۲۲۔ سورۃ الحج

تفسیر صغیر, حصہ 7

اور جب ان کے سامنے ہماری کھلی کھلی آیات پڑھی جاتی ہیں تو تو منکروں کے چہروں میں (صاف صاف) ناپسندیدگی (کے آثار) دیکھتا ہے۔ قریب ہوتا ہے کہ وہ ان لوگوں پر حملہ کر دیں جو ان کو ہماری آیتیں پڑھ کر سنا رہے ہوتے ہیں۔ تو کہہ دے، کیا میں تم کو اس حالت سے بھی ایک بری حالت کی خبر دوں؟ (اور وہ) جہنم (میں پڑنا) ہے۔ اللہ نے اس کا وعدہ منکروں سے کیا ہے اور وہ برا ٹھکانا ہے۔

اے لوگو! ایک بات تمہیں بتائی جاتی ہے تم اسے غور سے سنو! تم جن کو اللہ کے سوا پکارتے ہو وہ ایک مکھی بھی پیدا نہیں کر سکیں گے خواہ سب کے سب جمع ہو جائیں، بلکہ اگر ایک مکھی ان کے آگے سے کوئی چیز اچک کرلے جائے تو وہ اس چیز کو (بھی) چھڑا نہیں سکتے۔ یہ دعائیں مانگنے والا (بھی) اور جس سے دعائیں مانگی جاتی ہیں (وہ بھی) کتنے کمزور ہیں۔

ان لوگوں نے اللہ (کی صفات) کا صحیح اندازہ نہیں لگایا۔ اللہ تو یقیناً بڑی طاقت والا (اور) بڑا غالب ہے۔

اللہ فرشتوں میں سے اپنے رسول منتخب کرتا ہے اور (اسی طرح) انسانوں میں سے (بھی) اللہ بہت (دعائیں) سننے والا (اور حالات کو) بہت دیکھنے والا ہے۔

جو کچھ ان کے سامنے ہے اسے بھی وہ جانتا ہے اور جو کچھ وہ پیچھے کر آئے ہیں اسے بھی جانتا ہے اور سب معاملے اسی کی طرف لوٹائے جاتے ہیں۔

اے مومنو! رکوع کرو، اور سجدہ کرو، اور اپنے رب کی عبادت کرو اور نیک کام کرو تا کہ تم اپنے مقصود کو پالو۔

اور اللہ کے راستہ میں ایسی کوشش کرو جو مکمل ہو، کیونکہ اسی نے تم کو بزرگی بخشی ہے اور دین (کی تعلیم) میں تم پر کوئی تنگی کا پہلو اختیار نہیں کیا۔ (اے مومنو)! اپنے باپ ابراہیم کے دین کو (اختیار کرو کیونکہ) اللہ [1]نے تمہارا نام مسلمان رکھا ہے۔ اس کتاب میں بھی اور اس سے پہلی کتب میں بھی، تا کہ رسول تم پر گواہ ہو اور تم باقی دنیا پر گواہ رہو۔ پس نماز کو قائم کرو، اور زکٰوۃ دو۔ اور اللہ کو مضبوطی سے پکڑ لو۔ وہ تمہارا آقا ہے۔ پس کیا ہی اچھا آقا ہے اور کیا ہی اچھا مددگار ہے۔

[1] ضمیر کی بجائے ترجمہ میں ظاہر اسم استعمال کیا گیا ہے۔

آج 10 میں سے 10 باقی