۲۳۔ سورۃ المؤمنون
تفسیر صغیر, حصہ 2
اور ہم نے انسان کو گیلی مٹی کے خلاصہ سے بنایا۔
پھر اس کو ایک ٹھہرنے والی محفوظ جگہ میں نطفہ کے طور پر رکھا۔
پھر نطفہ کو ترقی دے کر ایسی شکل دی کہ وہ چمٹنے والا وجود بن گیا۔ پھر اس چمٹنے والے وجود کو ایک بوٹی بنادیا، پھر اس بوٹی کو ہم نے ہڈیوں کی شکل[1] میں تبدیل کردیا۔ پھر ان ہڈیوں پر ہم نے گوشت چڑھایا۔ پھر اس کو ایک اور شکل میں تبدیل کر دیا۔ پس بہت ہی برکت والا ہے وہ خدا جو سب سے اچھا پیدا کرنے والا ہے۔
[1] یعنی انسانی وجود مکمل کر دیا۔
پھر تم لوگ اس کے بعد مرنے والے ہو۔
پھر تم قیامت کے دن اٹھائے جانے والے ہو۔
اور ہم نے تمہارے اوپر (کے درجات کے لئے) سات (روحانی) راستے بنائے ہیں۔ اور ہم (اپنی) مخلوق سے غافل نہیں رہے۔
اور ہم نے آسمان سے ایک اندازہ کے مطابق پانی اتارا ہے۔ پھر اس کو زمین میں ٹھہرا دیا اور ہم اس کے اٹھا لینے پر بھی قادر ہیں۔
پھر ہم نے تمہارے لئے اس سے باغات بنائے، کھجور کے (بھی) اور انگوروں کے (بھی۔) ان میں تمہارے لئے بہت سے پھل (پیدا کئے گئے) ہیں اور ان سے تم کھاتے ہو۔
اور (ہم نے تمہارے لئے) وہ درخت بھی (پیدا کیا ہے) جو طور سینا سے نکلتا ہے[2] جو اپنے اندر تیل لیکر اگتا ہے اور کھانے والوں کے لئے سالن لے کر بھی۔
[2] یہ زیتون کے درخت کا ذکر ہے جس میں سے تیل بھی نکلتا ہے اور جسے بطور طعام کے بھی استعمال کیا جاتا ہے۔
اور تمہارے لئے چارپایوں میں بڑی عبرت ہے۔ ہم تم کو اس چیز سے جو ان کے پیٹ[1] میں ہوتی ہے پلاتے ہیں۔ اور ان چارپایوں میں تمہارے لئے اور بھی بہت سے نفعے ہیں اور تم ان میں سے بعض کو کھاتے ہو۔
[1] دودھ کی بناوٹ اس طرح ہے کہ غذا خون بن جاتی ہے اور خون آخر دودھ بن جاتا ہے۔ اس لئے یہاں یہ فرمایا گیا ہے کہ تم کو جانوروں کے پیٹ میں جو کچھ ہوتا ہے اس سے دودھ پلایا ہے۔
اور ان پر اور کشتیوں پر اٹھائے جاتے ہو۔
اور ہم نے نوح کو اس کی قوم کی طرف مبعوث کیا۔ پس اس نے کہا، اے میری قوم! اللہ کی عبادت کرو، اس کے سوا اور کوئی تمہارا معبود نہیں۔ کیا تم اس کا تقویٰ اختیار نہیں کرتے؟