۲۳۔ سورۃ المؤمنون
تفسیر صغیر, حصہ 10
(خدا) فرمائے گا (دور ہو جاؤ اور) دوزخ[2] میں چلے جاؤ اور مجھ سے کلام مت کرو۔
[2] ترجمہ میں ضمیر کی بجائے ظاہر اسم استعمال کیا گیا ہے۔
بات یہ ہے کہ میرے بندوں میں سے ایک گروہ ایسا تھا جو کہتا تھا کہ اے ہمارے رب! ہم ایمان لے آئے ہیں۔ سو تو ہم کو بخش دے اور ہم پر رحم کر، اور تو سب رحم کرنے والوں میں سے اچھا ہے۔
مگر تم نے ان کو ہنسی مذاق کا مورد بنالیا، یہاں تک کہ انہوں نے (تمہاری دلچسپی کا سامان بنکر) تم کو میری یاد بھلا دی اور تم ان سے ہمیشہ ہنسی کرتے رہے۔
ان کے صبر کرنے کی وجہ سے میں آج ان کو (مناسب حال) بدلہ دوں گا۔ یقیناً وہ کامیاب ہوں گے۔
پھر وہ (یعنی خدا) فرمائے گا، کتنے سال تم زمین میں رہے ہو؟
وہ کہیں گے، ہم ایک ہی دن یا دن کا کچھ حصہ زمین میں رہے ہیں، تو گننے والوں سے پوچھ لے۔
(اس پر خداتعالیٰ) فرمائے گا، اگر تم سمجھ سے کام لو تو تم بہت تھوڑا [1]عرصہ رہے ہو۔
[1] یعنی اخروی زندگی کے مقابلہ میں دنیوی زندگی نہایت قلیل ہے اور بوجہ دکھوں سے بھری ہوئی ہونے کے اور بھی قلیل معلوم ہوتی ہے۔
کیا تم یہ سمجھا کرتے تھے کہ ہم نے تم کو بغیر کسی مقصد کے پیدا کیا ہے؟ اور یہ کہ تم ہماری طرف لوٹائے نہیں جاؤ گے۔
پس اللہ بڑی بلند شان والا، بادشاہ، اور قائم رہنے والا اور قائم رکھنے والا ہے۔ اس کے سوا کوئی معبود نہیں، وہ عرش کریم کا رب ہے۔
اور جو کوئی اللہ کے سوا کسی اور معبود کو پکارے جس کی کوئی دلیل نہیں، تو اس کا حساب اس کے رب کے پاس ہے۔ حقیقت یہ ہے کہ کافر کبھی کامیاب نہیں ہوتے۔
اور تو کہہ دے، اے میرے رب! معاف کر، اور رحم کر اور تو سب سے اچھا رحم کرنے والا ہے۔