۲۳۔ سورۃ المؤمنون
تفسیر صغیر, حصہ 9
تو ان کی بری باتوں کو ایسی (جوابی) باتوں سے دور کر جو نہایت خوبصورت ہوں۔ ہم ان کی باتوں کو خوب جانتے ہیں۔
اور تو کہہ دے اے میرے رب میں سرکش لوگوں کی شرارتوں سے تیری پناہ مانگتا ہوں۔
اور اے میرے رب! میں تیری پناہ مانگتا ہوں اس سے (بھی) کہ وہ میرے سامنے آجائیں۔
اور[3] اس وقت جب ان میں سے کسی کی موت آجائے گی وہ کہے گا اے میرے رب مجھے واپس لوٹا دے، مجھے واپس لوٹا دے، مجھے واپس لوٹا دے۔
[3] یہاں حَتّٰی کا لفظ ہے اور حَتّٰی کو لغت والے حرف ابتدا بھی کہتے ہیں۔ (دیکھیئے بحر محیط جلد۶ ص۴۲۰) جس کے مطابق ہم نے معنے کیے ہیں۔
تا کہ میں اس جگہ جس کو میں چھوڑ کر آگیا ہوں (یعنی دنیا میں) مناسب حال عمل کروں۔ ہرگز ایسا نہیں ہوگا۔ یہ صرف ایک منہ کی بات ہے جسے وہ کہہ رہے ہیں اور ان کے پیچھے ایک پردہ [1]ہے اس دن تک کہ وہ دوبارہ اٹھائے جائیں گے (پس وہ دنیا کی طرف زندہ کرکے کبھی لوٹائے نہیں جائیں گے)۔
[1] یہ مرادنہیں کہ مبعوث ہونے کے دن اسی دنیا میں واپس ہو جائیں گے بلکہ یہ مراد ہے کہ اس دن تو اگلے جہان کا آخری مرحلہ شروع ہو جائے گا۔ واپس آنے کا سوال نہیں ہوگا اور اس دن تک اللہ تعالیٰ نے ان کی روحوں کے اس دنیا میں واپس آنے کے راستہ میں روک پیدا کر رکھی ہے۔ یعنی مردے زندہ ہو کر اس دنیا میں آہی نہیں سکتے۔ اب وہ لوگ سوچیں جو ولیوں اور نبیوں کو مردوں کا زندہ کرنے والا قرار دیتے ہیں۔
پھر جب بگل میں پھونک ماری جائے گی تو اس دن ان کے درمیان کوئی قرابتیں باقی نہیں رہیں گی اور نہ وہ ایک دوسرے کا حال پوچھیں گے۔
پس جن کے وزن بھاری ہو جائیں گے، وہ لوگ بامراد ہوں گے۔
اور جن کے وزن ہلکے ہو جائیں گے وہ لوگ گھاٹے میں پڑیں گے (اور اپنی جانوں کو تباہ کر دیں گے) اور جہنم میں ہمیشہ رہیں گے۔
آگ ان کے مونہوں کو جھلسے گی اور وہ اس میں روسیاہ ہو جائیں گے۔
(اور کہا جائے گا) کیا تمہارے سامنے میری آیتیں نہیں پڑھی جاتی تھیں؟ اور تم ان کا انکار نہیں کرتے تھے؟
وہ کہیں گے اے ہمارے رب! ہماری بدبختی ہم پر غالب آگئی اور ہم ایک گمراہ جماعت تھے۔
اے ہمارے رب! ہمیں اس (دوزخ) سے نکال۔ پس اگر ہم (ان گناہوں کی طرف) پھر لوٹیں تو ہم ظالم ہوں گے۔