۲۴۔ سورۃ النور

تفسیر صغیر, حصہ 6

اور وہ عورتیں[1] جو کہ بڑھیا ہو گئی ہیں اور نکاح کے قابل نہیں[2]۔ ان پر کوئی گناہ نہیں ہے کہ اپنے کپڑے اتار کر رکھ دیں اس طرح کہ زینت کو ظاہر نہ کیا کریں۔ اور ان کا بچے رہنا ان کے لئے بہتر ہوگا اور اللہ بہت سننے والا (اور) جاننے والا ہے۔

[1] یعنی بڑھیا عورتوں پر پردہ لازمی نہیں لیکن اگر باہر پھرنے کی مجبوری نہ ہو اور وہ اپنی مرضی سے گھر بیٹھی رہیں تو خداتعالیٰ کی نظر میں یہ پسندیدہ ہوگا۔

[2] آیت کے لفظی معنے یہ ہیں کہ ’’نکاح کی امید نہیں رکھتیں‘‘ لیکن ہم نے یہ ترجمہ کیا ہے کہ ’’جو نکاح کے قابل نہیں‘‘ کیونکہ اردو میں یہ محاورہ درست نہیں کہ وہ نکاح کی امید نہیں رکھتیں۔ اس سے مراد یہی ہے کہ وہ ایسی عمر کو پہنچ گئی ہیں کہ وہ خیال بھی نہیں کر سکتیں کہ ان کا دوبارہ نکاح ہوگا۔

نہ اندھوں[1] پر، نہ لنگڑوں پر، نہ مریض پر، نہ تم پر اپنے گھروں سے یا اپنے باپ دادوں کے گھروں سے یا اپنی ماؤں (یا ننھیال) کے گھر سے یا اپنے بھائیوں کے گھر سے یا اپنی بہنوں کے گھر سے یا اپنے چچوں کے گھر سے یا اپنی پھوپھیوں کے گھر سے یا اپنے ماموؤں کے گھر سے یا اپنی خالاؤں کے گھر سے یا جن کے سامان کے انتظام پر تم مقرر ہو، یا اپنے دوستوں کے گھروں سے کوئی چیز لے کر کھا لینے میں کوئی حرج ہے (اسی طرح) تم پر کوئی گناہ نہیں کہ تم سب مل کر کھاؤ یا الگ الگ کھاؤ۔ پس جب گھروں میں داخل ہونے لگو تو اپنے عزیزوں یا دوستوں پر سلام کہہ لیا کرو۔ یہ اللہ کی طرف سے ایک بڑی برکت والی اور پاکیزہ دعا ہے۔ اسی طرح اللہ اپنے احکام تمہیں کھول کر سناتا ہے تا کہ تم عقل سے کام لو۔

[1] یہودی تعلیم کے مطابق اندھے، لنگڑے اور دوسرے جسمانی عیوب والے ناپاک سمجھے جاتے تھے۔ قرآن مجیدنے اس کی غلطی ظاہر کی ہے۔

صرف وہی لوگ مومن کہلانے کے مستحق ہیں جو اللہ اور اس کے رسول پر ایمان لاتے ہیں اور جب کسی قومی کام کے لئے اس (رسول) کے پاس بیٹھے ہوں تو اٹھ کر نہیں جاتے جب تک اس کی اجازت نہ لے لیں۔ وہ لوگ جو کہ اجازت لے کر جاتے ہیں وہی اللہ اور اس کے رسول پر ایمان رکھتے ہیں۔ پس جب وہ اپنے کسی اہم کام کے لئے تجھ سے اجازت لیں تو ان میں سے جن کے متعلق تو چاہے انہیں اجازت دے دے۔ اور اللہ سے ان کے لئے بخشش مانگ۔ اور اللہ یقیناً بہت بخشنے والا (اور) باربار رحم کرنے والا ہے۔

(اے مومنو)! یہ نہ سمجھو کہ رسول کا تم میں سے کسی کو بلانا ایسا ہی ہے جیسا کہ تم میں سے بعض کا بعض کو بلانا۔ اللہ ان لوگوں کو جانتا ہے جو کہ تم میں سے پہلو بچا کر (مشورہ کی مجلس سے) بھاگ جاتے ہیں۔ پس چاہیئے کہ جو اس (رسول) کے حکم کی مخالفت کرتے ہیں اس سے ڈریں کہ ان کو خدا کی طرف سے کوئی آفت نہ پہنچ جائے یا ان کو دردناک عذاب نہ پہنچ جائے۔

سنو، جو کچھ آسمانوں اور زمین میں ہے اللہ کا ہی ہے۔ جس (مقام) پر تم (کھڑے) ہو اس کو بھی اللہ ہی جانتا ہے اور جس دن وہ لوگ اللہ کی طرف لوٹائے جائیں گے تو وہ ان کو ان کے اعمال کے حال بتائے گا اور اللہ ہر ایک چیز کو خوب جانتا ہے۔

آج 10 میں سے 10 باقی