۲۲۔ سورۃ الحج
تفسیر صغیر
(مَیں) اللہ کا نام لے کر جو بے حد کرم کرنے والا (اور) باربار رحم کرنے والا ہے (پڑھتا ہوں)۔
اے لوگو! تم اپنے رب کا تقویٰ کرو۔ کیونکہ فیصلہ والا زلزلہ [1]بہت بڑی چیز ہے۔
[1] یعنی آخری مصیبت جس سے دنیا کے جھگڑے ختم ہو جائیں گے۔
جس [2]دن تم اس کو دیکھو گے ہر دودھ پلانے والی عورت جس کو دودھ پلا رہی ہوگی اس کو بھول جائے گی اور ہر حاملہ عورت اپنے حمل کو گرا دے گی۔ اور تو لوگوں کو دیکھے گا کہ وہ بدمستوں کی طرح ہیں، حالانکہ وہ بدمست نہیں ہوں گے لیکن اللہ کا عذاب بڑا سخت ہے۔
[2] یعنی جب وہ دن ہوگا تو دنیا کا یہ حال ہوگا۔
اور لوگوں میں سے بعض ایسے بھی ہوتے ہیں۔ جو اللہ کے بارہ میں بغیر علم کے بحث کرتے ہیں اور ہر حق سے دور اور سرکش کی اتباع کرتے ہیں۔
(حالانکہ) ان (سرکشوں اور حق سے دور لوگوں) کے متعلق فیصلہ کیا جا چکا ہے کہ جو (شخص) بھی ایسے آدمیوں میں سے کسی کے ساتھ دوستی کرے گا وہ (سرکش اور حق سے دور شخص) اس کو بھی گمراہ کردے گا اور دوزخ کے عذاب کی طرف لے جائے گا۔
اے لوگو! اگر تم دوبارہ اٹھائے جانے کے متعلق شبہ میں ہو تو (یاد رکھو) ہم نے تم کو پہلے مٹی سے پیدا کیا تھا پھر نطفہ سے۔ پھر ترقی دے کر ایک ایسی حالت سے جو کہ چمٹ جانے کی خاصیت رکھتی تھی۔ پھر ایسی حالت سے کہ وہ ایک بوٹی کے مشابہ تھی۔ کچھ عرصہ تک تو وہ ایک کامل بوٹی کی شکل رہی اور کچھ عرصہ تک ناقص بوٹی کی شکل رہی تا کہ ہم تم پر (حقیقت حال) ظاہر کردیں اور ہم جس چیز کو چاہتے ہیں رحموں میں ایک مدت تک قائم کر دیتے ہیں۔ پھر ہم تم کو ایک بچہ کی شکل میں نکالتے ہیں۔ (پھر بڑھاتے جاتے ہیں) جس کا نتیجہ یہ ہوتا ہے کہ تم اپنی مضبوطی (کی عمر) کو پہنچ جاتے ہو اور تم میں سے بعض ایسے ہوتے ہیں جو اپنی طبعی عمر کو پہنچ کے فوت ہو جاتے ہیں اور بعض تم میں سے ایسے ہوتے ہیں جو اپنی انتہائی بڑھاپے کی عمر کو پہنچ جاتے ہیں۔ تا کہ بہت کچھ علم حاصل کرنے کے بعد بالکل علم سے کورے ہو جائیں۔ اور تو زمین کو دیکھتا ہے کہ وہ (کبھی کبھی) اپنی سب طاقت کھو بیٹھتی ہے۔ پھر جب ہم اس کے اوپر پانی نازل کرتے ہیں تو وہ جوش میں آجاتی ہے اور بڑھنے لگتی ہے اور ہر قسم کی خوبصورت کھیتیاں اگانے لگتی ہے۔
یہ اس لئے ہوتا ہے کہ (ظاہر کیا جائے کہ) اللہ ہی قائم رہنے والی اور قائم رکھنے والی ہستی ہے اوروہ مردوں کو زندہ کرتا ہے اور ہر چیز پر قادر ہے۔
اور ہر چیز کے لئے جو وقت مقرر[1] ہے وہ ضرور آکر رہے گا اس میں کوئی شبہ نہیں اور اللہ یقیناً ان کو جو قبروں میں ہیں دوبارہ اٹھائے گا۔
[1] اس آیت میں اَلسَّاعَۃ کا لفظ ہے۔ اور اَلْ اس بات پر دلالت کرتا ہے کہ اس کے بعد کا لفظ لوگوں کے ذہنوں میں ہے۔ اس لئے ہم نے ’’وقت مقرر‘‘ کے الفاظ سے ترجمہ کیا ہے۔
اور لوگوں میں سے بعض ایسے بھی ہوتے ہیں۔ جو اللہ کے متعلق بغیر علم، بغیر ہدایت اور بغیر کسی روشن کتاب کے بحث کرتے ہیں
اس حالت میں کہ اپنے پہلو موڑے ہوئے (ہوتے) ہیں (یعنی اظہار تکبر کرتے ہیں) تا کہ اللہ کے راستہ سے لوگوں کو گمراہ کریں۔ ایسے لوگوں کے لئے دنیا میں بھی رسوائی ہوگی اور قیامت کے دن بھی ہم ان کو جلنے والا عذاب پہنچائیں گے۔
تمہارے ہاتھوں نے جو کچھ پہلے کیا تھا۔ اس کے نتیجہ میں یہ بات ظاہر ہوگی اور (اس سے معلوم ہوگا) کہ اللہ اپنے بندوں پر ہرگز کسی قسم کا ظلم نہیں کرتا۔
اور لوگوں میں سے (بعض) ایسے بھی ہوتے ہیں[1] جو اللہ کی عبادت صرف بددلی سے کرتے ہیں۔ پس اگر ان کو کوئی فائدہ پہنچ جائے تو وہ اس (عبادت) پر خوش ہو جاتے ہیں اور اگر انہیں کوئی تکلیف پہنچ جائے تو اپنے منہ کی سیدھ لوٹ جاتے ہیں، وہ دنیا میں بھی گھاٹے میں پڑ جاتے ہیں اور آخرت میں بھی اور یہی کھلا کھلا گھاٹا ہے۔
[1] آیت میں مَنْ کا لفظ ہے جس کے معنے جمع کے بھی ہو سکتے ہیں اور مفرد کے بھی۔