۲۲۔ سورۃ الحج

تفسیر صغیر, حصہ 6

یہ بات اسی طرح ہے اور جو شخص اتنی ہی سزا دے جتنی اسے تکلیف دی گئی تھی مگر باوجود اس کے (اس کا دشمن) الٹا اس پر چڑھ آئے تو اللہ ضرور اس کی مدد کرے گا۔ اللہ یقیناً بہت معاف کرنے والا (اور) بہت بخشنے والا ہے۔

یہ (سزاوجزا کا سلسلہ) اس لئے (چلتا) ہے کہ ثابت ہو کہ اللہ رات کو دن میں داخل کر دیتا ہے اور دن کو رات میں داخل کر دیتا ہے۔ اور اللہ یقیناً (بہت دعائیں) سننے والا (اور بہت حالات) دیکھنے والا ہے۔

یہ (دعائیں سننا اور حالات سے واقف رہنا) اس لئے ہے کہ اللہ اپنی ذات میں قائم ہے اور دوسری چیزوں کو قائم رکھتا ہے اور اس لئے کہ جس چیز کو وہ خدا کے سوا پکارتے ہیں وہ تباہ ہونے والی ہے اور اس لئے کہ اللہ ہی سب سے اوپر ہے اور سب سے بڑا ہے۔

کیا تو نے دیکھا نہیں کہ اللہ نے آسمان سے پانی اتارا ہے۔ جس سے زمین سرسبز ہو جاتی ہے۔ اللہ یقیناً (اپنے بندوں سے) مہربانی کا سلوک کرنے والا ہے اور (ان کے حالات سے) بہت باخبر ہے۔

جو کچھ آسمانوں میں ہے اور جو کچھ زمین میں ہے وہ سب اس کا ہے اور اللہ یقیناً اپنے سوا سب وجودوں کی مدد سے بے نیاز (اور) تعریفوں کا مالک ہے۔

کیا تو نے دیکھا نہیں کہ اللہ نے تمہارے کام پر جو کچھ بھی زمین میں ہے اسے بغیر مزدوری کے لگا رکھا ہے اور کشتیاں بھی سمندر میں اس کے حکم سے چلتی ہیں اور اس نے آسمان[1] کو روک رکھا ہے کہ کہیں زمین پر سوائے اس کے حکم کے گر نہ جائے اللہ یقیناً لوگوں سے بہت شفقت کرنے والا (اور ان پر) باربار رحم کرنے والا ہے۔

[1] یعنی عذاب کے لئے قیدیں لگا دی ہیں کہ اس کے خاص حکم کے بغیر دنیا پر عذاب نہ آئے۔

اور وہی ہے جس نے تم کو زندہ کیا۔ پھر تم کو مارے گا پھر تم کو زندہ کرے گا۔ انسان یقیناً بڑا ناشکرا ہے۔

ہم نے ہر امت[2] کے لئے ایک عبادت کا طریق مقرر کیا ہے جس کے مطابق وہ چلتی ہے پس اس طریق (یعنی اسلام) کے متعلق وہ تجھ سے بحث نہ کریں (کیونکہ یہ خدا کا مقرر کردہ ہے) اور تو (انہیں) اپنے رب کی طرف بلا کیونکہ تو سیدھے راستہ پر ہے۔

[2] اُمَّۃٌ کا لفظ مؤنث ہے لیکن اس کے بعد ھُمْ نَاسِکُوْہُ کے الفاظ ہیں جو مذکر اور جمع کے لئے ہیں اس کی وجہ یہ ہے کہ عربی زبان میں بعض دفعہ جماعت کے افراد کی طرف ضمیر پھیری جاتی ہے اور اس کے مجموعہ کو ضمیر میں ادا کر دیا جاتا ہے۔ پس ھُمْ جو یہاں آیا ہے اسی وجہ سے آیا ہے۔

اور اگر وہ تجھ سے بحث کریں تو کہہ دے کہ اللہ تمہارے اعمال سے خوب واقف ہے۔

اللہ (تمہارے اور میرے درمیان) قیامت کے دن ان امور میں فیصلہ کرے گا جن میں تم اختلاف رکھتے ہو۔

(اے محمد رسول اللہ)! کیا تجھے معلوم نہیں کہ اللہ ہر چیز کو جو آسمان اور زمین میں ہے جانتا ہے۔ یہ سب کچھ ایک کتاب میں لکھا ہوا موجود ہے اور اس طرح (کسی قانون کو محفوظ) کر دینا اللہ کے لئے آسان ہے۔

اور وہ لوگ اللہ کے سوا ان چیزوں کی عبادت کرتے ہیں جن کے لئے اس نے کوئی دلیل نہیں اتاری اور جن کے متعلق ان کو کسی قسم کا کوئی علم حاصل نہیں۔ اور ظالموں کا کوئی مددگار نہیں ہوگا۔

·

آج 10 میں سے 10 باقی