۲۱۔ سورۃ الأنبياء

تفسیر صغیر

(مَیں) اللہ کا نام لے کر جو بے حد کرم کرنے والا (اور) باربار رحم کرنے والا ہے (پڑھتا ہوں)۔

لوگوں سے حساب لینے کا وقت قریب پہنچ چکا ہے مگر وہ (پھر بھی) غفلت میں (پڑے ہوئے) ہیں اور اعراض کرتے جا رہے ہیں۔

ان کے پاس ان کے رب کی طرف سے کبھی کوئی نئی یاد دہانی نہیں آتی مگر وہ اسے سنتے بھی جاتے ہیں اور اس سے ہنسی مذاق بھی کرتے جاتے ہیں۔

ان کے دل غفلت میں پڑے ہوئے ہیں۔ [1]وہ لوگ جنہوں نے ظلم کیا چپکے چپکے مشورے کرتے ہیں (اور کہتے ہیں) کہ (دیکھتے نہیں) یہ شخص تم جیسا ہی ایک بشر ہے پھر کیا تم اس کی فریبانہ باتوں میں آتے ہو، حالانکہ تم خوب سمجھتے ہو۔

[1] قرآن مجید میں ’’واؤ‘‘ کا لفظ ہے مگر اردو میں اس جگہ ’’اور‘‘ استعمال کرنے سے معنے خراب ہو جاتے ہیں اس لئے ہم نے ’’اور‘‘ کا لفظ ترک کر دیا ہے۔

(ان باتوں کو سن کر محمد رسول اللہ نے) کہا میرا رب جانتا ہے ان باتوں کو جو آسمان میں (کہی جاتی ہیں) اور (ان کو بھی) جو زمین میں (کہی جاتی) ہیں اور وہ بڑا سننے والا (اور) بڑا جاننے والا ہے۔

بلکہ انہوں نے (یعنی مخالفین) نے تو یہاں تک کہہ دیا ہے کہ یہ (کلام) تو پریشان خوابیں ہیں۔ بلکہ (پریشان خوابیں بھی نہیں) اس نے دیدہ و دانستہ یہ باتیں اپنے پاس سے بنالی ہیں بلکہ وہ ایک شاعرانہ مزاج رکھنے والا آدمی ہے (جس کے دماغ میں طرح طرح کے خیال اٹھتے رہتے ہیں) پس چاہیئے کہ ہمارے پاس کوئی نشان لے آئے جس طرح کہ پہلے[1] رسول نشانوں کے ساتھ بھیجے گئے تھے۔

[1] کفار ِمکہ رسولوں کی بعثت کے قائل ہی نہ تھے۔ یہ اعتراض ان کا طنز کے طور پر ہے، مراد یہ ہے کہ تُو خود کہتا ہے کہ پہلے رسول قسم قسم کے نشان لائے تھے، پھر تُو کیوں نشان نہیں لاتا۔

ان سے پہلی بستیوں میں سے بھی جن کو ہم نے ہلاک کر دیا تھا کوئی ایمان نہیں لایا تھا تو پھر کیا یہ ایمان لے آئیں گے۔

اور ہم تجھ سے پہلے (بھی ہمیشہ) مردوں ہی کو رسول بنا کر بھیجا کرتے تھے اور ہم ان کی طرف وحی کرتے تھے اور (اے منکرو) اگر تم (یہ بات) نہیں جانتے تو اہل کتاب سے پوچھ کر دیکھ لو۔

اور ہم نے ان رسولوں کو ایسا جسم نہیں دیا تھا کہ وہ کھانا نہ کھاتے ہوں اور نہ وہ غیر معمولی [2]عمر پانے والے لوگ تھے۔

[2] یہ خالد کا ترجمہ ہے (دیکھئے کتاب لغت مفرداتِ راغب زیر لفظ خُلُود)

اور ہم نے جو وعدہ ان سے کیا تھا اسے پورا کر دکھایا اور ان کو اوران کے سوا جن کو چاہا (دشمنوں سے) نجات دی اور جو حد سے بڑھنے والے تھے ان کو ہلاک کردیا۔

ہم نے تمہاری طرف ایک ایسی کتاب اتاری ہے جس میں تمہاری بزرگی کے سامان ہیں کیا تم عقل نہیں کرتے۔

اور کتنی ہی بستیاں ہیں جو ظلم کیا کرتی تھیں کہ ہم نے ان کو کاٹ کر رکھ دیا اور ان کے بعد ایک اور قوم کو پیدا کر دیا۔

آج 10 میں سے 10 باقی