۲۵۔ سورۃ الفرقان

تفسیر صغیر

(مَیں) اللہ کا نام لے کر جو بے حد کرم کرنے والا (اور) باربار رحم کرنے والا ہے (پڑھتا ہوں)۔

وہ ذات بڑی برکت والی ہے جس نے فرقان[1] اپنے بندے پر اتارا ہے، تا کہ وہ سب جہانوں کے لئے ہوشیار کرنے والا بنے۔

[1] یعنی وہ تعلیم جو حق اور باطل میں فرق کر دیتی ہے۔

وہ (ذات) جس کے قبضہ میں آسمانوں اور زمین کی بادشاہت ہے اور جس نے کوئی بیٹا نہیں بنایا اور جس کی بادشاہت میں کوئی شریک نہیں اور جس نے ہر چیز کو پیدا کیا ہے پھر اس کے لئے ایک اندازہ مقرر کیا ہے۔

اور ان لوگوں نے اس (خدا) کے سوا معبود بنا چھوڑے ہیں، جو کچھ (بھی) پیدا نہیں کرتے حالانکہ وہ خود پیدا کیے جاتے ہیں اور جو اپنی ذات کے لئے نہ کسی ضرر پر قادر ہیں نہ نفع پر۔ نہ موت کے مالک ہیں اور نہ زندگی کے اور نہ پھر جی اٹھنے کے۔

اور کافر کہتے ہیں کہ یہ تو صرف ایک جھوٹ ہے جو اس نے بنا لیا ہے۔ اور اس کے بنانے پر ایک اور قوم[2] نے اس کی مدد کی ہے۔ پس ان لوگوں نے (یہ بات کہہ کر) بہت بڑا ظلم کیا ہے اور بہت بڑا جھوٹ بولا ہے۔

[2] اس کا جواب دوسری جگہ قرآن مجید میں آ چکا ہے کہ قرآن مجید جیسی بلکہ اس کی ایک آیت یا سورۃ کے برابر کوئی اور تعلیم لے آؤ۔ اور سب جن و انس کو مدد کے لئے بلالو، پھر بھی ناکام رہوگے۔

اور وہ کہتے ہیں کہ یہ (قرآن) تو پہلوں کی باتیں ہیں جو اس نے (کسی سے) لکھوالی ہیں۔ اور اب وہ صبح شام اس کے سامنے پڑھ کر سنائی جاتی ہیں (تا کہ وہ قرآن اچھی طرح لکھ لے)۔

تو کہہ دے کہ اس (قرآن) کو تو اُس (خدا) نے اتارا ہے جو آسمانوں اور زمین کے رازوں سے واقف ہے، وہ بہت بخشنے والا (اور) باربار رحم کرنے والا ہے۔

اور وہ کہتے ہیں کہ اس رسول کو کیا ہو گیا ہے کہ وہ کھانا بھی کھاتا ہے اور بازاروں میں بھی چلتا پھرتا ہے۔ کیوں نہ اس پر فرشتہ اتارا گیا، جو اس کے ساتھ کھڑا ہو کر لوگوں کو ہوشیار کرتا۔

یا اس پر کوئی خزانہ اتارا جاتا، یا اس کے پاس کوئی باغ ہوتا، جس کے پھل وہ کھاتا، اور ظالم کہتے ہیں کہ تم تو ایک ایسے آدمی کے پیچھے چل رہے ہو جس کو کھانا کھلایا جاتا [1]ہے۔

[1] مَسْحُوْر کے معنے ایسے شخص کے ہیں جس کو کھانا دیا جائے۔ یعنی لوگ اس کو لالچ دینے کے لئے امداد دیں۔

دیکھ! یہ تیرے متعلق کیسی کیسی باتیں بناتے ہیں اور وہ گمراہ ہو چکے ہیں پس ان کو کوئی (صحیح بات کہنے کا) رستہ نہیں ملتا۔

بہت برکت والا ہے وہ خدا جو چاہے تو تیرے لئے (ان کے تجویز کردہ) اس (باغ) سے بہت بہتر باغات[2] پیدا کر دے جن (کے سایہ) میں نہریں بہتی ہوں اور تیرے لئے بڑے بڑے محل تیار کر دے۔

[2] ایسا ہی ہوا۔ قیصر و کسریٰ کے باغات اور محل مسلمانوں کو ملے جو محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے ادنیٰ غلام تھے۔

حق یہ ہے کہ یہ لوگ قیامت کا انکار کر رہے ہیں اور ہم نے اس کے لئے جو قیامت کا منکر ہو بھڑکنے والے عذاب کا انتظام کر چھوڑا ہے۔

آج 10 میں سے 10 باقی