۲۲۔ سورۃ الحج
تفسیر صغیر, حصہ 2
وہ اللہ کے سوا اس چیز کو بلاتے ہیں جو نہ ان کو نقصان پہنچاتی ہے اور نہ نفع دیتی ہے اور یہی انتہائی درجہ کی گمراہی ہے۔
وہ اس (شخص) کو بلاتے ہیں۔ جس کا ضرر اس کے نفع سے زیادہ قریب ہے ایسا آقا بھی بہت برا ہے اور ایسے ساتھی بھی بہت برے ہیں۔
اللہ یقیناً مومنوں کو جو مناسب حال عمل بھی کرتے ہیں۔ ایسے باغات میں داخل کرے گا، جن (کے سایہ) میں نہریں بہتی ہیں۔ اللہ جو چاہے کرتا ہے۔
جو شخص یہ یقین رکھتا ہے کہ اللہ اس کی (یعنی نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی) مدد کبھی نہیں کرے گا۔ نہ دنیا میں نہ آخرت میں تو اسے چاہیے کہ وہ ایک رسی آسمان تک لے جائے (اور اس پر چڑھ جائے) پھر اسے کاٹ[1] ڈالے۔ پھر وہ دیکھے کہ کیا اس کی تدبیر اس بات کو دور کر دیتی ہے جو اسے غصہ دلا رہی ہے (یعنی نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی آسمانی امدادیں اور فتوحات)۔
[1] اور زمین پر گر کر مر جائے۔ کیونکہ اس کی امید کبھی بر نہ آئے گی۔ پس اس کی موت ہی اسے مایوسی دیکھنے سے بچا سکتی ہے۔
اور ہم نے اسی طرح اس (قرآن) کو کھلے کھلے نشانات بنا کر نازل کیا ہے اور اللہ یقیناً جس کے متعلق ارادہ کرتا ہے اسے صحیح راستہ دکھا دیتا ہے۔
یقیناً جو لوگ (محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم پر) ایمان لائے اور وہ لوگ جو یہودی بن گئے اور صابی اور نصرانی اور مجوسی اور وہ لوگ بھی جنہوں نے شرک کیا۔ اللہ یقیناً ان کے درمیان قیامت کے دن فیصلہ کر دے گا۔ اللہ یقیناً ہر ایک چیز کا نگران ہے۔
(اے اسلام کے مخالف) کیا تو نہیں دیکھتا کہ جو کوئی بھی آسمان میں ہے وہ اللہ کی فرمانبرداری کرتا ہے اور اسی طرح جو کوئی زمین میں ہے اور سورج بھی اور چاند بھی اور ستارے بھی اور پہاڑ بھی اور درخت بھی اور چارپائے بھی اور لوگوں میں سے بھی بہت سے۔ لیکن لوگوں میں سے ایک گروہ کثیر ایسا ہے جس کے متعلق عذاب کا فیصلہ ہو چکا ہے اور جس کو خدا ذلیل کرے اسے کوئی عزت دینے والا نہیں۔ اللہ جو کچھ چاہتا ہے کرتا ہے۔
یہ دو[2] باہم مخالفت کرنے والے گروہ ایسے ہیں جو اپنے رب کے بارہ میں جھگڑ رہے ہیں۔ پس جو اللہ کی مذکورہ بالا صفات کے کافر ہوئے ان کے لئے آگ کے کپڑے بنائے جائیں گے اور ان کے سروں پر گرم گرم پانی ڈالا جائے گا۔
[2] یعنی مومن اور کافر۔
(حتیٰ کہ) اس گرم پانی کی وجہ سے جو کچھ ان کے پیٹ میں ہے وہ بھی گل جائے گا اور ان کے چمڑے بھی (گل جائیں گے)
اور ان کے لئے لوہے کے ہتھوڑے (تیار کئے جائیں گے)
جب وہ غم اور فکر کی وجہ سے اس عذاب سے نکلنے کی کوشش کریں گے تو پھر اسی کی طرف لوٹا دئے جائیں گے (اور کہا جائے گا) جلانے والا عذاب بھگتتے چلے جاؤ۔
اللہ یقیناً مومنوں کو جو مناسب حال عمل بھی کرتے ہیں ایسے باغات میں رکھے گا۔ جن (کے سایہ) میں نہریں بہ رہی ہوں گی۔ ان کو اس میں سونے اور موتیوں کے جڑاؤ والے کنگن پہنائے جائیں گے۔ اور ان کا لباس اس میں ریشم کا ہوگا۔