۲۴۔ سورۃ النور
تفسیر صغیر, حصہ 5
اور جب ان کواللہ اور اس کے رسول کی طرف اس لئے بلایا جاتا ہے تا کہ وہ ان کے درمیان فیصلہ کرے تو ان میں سے ایک گروہ اعراض کرنے لگتا ہے۔
اور اگر کوئی بات ان کے حق میں ہو تو وہ فوراً اظہار اطاعت کرتے ہوئے آجاتے ہیں۔
کیا ان کے دلوں میں کوئی بیماری ہے؟ یا وہ شبہ میں پڑے ہوئے ہیں یا وہ ڈرتے ہیں کہ اللہ اور اس کا رسول ان پر ظلم کرے گا۔ ایسا ہرگز نہیں، بلکہ وہ خود ظالم ہیں۔
مومنوں کا جواب جب وہ اللہ اور اس کے رسول کی طرف بلائے جائیں کہ وہ ان کے درمیان فیصلہ کریں یہ ہوا کرتا ہے کہ ہم نے سنا اور ہم نے مان لیا اور وہی لوگ کامیاب ہوا کرتے ہیں۔
اور جو لوگ اللہ اور اس کے رسول کی اطاعت کریں اور اللہ سے ڈریں اور اس کا تقویٰ اختیار کریں وہ بامراد ہو جاتے ہیں۔
اور وہ لوگ اللہ کی پکی قسمیں کھاتے ہیں کہ اگر تو ان کو حکم دے تو وہ فوراً گھروں سے نکل کھڑے ہوں گے۔ کہو قسمیں نہ کھاؤ۔ ہمارا حکم تو تمہیں صرف ایسی اطاعت کا ہے جو عرف عام میں اطاعت سمجھی جاتی ہے اللہ اس سے جو تم کرتے ہو، یقیناً خبردار ہے۔
تو کہہ اللہ کی اطاعت کرو اور اس کے رسول کی اطاعت کرو۔ پس اگر وہ پھر جائیں تو اس (رسول) پر صرف اس کی ذمہ داری ہے جو اس کے ذمہ لگایا گیا ہے اور تم پر اس کی ذمہ واری ہے جو تمہارے ذمہ لگایا گیا ہے اور اگر تم اس کی اطاعت کرو تو ہدایت پا جاؤ گے اور رسول کے ذمہ تو صرف بات کو کھول کر پہنچا دینا ہے۔
اللہ نے تم میں سے ایمان لانے والوں اور مناسب حال عمل کرنے والوں سے وعدہ کیا ہے کہ وہ ان کو زمین میں خلیفہ [1] بنا دے گا۔ جس طرح ان سے پہلے لوگوں کو خلیفہ[2] بنا دیا تھا۔ اور جو دین اس نے ان کے لئے پسند کیا ہے وہ ان کے لئے اُسے مضبوطی سے قائم کر دے گا اور ان کے خوف کی حالت کے بعد وہ ان کے لئے امن کی حالت تبدیل کر دے گا۔ وہ میری عبادت کریں گے (اور) کسی چیز کو میرا شریک نہیں بنائیں گے اور جو لوگ اس کے بعد بھی انکار کریں گے وہ نافرمانوں میں سے قرار دیئے جائیں گے۔
[1] گو لفظ عام ہیں مگر مراد یہ ہے کہ تم میں سے خلیفے بنائے گا۔ یہ عربی زبان کا قاعدہ ہے کہ کبھی عام لفظ ہوتے ہیں اور ایک شخص مراد ہوتا ہے۔ اور کبھی ایک شخص کا ذکر کیا جاتا ہے اور ایک جماعت مراد ہوتی ہے۔ (دیکھیئے فقہ اللغۃ مصنفہ ثعالبی)
[2] پہلے لوگوں میں شخصی خلافت ہوئی۔ جیسے مسیحؑ کے بعد اور موسٰیؑ کے بعد۔ پس اس مثال سے آیت کا مضمون واضح ہو گیا اور یہ بھی واضح ہو گیا کہ یہ خلافت انتخابی ہوگی نہ کہ نسلی، مسیحیوں میں تو نسلی ہو ہی نہ سکتی تھی، کیونکہ ان کے بڑے پادریوں کے لئے شادی حرام ہے اور یہود میں زیادہ تر خلافت الہام سے ہوئی۔ جیسے یوشع موسیٰ علیہ السلام کے خلیفہ ہوئے۔ اسی طرح داؤد علیہ السلام موسیٰ علیہ السلام کے خلیفہ ہوئے اور وہ صاحبِ الہام تھے۔
اور تم سب نمازوں کو قائم کرو اور زکٰوتیں دو، اور اس رسول کی اطاعت کرو تا کہ تم پر رحم کیا جائے۔
(اور اے مخاطب[1]) کبھی خیال نہ کر کہ کفار زمین میں ہمیں اپنی تدبیروں سے عاجز کر دیں گے اور ان کا ٹھکانا تو دوزخ ہے اور وہ بہت برا ٹھکانا ہے۔
[1] اس سے پہلی آیت میں جمع کے صیغے ہیں اور یہاں مفرد کا صیغہ ہے اس سے صاف ظاہر ہے کہ جن افراد سے بنی ہے ان میں سے ہر ایک کا اس جگہ ذکر ہے۔
اے مومنو! چاہیئے کہ وہ لوگ جن کے مالک تمہارے دائیں ہاتھ ہیں اور وہ لوگ جو ابھی بلوغت کو نہیں پہنچے وہ تین وقتوں میں اجازت لے کراندر آیا کریں، صبح کی نماز سے پہلے، اور جب تم دوپہر کے وقت اپنے کپڑے اتارتے ہو، اور عشاء کی نماز کے بعد۔ یہ تین وقت تمہارے پردے کے وقت ہیں، ان وقتوں کے بعد (اندر آنے جانے پر) نہ تم پر کوئی گناہ ہے اور نہ ان پر کوئی گناہ ہے۔ کیونکہ بعض تم میں سے بعض کے پاس اکثر آتے جاتے ہیں۔ اسی طرح اللہ اپنے احکام کھول کر بیان کرتا ہے اور اللہ بہت علم والا (اور) حکمت والا ہے۔
اور جب تمہارے بچے بلوغت کو پہنچ جائیں تو اسی طرح اجازت لیا کریں جس طرح ان سے پہلے (یعنی بڑے) لوگ اجازت لیا کرتے تھے۔ اسی طرح اللہ اپنے احکام تمہارے لئے بیان کرتا ہے اور اللہ بہت جاننے والا (اور) حکمت والا ہے۔