۲۱۔ سورۃ الأنبياء

تفسیر صغیر, حصہ 2

پس جب (ہلاک ہونے والے لوگوں نے) ہمارے عذاب کو محسوس کیا تو لگے (اس سے بچنے کے لئے) دوڑنے۔

(تب ہم نے کہا) دوڑو نہیں، اور ان چیزوں کی طرف جن کے ذریعہ سے تم آرام کی زندگی بسر کرتے تھے اور اپنے گھروں کی طرف واپس جاؤ تا کہ تم سے تمہارے اعمال کے متعلق سوال کیا جائے۔

اس کا انہوں نے یہ جواب دیا کہ اے افسوس! ہم تو (عمر بھر) ظلم ہی کرتے رہے۔

اور وہ یہی بات کہتے چلے گئے، یہاں تک کہ ہم نے ان کو ایک کٹی ہوئی کھیتی کی طرح کر دیا۔ جس کی سب رونق برباد ہو چکی تھی۔

اور ہم نے آسمان کو اور زمین کو اور جو کچھ ان دونوں کے درمیان ہے۔ محض کھیل کے طور پر پید انہیں کیا (بلکہ ان کی پیدائش میں حکمت تھی)۔

اگر ہم نے کوئی دل بہلاوا ہی تجویز کرنا ہوتا، تو اس کو اپنے قرب[1] میں تجویز کرتے۔

[1] یعنی مسیحؑ کو دنیا میں کیوں بھیجتے۔ اپنے پاس ہی رکھتے۔ نیز دیکھئے تفسیر کبیر جلد پنجم صفحہ ۵۰۰۔ ۵۰۱ سورۃ الانبیاء۔

لیکن ہم تو حق کو باطل پر اٹھا مارتے ہیں اور وہ اس کا سر توڑ دیتا ہے اور وہ (باطل) فوراً ہی بھاگ جاتا ہے اور تم پر تمہاری باتوں کی وجہ سے افسوس ہے۔

اور جو وجود بھی آسمان میں ہیں اور زمین میں ہیں سب اسی کے ہیں اور جو اس کے پاس ہیں وہ اس کی عبادت سے سرتابی نہیں کرتے اور نہ (اس سے) تھکتے ہیں۔

وہ رات کو بھی اور دن کو بھی تسبیح کرتے ہیں اور وہ اس سے رکتے نہیں۔

کیا ان لوگوں نے زمین میں سے معبود بنا لیے ہیں؟ اور وہ (مخلوقات) پیدا کرتے ہیں۔

اگر ان دونوں (یعنی زمین و آسمان) میں اللہ کے سوا اور بھی معبود[2] ہوتے تو یہ دونوں تباہ ہو جاتے۔ پس اللہ جو عرش کا بھی رب ہے تمام نقصوں سے پاک ہے اور ان (باتوں) سے بھی جو وہ کہتے ہیں۔

[2] یعنی ایک سے زیادہ معبود انِ کامل کے لئے ضروری تھا کہ ان میں سے ہر ایک نیا نظام شمسی بھی بناتا۔ ورنہ ان میں سے کوئی بھی معبود قرار نہیں دیا جا سکتا تھا اور اگر ایک سے زیادہ نظام شمسی ہوتے تو مختلف قوانین قدرت بھی ہوتے۔ جس کی وجہ سے دنیا چکر میں پڑ جاتی اور تباہ ہو جاتی۔

جو کچھ وہ کرتا ہے اس کے متعلق وہ کسی کو جواب دہ نہیں ہوتا۔ حالانکہ وہ (لوگ) جواب دہ ہوتے ہیں۔

·

آج 10 میں سے 10 باقی