۲۴۔ سورۃ النور
تفسیر صغیر, حصہ 2
جب تم نے یہ بات سنی تھی تو کیوں نہ مومن مردوں اور مومن عورتوں نے اپنی قوم کے متعلق نیک گمان کیا اور یہ کہہ دیا کہ یہ تو ایک بہت بڑا جھوٹ ہے۔
اور کیوں نہ وہ لوگ (جنہوں نے یہ جھوٹ پھیلایا تھا) اس پر چار گواہ لائے پس جبکہ وہ گواہ نہیں لائے تو اللہ کے فیصلہ کے مطابق وہ جھوٹے ہیں۔
اور اگر اللہ کا فضل اور رحمت تم پر دنیا اور آخرت میں نہ ہوتے تو تم کو اس کام (کی وجہ) سے جس میں تم پڑ گئے تھے بہت بڑا عذاب پہنچتا۔
(اس وجہ سے کہ) تم اس (بات) کو ایک دوسرے سے لیکر زبان در زبان اچھالتے چلے گئے اور اپنے مونہوں سے وہ بات کہنے لگ گئے جس کا تم کو کوئی علم نہیں تھا (خدا تم پر ناراض ہوا) اور تم اس بات کو معمولی سمجھتے تھے حالانکہ وہ اللہ کے نزدیک بہت بڑی تھی۔
اور کیوں نہ ہوا کہ جب تم نے اس بات کو سنا تھا تو فوراً کہہ دیا کہ یہ ہمارا کام نہیں کہ ہم اس بات کو آگے دہرائیں، اے خدا تو پاک ہے یہ بہت بڑا بہتان ہے۔
اللہ تم کو اس قسم کی بات کے دوبارہ کرنے سے ہمیشہ کے لئے روکتا ہے، اگر تم مومن ہو۔
اور اللہ تمہارے لئے اپنے احکام بیان کرتا ہے اور اللہ بہت جاننے والا (اور) حکمت والا ہے۔
یقیناً جو لوگ چاہتے ہیں کہ مومنوں[1] میں بدی پھیل جائے ان کے لئے بڑا دردناک عذاب ہے دنیا میں بھی اور آخرت میں بھی اور اللہ جانتا ہے اور تم نہیں جانتے۔
[1] یعنی بلا تحقیق فحشاء کے الزام لگانے اور ان کو پھیلانے سے قوم میں فحشاء کی عظمت کم ہو جاتی ہے اور لوگ فحشاء پر جرأت کرنے لگ جاتے ہیں۔
اور اگر اللہ کا فضل اور رحم تم پر نہ ہوتا اور اگر اللہ بہت مہربان (اور) باربار رحم کرنے والا نہ ہوتا (تو تم دکھ میں پڑ جاتے)۔
اے مومنو! شیطان کے قدموں پر مت چلو۔ اور جو کوئی شیطان کے قدموں پر چلتا ہے تو وہ جان لے کہ شیطان بدیوں اور ناپسندیدہ باتوں کا حکم دیتا ہے اور اگر اللہ کا فضل اور رحم تم پر نہ ہوتا تو کبھی بھی تم میں سے کوئی پاکباز نہ ہوتا۔ لیکن اللہ جس کو چاہتا ہے پاکباز بنا دیتا ہے اور اللہ بہت دعائیں سننے والا بہت جاننے والا ہے۔
اور تم میں سے (دین و دنیا میں) فضیلت رکھنے والے اور کشائش رکھنے والے لوگ قسم نہ کھائیں کہ اپنے رشتہ داروں اور مسکینوں اور اللہ کے راستہ میں ہجرت کرنے والوں کی مدد نہ کریں گے اور چاہیئے کہ وہ عفو سے کام لیں اور درگذر کریں کیا تم نہیں چاہتے کہ اللہ تمہارے قصور معاف کرے۔ اور اللہ بہت معاف کرنے والا (اور) باربار رحم کرنے والا ہے۔
وہ لوگ جو کہ پاک دامن عورتوں پر الزام لگاتے ہیں۔ جو (شریروں کی شرارت سے) غافل ہیں اور ایمان دار ہیں ان پر دنیا اور آخرت میں لعنت کی جائے گی اور ان کے لئے بڑا عذاب ہوگا۔