۲۴۔ سورۃ النور
تفسیر صغیر
(مَیں) اللہ کا نام لے کر جو بے حد کرم کرنے والا (اور) باربار رحم کرنے والا ہے (پڑھتا ہوں)۔
(یہ) ایک ایسی سورۃ ہے جو ہم نے اتاری ہے اور (جس پر عمل کرنا) ہم نے فرض کیا ہے اور اس میں ہم نے اپنے روشن احکام بیان کیے ہیں تا کہ تم نصیحت حاصل کرو۔
زانیہ عورت اور زانی مرد (اگر ان پر الزام ثابت ہوجائے تو) ان میں سے ہر ایک کو سو کوڑے لگاؤ۔ اور اگر تم اللہ اور یوم آخرت پر ایمان لاتے ہو تو اللہ کے حکم کے بجالانے میں ان دونوں قسم کے مجرموں کے متعلق تمہیں رحم نہ آئے اور چاہیئے کہ ان دونوں کی سزا کو مومنوں کی ایک جماعت مشاہدہ کرے۔
ایک زانی، زانیہ یا مشرکہ کے سوا کسی سے ہم صحبت نہیں ہوتا اور نہ زانیہ زانی یا مشرک کے سوا کسی سے ہم صحبت[1] ہوتی ہے۔ اور مومنوں پر یہ (بات) حرام کی گئی ہے۔
[1] نکاح کے معنے اردو میں زیادہ تر اس اعلان کے ہوتے ہیں جو ایک مرد اور عورت کے شرعی طور پر جوڑنے کے متعلق ہوتا ہے۔ لیکن عربی میں نکاح کے معنے زیادہ تر ہم صحبت ہونے کے ہوتے ہیں۔ ان معنوں کو مدنظرنہ رکھ کر اس آیت کے مضحکہ انگیز معنے لوگوں نے کیے ہیں۔ اس کے سادہ معنے یہ ہیں کہ جب کوئی شخص زانیہ سے ہم صحبت ہوگا تو وہ زانی ہی ہوگا، اس کا خاوندنہیں ہو سکتا۔ اگر خاوند ہو تو وہ عورت زانیہ نہیں۔ اسی طرح اس کے الٹ معاملہ ہے زانیہ وہ اسی صورت میں کہلائے گی کہ غیر مرد سے ہم صحبت ہو اور جب ایک غیر عورت ایک غیر مرد سے ہم صحبت ہوگی تو لازماً وہ مرد بھی زانی کہلائے گا۔ پس آیت کا مطلب صاف تھا لیکن غلط ترجمہ کرکے قرآن مجید کو ہنسی مذاق بنا لیا گیا۔ علاوہ ازیں یہ بات طبعی واقعات کے بھی خلاف ہے کہ زانیہ سے زانی کے سوا کوئی نکاح نہ کرے گا۔ دنیا میں ہزاروں مثالیں اس کے خلاف ملتی ہیں۔ کئی لوگ عورتوں کی اصلاح کے لئے کنچنیوں سے شادیاں کر لیتے ہیں۔ گو وہ بعد میں تائب ہو جاتی ہیں مگر نکاح کے وقت وہ زانیہ ہی کہلاتی ہیں۔
اور جو لوگ پاک دامن عورتوں پر الزام لگاتے ہیں۔ پھر چار گواہ مہیا نہیں کرتے تو (ان کی سزا یہ ہے کہ) ان کو اسی کوڑے لگاؤ اوران کی گواہی کبھی قبول نہ کرو۔ اور وہ لوگ (اپنے اس فعل کی وجہ سے شریعت اسلامی کی) اطاعت سے خارج ہیں۔
سوائے ان کے جو بعد میں توبہ کر لیں اور اصلاح کر لیں۔ سو (ایسا کرنے پر) اللہ یقیناً بہت بخشنے والا (اور) باربار رحم کرنے والا ہے۔
اور جو لوگ اپنی بیویوں پر الزام لگاتے ہیں اور ان کے پاس سوائے اپنے وجود کے اور کوئی گواہ نہیں ہوتا تو ان میں سے ہر شخص کو ایسی گواہی دینی چاہیئے جو اللہ کی قسم کھا کر چار گواہیوں پر مشتمل ہو اور (ہر گواہی میں) وہ یہ کہے کہ وہ راست بازوں میں سے ہے۔
اور پانچویں (گواہی) میں (کہے) کہ اس پر خدا کی لعنت ہو، اگر وہ جھوٹوں میں سے ہو۔
اور اس بیوی سے (جس پر اس کا خاوند الزام لگائے) اس کا اللہ کی قسم کھا کر چار گواہیاں دینا کہ وہ (خاوند) جھوٹا ہے عذاب دور کر دے گا۔
اور پانچویں (قسم) اس طرح (کھائے) کہ اللہ کا غضب اس (عورت) پر نازل ہو اگر وہ (الزام لگانے والا خاوند) سچا ہے۔
اور اگر اللہ کا فضل اور اس کی رحمت تم پر نہ ہوتی اور یہ نہ ہوتا کہ اللہ بڑا فضل کرنے والا (اور) بڑی حکمتوں والا ہے (تو تم لوگ تباہی میں پڑ جاتے)
یقیناً وہ لوگ جنہوں نے ایک بڑا اتہام باندھا تھا۔ تمہیں میں سے ایک گروہ ہے تم اس (فعل) کو اپنے لئے برا نہ سمجھو بلکہ وہ تمہارے لئے بہت اچھا تھا (کیونکہ اس کی وجہ سے ایک پرحکمت تعلیم تم کو مل گئی) ان میں سے ہر شخص کو اس نے جتنا گناہ کیا تھا اس کی سزا مل جائے گی اور جو شخص اس گناہ کے بڑے حصے کا ذمہ وار تھا اس کو بہت بڑا عذاب ملے گا۔