنی وہ تو ان باتوں کو نہیں مانتے تھے ان سے کیا سلوک ہوگا)۔

(موسیٰ نے) کہا ان (پہلے لوگوں) کا علم تو میرے رب کو ہے (ان سب کے حالات اس کی) کتاب میں محفوظ ہیں میرا رب نہ بھٹکتا ہے اور نہ بھولتا ہے۔

(وہی ہے) جس نے تمہارے لئے اس زمین کو فرش کے طور پر بنایا ہے اور اس میں تمہارے لئے راستے بھی نکالے ہیں اور آسمان سے پانی اتارا ہے پھر (تو ان سے یہ بھی کہہ دے کہ) ہم نے اس پانی کے ذریعہ سے مختلف قسم کی روئیدگیوں کے جوڑے پیدا کیے ہیں۔

(پس) تم بھی کھاؤ اور اپنے جانوروں کو بھی چراؤ۔ اس میں عقل والے لوگوں کے لئے بہت سے نشان ہیں۔

ہم نے اسی (زمین) سے تم کو پیدا کیا ہے، اور اسی میں تم کو لوٹا دیں گے اور اسی میں سے تم کو دوسری دفعہ نکالیں گے۔

اور ہم نے اس (فرعون) کو اپنے ہر قسم کے نشان دکھائے مگر (باوجود ان کے) وہ جھٹلانے پر مصر رہا اور انکار کرتا چلا گیا۔

اور کہنے لگا (اے موسیٰ)! کیا تو اس لئے ہمارے پاس آیا ہے تا کہ اپنی سحر بیانی کے ذریعہ سے ہم کو ہماری زمین سے نکال دے۔

(اگر یہ بات ہے) تو ہم بھی تیرے مقابلہ میں ویسا ہی جادو لائیں گے پس ہمارے درمیان اور اپنے درمیان ایک (وقت اور) مقام موعود مقرر کر، نہ اس سے ہم پیچھے ہٹیں، نہ تو ہٹے وہ (ایک ایسا) مکان (ہو جو) ہمارے اور تمہارے درمیان برابر ہو۔

(اس پر موسیٰ نے) کہا، کہ تمہارے (ہمارے) اکٹھے ہونے کا دن (تمہاری) عید کا دن ہو اور نیزہ بھر سورج چڑھے سب لوگوں کو جمع کیا جائے۔

·

آج 10 میں سے 10 باقی