۲۳۔ سورۃ المؤمنون
تفسیر صغیر
(مَیں) اللہ کا نام لے کر جو بے حد کرم کرنے والا (اور) باربار رحم کرنے والا ہے (پڑھتا ہوں)۔
(کامل) مومن اپنی مراد کو پہنچ گئے۔
وہ (مومن) جو اپنی نمازوں میں عاجزانہ رویہ اختیار کرتے ہیں۔
اور جو لغو باتوں سے اعراض کرتے ہیں۔
اور جو زکٰوۃ (باقاعدہ) دیتے ہیں۔
اور جو اپنی شرم گاہوں کی حفاظت کرتے ہیں۔
سوائے اپنی بیویوں کے یا جن کے مالک ان کے دائیں[1] ہاتھ ہوئے ہیں۔ پس ایسے لوگوں کو کسی قسم کی ملامت نہیں کی جائے گی۔
[1] یہاں مَلَکَتْ اَیْمَانُھُمْ کے الفاظ ہیں۔ ظاہر معنے تو اس کے یہ ہیں کہ دائیں ہاتھ مالک ہوئے، لیکن یَمِیْن کا لفظ طاقت پر بھی دلالت کرتا ہے پس اس لحاظ سے اس کے معنے یہ ہونگے کہ جن پر لڑائی کے بعد تم نے قبضہ کیا۔ اور پھر نہ وہ خود آزاد ہوئیں اور نہ دوسرے لوگوں نے ان کو آزاد کروایا۔ یہ مضمون دوسری آیتوں سے نکلتا ہے ہم نے اس جگہ ان آیتوں کا خلاصہ بیان کر دیا ہے۔
اور جواس کے سوا کسی اور بات کی خواہش کریں تو وہ لوگ زیادتی کرنے والے ہوں گے۔
اور وہ لوگ (یعنی کامل مومن) جو اپنی امانتوں اور اپنے عہدوں کا خیال رکھتے ہیں۔
اور جو لوگ اپنی نمازوں کی حفاظت کرتے رہتے ہیں۔
یہی لوگ اصل وارث ہیں۔
جو فردوس کے وارث ہوں گے وہ اس میں ہمیشہ رہتے چلے جائیں گے۔